سِرل کے سُورج کے گِرد سات چکر


سال 2017 کے پانچویں مہینے کے 29 ویں دن ہمارے اکلوتے بیٹے سِرل (یوسف) بینجمن نے کائنات کا حصہ بنتے ہی زمین کے ہمراہ سورج کے گرد گردش کا آغاز کر دیا اور یوں امسال 2024 میں مئی کی 29 تاریخ کو اُس نے سورج کے گرد گردش کرتے ہوئے سات چکر مکمل کرلئے ہیں۔ ہمارے لئے یہ ماہ و سال، یہ لمحات اور یہ تجربہ یادگار، بابرکت، پُررونق اور پُر فضل رہے ہیں۔ ہم سِرل کی ساتویں سالگرہ پر سِرل کے لئے ایسے ہی ہزاروں برسوں، انمٹ خوشیوں اور انگنت برکتوں اور کائنات میں موجود ستاروں اور ذروں جتنے فضائل کے لئے دعا گو ہیں۔

سورج کے گرد گردش کے ان سات برسوں کے دوران تمام براعظم، تمام سمندر، آبی حیات، لاکھوں پہاڑی سلسلے، اربوں کھربوں کھیت، شجر، ہریالی بہتے دریا، ندیاں، جھیلیں، موسموں کی رنگینی، ان دیکھی ہوائیں، طوفان، آندھیاں، بل کھاتے آوارہ بادل، بارشیں، چاند ستاروں کی باراتیں، انگنت چرند پرند اور حشرات سمیت زمین کے نیچے کی پانی اور آسمانوں کی وسعتیں اور بلند یاں بھی سِرل کے ہمراہ محوِ سفر رہیں۔

سِرل، یونانی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ”ربی، آقا، یا خُداوند کی طرف سے“ ہیں۔ یونانی زبان میں لفظ سِرل خدا یا یسوع مسیح کا حوالہ دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ مسیحیت کی تاریخ میں سِرل نام کے کئی بڑے دانشور اور جید مبلغ گزرے ہیں جنہیں مسیحیت کے فروغ کی خدمات کے صلہ میں مسیحی حلقوں میں بے پناہ عزت اور شہرت حاصل ہے۔ اِن مبلغین میں چوتھی صدی میں یروشلم کا مقدس سِرل جن کا زمانہِ حیات 313 تا 386 رہا اور اُسی صدی میں یونان کا مقدس سِرل جن کا زمانہِ حیات 375 تا 444 ہے، خاصے مقبول ہیں۔

سِرل کا جنم ماہِ مئی میں ہوا۔ مسیحی ایمانی نقطہ نظر سے مئی کا مہینہ مقدسہ مریم کے نام اور اُن کی عزت و تعظیم سے منسوب ہے۔ تاریخی طور پر اس مہینے کا تعلق دیوی مایا سے جوڑا جاتا ہے جسے یونان میں زرخیزی کی دیوی تصور کیا جاتا تھا۔ ماضی قریب میں اِس دن کو اُس وقت اہمیت اور شہرت مِلی جب 1953 میں ایڈمنڈ ہلیری اور ٹینزنگ نورگے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے پہلے کوہ پیما بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 29 مئی ہی کو انجام دیا۔

علمِ نجوم کی رُو سے 29 مئی کو پیدا ہونے والے افراد بُرج جوزا میں شمار ہوتے ہیں۔ ایسے افراد انگنت خوبیوں اور کمال صلاحیتوں کے مالک اور دوسروں کو بے حد متاثر کرتے ہیں۔ یہ افراد دوسروں کی رائے پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ دلکشی، ذہانت اور کمال حکمت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ قیادت کی خوبیوں سے بھی مالا مال ہوتے ہیں۔ 29 تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد کو بصیرت کے اعلٰی احساس سے نوازا جاتا ہے۔ ان میں سطح سے پرے دیکھنے اور زندگی کی گہری سچائیوں کو سمجھنے کی منفرد صلاحیت ہوتی ہے۔

علمِ اعداد میں نمبر 29 ترقی، نئی شروعات اور تبدیلی سے وابستہ ہے۔ علم الفلکیات کے مطابق 29 تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد مہربان اور نرم دل ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ حساس اور تخیل میں اعلیٰ درجہ رکھتے ہیں۔

سِرل زندگی کے سات سال مکمل کر چکا۔ بائبل مقدس میں 7 کا ہندسہ تکمیل یا کمالیت کی علامت ہے۔ کائنات میں 7 کا ظہور نمایاں ہے۔ قوس قزح میں سات رنگ، ہفتے میں سات دن، دنیا کے سات عجائبات، سات بڑے سمندر اور سات براعظم۔ میڈیکل سائنس میں 7 سال میں بچے کا پہلا دانت گرنا معمول کی بات ہے۔ سِرل کا پہلا دودھ دانت 16 مئی کو گرا، اُس دن سِرل کا ردِعمل دیدنی تھا۔ اِس اہم سنگِ میل کو عبور کرنے پر ہم سِرل کو سات سالوں، سات بہاروں، سات چکروں اور ساتھ ساتھ رہنے کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور آئندہ زندگی کے لئے چند رہنما اصول بھی۔

ہمارے پیارے لاڈلے بیٹے سِرل!

ہم ربِ کائنات کے شکر گزار ہیں کہ اُس نے آپ کو ہماری زندگی بنایا۔ تمام برکات اور تحائف میں آپ سب سے اعلیٰ، افضل اور اول ہیں اسی لئے آپ کی رال چاٹ کر آپ کو خوش آمدید کہا تھا۔

ہم تمام صلاحیتوں کے لئے یسوع مسیح کے شکر گزار ہیں جن کا اُس نے آپ کو مالک بنایا ہے۔ پُرکشش شخصیت، چاند سا مُکھڑا، با کمال نین نقش، نکھری رنگت، جاذبِ نظر قد و قامت، قابلِ قبول جسامت اور غیرمعمولی ذہانت سب کچھ عمدہ تر ہے۔ آپ کی والدہ گلناز کا تجویز کردہ نام ”سِرل“ آج آپ کی پہچان اور ہماری شان ہے۔ اِس عمر میں روانی سے انگلش اور نکھری اُردو بولنا کمال فن ہے۔ پش اور کی تاریخی سرزمین پر آنکھ کھولنے کی نسبت سے آپ کو پنجابی کے ساتھ ساتھ پشتو زبان سے بھی اُنس ہے۔

آپ کی قائدانہ صلاٰحیتوں سے توہم واقف ہی تھے مگر آپ اُتم درجہ کے مقرر بھی ہیں یہ راز ہم پر تب مُنکشف ہوا جب آپ نے جماعت پریپ میں اسکول اسمبلی کی قیادت کر کے اپنی ذہانت اور پُراعتماد ادائیگی سے سب کو ناصرف متاثر کیا بلکہ گرویدہ بنا لیا۔ تعلیم و تربیت، اُچھل کود، لاتعداد کھلونوں کا شوق، کارٹون دیکھتے شوروغُل، گھومنا پھرنا، انگلش گیت گُنگنانا، موسیقی میں دلچسپی، دوست بنانا اور حساس دل آپ کی خوبیوں میں سے چند ایک ہیں۔

ہم نے آپ کو پُکارنے کے لئے کوئی متبادل نام (نِک نیم) نہیں رکھا کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ آپ کو اُسی نام سے پُکارا جائے جس نام سے آپ کی تخلیق ہوئی اور آپ نے بپتسمہ پایا۔

یقین نہیں آ رہا کہ آپ نے زندگی کے سات سال مکمل کرلئے ہیں۔ آپ جان سے جانان بن گئے ہیں۔ آپ کی ننھی ننھی کِلکاریاں، ٹپکتی رالوں بھری مسکراہٹیں، ٹوٹے لفظوں میں اظہار، لڑکھڑاتے قدم اور گول مٹول بانہوں کی پیار بھری جھپیاں ذہین میں اب بھی تازہ ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ سات سال کا سنگِ میل عبور کرنے پر آپ کے سامنے زندگی گزارنے کے چند رہنما اصول رکھے جائیں۔ ہم آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ ان پر عمل کرنا تا کہ زندگی میں کامیابی اور معاشرے کی بہتری میں آپ کا کردار نمایاں ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ:

1) زندگی کی مشکلات اور آزمائشوں کے باوجود اپنے مسیحی ایمان میں قائم رہنا،

2) زندگی کے ہر مرحلہ میں خداوند کا شکر ادا کرنا، ماں باپ کو ہمیشہ اول درجہ دینا، اُن کا خیال رکھنا، قدر کرنا اور بڑھاپے میں اُن کا ساتھ دینا،

3) اپنے اساتذہ جنہوں نے اُنگلی پکڑ کر لکھنا سکھایا، کامیابی کے دروازے کھولے اور حوصلہ بڑھایا، تمام عمراُن کی عزت میں کمی نہیں آنے دینا،

4) اہم خاندانی رشتوں سے کبھی دُوری اختیار نہیں کرنا، دل سے اُن کی قدر کرنا، اُن کی ضرورتوں میں ساتھ دینا اور تمام تر ذمہ داریوں میں خود کو اور ماں باپ کو سرخرُو کرنا۔

5) کبھی رنگ، نسل، مذہب، عقیدے، فرقے، زبان یا علاقائیت کی بنیاد پر کسی سے نفرت یا تعصب نہیں رکھنا،

6) تمام انسانوں سے رحم دلی اور عزت سے پیش آنا۔ خواتین کو احترام دینا اور اُن کے حقوق اور تحفظ کے لئے کردار ادا کرنا،

7) اپنے فیصلوں میں کسی کا بھی خوف یا رعب خاطر میں نہیں لانا۔ اپنی حکمت کی روشنی میں اپنا انتخاب اور فیصلے خود کرنا۔

8) اس کی پروا نہیں کرنا کہ ”لوگ کیا کہیں گے؟“ بلکہ وہ کرنا جس میں آپ کا دل اور دماغ مطمین ہو، صحیح وقت اور صحیح مقام پر ہاں یا ناں کہنے کی جرات رکھنا،

9) کامیابیوں کے حصول کے لئے صبر سے کام لینا مگر محنت جاری رکھنا۔ وقت آنے پر سب کچھ مل جاتا ہے، بس آپ کا یقین پختہ ہونا چاہیے۔ خود کسی کے پیچھے نہیں بھاگنا۔

10 ) کسی کے حق پر قابض نہیں ہونا اور نہ ہی اپنے حق کے لئے آواز اُٹھانے میں دیر کرنا،

11 ) ہم چونکہ کسی کو زندگی دے نہیں سکتے اس لئے زندگی لینے کا بھی حق و اختیار نہیں رکھتے۔ آپ کا واسطہ انسانوں سے ہو یا حیوانات یا نباتات کی بقا کا سوال، آپ صرف زندگی سے پیار کرنا اور زندگی کی وکالت کرنا اور سزائے موت کی حوصلہ شکنی کرنا۔

12 ) ہم اعتراف کرتے اور شرمندہ ہیں کہ ہماری نسل نے اس کائنات کو بہت نقصان پہنچایا ہے مگر آپ کائنات کی تمام حیاتیات اور تخلیقات کو اچھے طریقے سے سنبھالنا اور آئندہ نسلوں کے لئے اسے جینے کے قابل بنانے کی کوشش ضرور کرنا۔

13 ) زندگی میں شکرگزاری کے ساتھ ضرورت مندوں کی پوشیدگی میں مدد کرنا، محتاجوں، ضروت مندوں، بے کسوں غرض سبھی سے عزت سے پیش آنا۔

آپ ہماری زندگی کا مرکز ہیں۔ آپ کے ساتھ سات سال کا ساتھ باکمال اور اِنتہائی یادگار رہا ہے۔ آپ کے آنے سے ہم نے زندگی کا خُوب لطف اُٹھایا اور معنی سمجھے۔ ہم نے آپ سے پیار میں حدوں سے گزر جانے کا تجربہ بھی کیا ہے۔ سدا سلامت رہو، سدا خوش رہو، رنج کا کوئی لمحہ آپ کو چُھو کے بھی نہ گزرے۔ آپ اسی طرح خوشیوں، مسکراہٹوں اور قہقہوں کے ساتھ سورج کے گرد گردش پر گردش کرتے رہو اور بہت سوں کے لئے آسودگی، راحت، روشنی اور بکثرت زندگی کا وسیلہ بنو۔ زندگی بن گئے ہو تم، ہر خوشی بن گئے ہو تم

پیار کے ساتھ آپ کے : بابا جانی اور ماما جانی

Facebook Comments HS