ناریل ( Coconut)

نباتاتی نام: ( Botanical name)
ناریل کا نباتاتی نام ( Cocos nucifera) ہے۔
ناریل دیگر پھلوں سے منفرد ہے۔ کیونکہ اس کے اینڈوسپرم میں واضح مائع کی ایک بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جسے ناریل کے پھل یا رس کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ ناریل کا پانی، دودھ، گودا اور حاصل ہونے والا تیل سبھی کارآمد ہیں۔ اس پھل کا خول سخت ہوتا ہے۔ اس پر بورے رنگ کی بھوسی ہوتی ہے جو سجاوٹ، پودے لگانے اور مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔ ناریل کا پھل تین تہوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ سب سے باہر والی تہہ کو ایکسو کارپ ( Exocorp) جو ہموار اور سبز رنگ کی ہوتی ہے۔
دوسری تہہ کو جو ریشوں اور بھوسی پر مشتمل ہوتی ہے اسے میسو کارپ ( Masocorp ) کہتے ہیں۔ جب کہ اندرونی تہہ کو اینڈو کارپ (Endocorp) کہتے ہیں جو سخت اور بھورے رنگ کی ہوتی ہے۔ ایک ناریل پکنے میں تقریباً 11 سے 12 ماہ لگتے ہیں۔ ناریل کو سب سے پہلے آسٹرو نیشیائی لوگوں نے جزیرہ جنوب مشرقی ایشیا میں پالا تھا۔ اس کے درخت تقریباً 30 میٹر یعنی 100 فٹ تک لمبے ہوتے ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک درخت تقریباً 75 پھل پیدا کرتا ہے۔
اوسطا ایک درخت پر تقریباً 30 سے زائد ناریل لگتے ہیں۔ اس کے پودے سردی برداشت نہیں کر سکتے۔ بلکہ وہ زیادہ بارشوں اور روشنی میں پرورش پاتے ہیں۔ ناریل کی بہت معاشروں میں ثقافتی اور مذہبی اہمیت بھی ہے۔ خاص طور پر مغربی بحر الکاہل کی آسٹرونیشیائی ثقافتوں میں جہاں ان کے افسانوں، گانوں اور زبانی روایات میں نمایاں ہے۔ اسے ہندو مت مذہبی رسومات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ مثلاً شادی اور پوجا کی رسومات میں۔
اقسام : ( Types)
کھجور کی طرح ناریل کی بھی بہت سی اقسام ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ناریل کی تقریباً 100 سے زائد اقسام ہیں۔ تاہم قابل کاشت تقریباً 15 ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ناریل ایک سپر فوڈ ہے۔ جس کا گودا، رس اور تیل سبھی قابل استعمال ہیں۔ اس کی چند اقسام پر روشنی ڈالتے ہیں۔
• ایسٹ کوسٹ ٹیل کوکونٹ :
(East Coast tall Coconut)
یہ قسم سائز میں تقریباً 30 میٹر یعنی 90 فٹ تک لمبی ہوتی ہے۔ اس کی نشوونما کے لیے سورج، روشنی اور پانی لازمی اجزاء ہیں۔ یہ کاشتکاری میں زیادہ قابل اعتبار قسم ہے۔ اس کا پھل عام طور پر بہت سخت ہوتا ہے۔ یہ قسم 6 سے 8 سال بعد پھل پیدا کرتی ہے۔ اس پودے کو تقریباً ہر سال 60 سے 70 ناریل لگتے ہیں۔
• ویسٹ کوسٹ ٹیل کوکونٹ:
( West Coast tall Coconut)
یہ قسم سائز میں تقریباً 33 میٹر یعنی 100 فٹ تک لمبائی میں جاتی ہے۔ اس کے پودوں کو بڑھنے کے لیے مناسب روشنی، زرخیز مٹی اور پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ناریل کی ایسی قسم ہے جو عموماً خشک سالی برداشت کر لیتی ہے۔ ماہرین اس قسم کو سب سے زیادہ لمبی سمجھتے ہیں۔ اس کے پھل میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
• جامائیکن ٹیل کوکونٹ : ( Jamacan tall Coconut)
اس قسم کے درختوں کی لمبائی بھی عموماً 33 میٹر یعنی 100 فٹ تک چلی جاتی ہے۔ انہیں بھی بڑھنے پھولنے کے لیے سورج کی توانائی، زرخیز مٹی اور مناسب پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس نسل کے درخت قد آور ہوتے ہیں۔
یہ دیکھنے میں خوش نما معلوم ہوتے ہیں۔ یہ تیزی سے بڑھتے ہیں۔ عموماً 80 سال تک زندہ رہتے ہیں۔ ان کے اوپر کا حصہ چھتری نما گھنے اور سرسبز و شاداب پتوں کے ساتھ دکھائی دیتا ہے۔ یہ قسم سال میں تقریباً 200 ناریل پیدا کرتی ہے۔
• پانامہ ٹیل کوکونٹ : ( Panama tall Coconut)
اس قسم کے پودے بھی سائز میں تقریباً 30 میٹر یعنی 90 فٹ تک بڑھتے ہیں۔ انہیں پرورش پانے کے لیے مناسب درجہ حرارت، زرخیز مٹی اور پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ قسم اپنی لمبائی اور سختی کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ ہوا کے خلاف مزاحمت پیدا کرتی ہے۔ پانامہ ٹیل ان جگہوں کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے جہاں اکثر طوفان آتے ہیں۔ اس کی شکل جمائیکن ٹیل سے ملتی جلتی ہے۔ اس کے درخت چھتری نما ہوتے ہیں۔
• ٹپٹور ٹیل کوکونٹ : (Tiptur tall Coconut)
اس قسم کا اصلی وطن ہندوستان ہے۔ اس قسم کو بھی پرورش پانے کے لیے سورج کی روشنی، زرخیز مٹی اور مناسب پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ سب سے آسانی سے اگنے والی قسم ہے۔ اسے ایک بار لگانے کے بعد کسی دیکھ بھال کی ضرورت نہیں پڑتی۔ یہ قسم تقریباً ہر سال 70 سے 80 ناریل پیدا کرتی ہے۔ ماہرین نباتات کے مطابق یہ قسم ہر سال قابل اعتماد فصل پیدا کرتی ہے۔
• ڈیورف کوکونٹ پامز: ( Dwarf Coconut palms)
ناریل کی یہ قسم قدوقامت میں چھوٹی ہوتی ہے۔ یہ چھوٹی عمر اور سائز میں پھل پیدا کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اس قسم کے پودے صرف ایک یا دو میٹر یعنی 10 فٹ تک لمبے ہوتے ہیں۔
• کنگ کوکونٹ : (King Coconut)
اس قسم کے پودے سائز میں تقریباً 10 میٹر یعنی 34 فٹ لمبے ہوتے ہیں۔ ان پودوں کو بڑھنے کے لیے مناسب درجہ حرارت، مناسب مٹی اور پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہ سری لنکا میں پیدا ہوتے ہیں۔ یہ سری لنکا اور ہندوستان کی سڑکوں پر قریب سے نظر آتے ہیں۔ ناریل ان ممالک کی خوراک کا اہم حصہ ہیں۔ یہ قسم دیکھنے میں خوش نما چمکدار اور نارنجی رنگ پر مشتمل ہوتی ہے۔ ناریل کی اس قسم میں دیگر اقسام کے علاوہ پانی بھی زیادہ ہوتا ہے۔ کنگ ناریل میں شوگر کی زیادہ مقدار ڈی ہائیڈریشن کے زوال پذیری میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کا پانی پینے سے تر و تازگی کا احساس ملتا ہے۔
• فجی ڈیورف کوکونٹ: ( Fiji Dwarf Coconut)
یہ قسم سائز میں تقریباً 8 میٹر یعنی 25 فٹ تک لمبی ہوتی ہے۔ اس کا اصل وطن فجی ہے۔ 1970 کی دہائی میں فلورائیڈا اور کیروبین میں ناریل کی لمبی کس میں زرد ہونے کی وجہ سے مہلک بیماری کا شکار ہو گئی تھی۔ صرف چند دہائیوں میں اس کی ساری نسل تباہ ہو کر رہ گئی تھی۔
اس لیے متبادل قسم کی اشد ضرورت تھی۔ یہ پودا بھی چھوٹی عمر میں پھل دیتا ہے۔ اس پودے کو زیادہ تر اونچائی میں پھل لگتا ہے۔
• ملیان ییلو ڈیورف کوکونٹ:
( Malayan yellow Dwarf Coconut)
اس نسل کے پودے 20 میٹر یعنی 30 سے 60 فٹ لمبے ہوتے ہیں۔ اس قسم کو بھی حسب معمول سورج کی روشنی، زرخیز مٹی اور مناسب پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ قسم زیادہ تر ملایشیاء میں پائی جاتی ہے۔ یہ بہت پرانی قسم ہے جو تقریباً 1800 کی دہائی کے آخر میں کاشت کی گئی تھی۔ یہ چند سال بعد پھل دینا شروع کر دیتی ہے۔ ملیان کا پھل پوری دنیا میں خاص طور پر تھائی لینڈ، برازیل اور بحرالکاہل کے جزائر میں پائے جاتے ہیں۔
• گولڈن ملیان ڈیورف کوکونٹ:
( Golden Malayan Dwarf Coconut)
یہ قسم بھی ملائشیا میں پائی جاتی ہے۔ عموماً اس قسم کے پودے 10 سے 20 میٹر یعنی 30 سے 60 فٹ لمبے ہوتے ہیں۔
یہ پیلے رنگ کی بجائے نارنجی رنگ کے ناریل پیدا کرتے ہیں۔ یہ سائز میں قدر بڑے ہوتے ہیں۔
• گرین ڈیورف کوکونٹ : (Green Dwarf Coconut)
یہ ناریل کی ایک الگ قسم ہے۔ پچھلی دو اقسام کی طرح اس کا اگانا کافی آسان ہے۔ یہ قسم سبز ناریل پیدا کرتی ہے۔ اس میں پانی کم اور گودا زیادہ ہوتا ہے۔ اس کا پھل دوسری اقسام کی طرح لمبا ہوتا ہے۔ یہ زیادہ تر ملائشیاء میں پیدا ہوتی ہے۔
• میکا پونو کوکونٹ : ( Macapuno Coconut)
میکاپونو ناریل کی ایک نئی قسم ہے جو 1930 کی دہائی میں جینیاتی تبدیلی کی وجہ سے اگائی گئی تھی۔ تبدیلی کی وجہ سے پھل کا اینڈو سپرم غیر معمولی طور پر نشوونما پاتا ہے جس کی وجہ سے ناریل میں پانی نہیں ہوتا۔ اس کا گودا ناقابل یقین حد تک نرم، رس دار اور میٹھا ہوتا ہے۔ یہ نسل زیادہ تر فلپائن میں پیدا ہوتی ہے۔
• چندر کلپا کوکونٹ : (Chandar kalapa Coconut)
اس قسم کا بھی اصلی وطن ہندوستان ہے۔ اس سے نشم و نما کے لیے سورج مٹی اور پانی کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ قسم مٹی کی معمولی قسموں میں بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ یہ بہت مشہور قسم ہے۔ ہر سال سو سے زائد قابل اعتماد ناریل پیدا کرتی ہے۔ اس کے پودے ہر قسم کی مٹی میں بڑھ سکتے ہیں۔ نمی کو آسانی سے برداشت کر لیتے ہیں۔
• چوگاٹ اورنج ڈیورف کوکونٹ :
( Chowght Orange Dwarf Coconut)
یہ قسم تقریباً تین سے چار سال بعد پھل پیدا کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اوسطا 50 سال تک زندہ رہتی ہے۔ یہ بڑے نارنجی ناریل پیدا کرنے کے لیے مشہور ہے۔ یہ قسم اپنے سائز اور ذائقے کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ اس کے درخت 5 میٹر یعنی 16 فٹ تک لمبے ہوتے ہیں۔ یہ زیادہ تر کیرالہ بھارت میں پیدا ہوتے ہیں۔
• میپان کوکونٹ : (Maypan Coconut)
یہ قسم اپنی قدو قامت میں 20 میٹر یعنی 60 فٹ تک لمبی ہوتی ہے۔ ان پودوں کو مناسب نشوونما کے لیے سورج مٹی اور پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ قسم ایک بیماری کے نتیجے میں کاشت کی گئی۔ اس قسم نے بیماری کے خلاف مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔
مجموعی پیداوار : (Gross production)
2022 کے اعداد و شمار کے مطابق ناریل کی سپلائی کا تقریباً 73 فیصد حصہ انڈونیشیا، انڈیا اور فلپائن کے پاس موجود ہے۔ اس کی عالمی پیداوار 62 ملین ٹن ہے۔ مجموعی صورتحال کچھ یوں ہے۔
ملک کا نام / پیداوار ملین ٹن
انڈونیشیا۔ ۔ 17.2
فلپائن۔ 14.9
انڈیا۔ ۔ 13.3
برازیل۔ 2.7
ویت نام۔ 1.9
کل پیداوار :۔ ۔ 62.4
غذائی حقائق : (Nutrition facts)
یو ایس ڈی اے (USDA) کی رپورٹ کے مطابق ناریل میں مندرجہ زیل غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔
• کیلوریز۔ 354
• ٹوٹل فیٹ۔ 33 گرام
• شوگر۔ 6 گرام
• کولیسٹرول۔ 0 ملی گرام
• سوڈیم۔ 20 ملی گرام
• پوٹاشیم۔ 356 ملی گرام
• ٹوٹل کاربوہائیڈریٹس۔ 15 گرام
• ڈائٹری فائبر۔ 9 گرام
• پروٹین۔ 3.3 گرام
• وٹامن سی۔ 5 %
• آئرن۔ 13 %
• وٹامن بی سکس۔ 5 %
• میگنیشیم۔ 8 %
• کیلشیم۔ 1 %
• وٹامن ڈی۔ 0 %
فائٹو کیمیکل کمپاؤنڈ :
( Phytochemical Compounds)
ناریل میں مندرجہ ذیل فائٹو کیمیکل مرکبات پائے جاتے ہیں۔
• Flavonoids
• Saponins
• Tannis
• Phenols
• Steroids
• Alkaloids
• Anthraquinones
• Phytosterols
• Triterpenes
• Leucoanthocyanidins
طبی فوائد : (Medical benefits)
طبی ماہرین کے مطابق ناریل کے مندرجہ ذیل فوائد ہیں۔
• دل کو صحت مند رکھنے کے لیے :
(To keep the heart healthy)
ناریل ایچ ڈی ایل اور ایل ڈی ایل دونوں قسم کے کولیسٹرول کے لیے مفید ہے۔ ایسے افراد جو ہائی بلڈ پریشر کا شکار رہتے ہیں ان کے لیے ناریل کا پانی رحمت ایزدی ہے۔ کیونکہ اس میں پوٹاشیم خاصی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ چونکہ پوٹاشیم دل کی صحت اور بڑھے ہوئے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے۔
• ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے :
( For bone strength)
ناریل کے تقریباً ایک کپ میں 19 گرام کیلشیم پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
جو لوگ روز مرہ زندگی میں کیلشیم کی مقدار نہیں لیتے ان کی ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں۔ وہ وقت سے پہلے بھربھری اور کھوکھلی ہو جاتی ہیں۔ ایسے لوگوں کو عموماً قبل از وقت آسٹیو پراسس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
• بڑھی ہوئی تیزابیت : (Increased acidity)
معدے میں بڑھی ہوئی تیزابیت سے نجات پانے کے لیے ناریل کا پانی نعمت خداوندی ہے۔ اس پانی میں پائی جانے والی الکلائن جسم میں موجود پی ایچ لیول کو متوازن رکھتی ہے۔ اس کے باقاعدہ استعمال سے پی ایچ کم ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ناریل کے پانی میں دیگر خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں جو کئی پاک پیچیدہ مسائل سے نجات دلاتی ہیں۔
• جلدی امراض سے چھٹکارا :
( Get rid of quick diseases)
ناریل جلدی امراض اور خاص طور پر خشکی جیسے مسائل کا تدارک بھی کرتا ہے۔ چونکہ ناریل کا پانی جلد کی دلکشی اور چمک میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ خشکی اور متعلقہ امراض سے چھٹکارا پانے کے لیے ناریل کا پانی ایک بہترین حل ہے۔
• شوگر کے مرض میں : ( In diabetes)
ناریل کے پانی میں یہ خصوصیت بھی پائی جاتی ہے کہ وہ شوگر کے لیول کو متوازن رکھنے میں عام کردار ادا کرتا ہے۔ چونکہ اس کے پانی میں میگنیشیم پایا جاتا ہے جو شوگر کے ٹائپ ٹو مریضوں کے لیے انتہائی مفید ہے۔
• اعصابی کمزوری دور کرنے کے لیے :
( To relieve nervous weakness)
پوٹاشیم ایک ضروری اور اہم منر الیکٹرولائٹ ہے۔ یہ پٹھوں کو صحت مند بناتا ہے۔ انہیں توانائی فراہم کرتا ہے۔ ناریل کے پانی میں چونکہ پوٹاشیم کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ لہذا اسے باقاعدگی کے ساتھ استعمال کرنے سے اعصابی کمزوری دور ہو جاتی ہے۔
• انرجی ڈرنکس کا بہترین متبادل :
( A great alternative to energy drinks)
بہت سے لوگ موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کے لیے سخت ورزش کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں زیادہ انرجی کی ضرورت پڑتی ہے۔ انرجی کی سطح بڑھانے کے لیے لوگ مصنوعی مشروبات کا بکثرت استعمال کرتے ہیں۔ برعکس اگر مصنوعی مشروبات کی جگہ ناریل کا پانی استعمال کر لیا جائے تو زیادہ فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ کیونکہ ناریل کا پانی مذکورہ فوائد کے ساتھ ساتھ جسم میں پانی کی کمی بھی دور کرتا ہے۔ اس لیے مصنوعی انرجی ڈرنکس کی جگہ ناریل کا پانی پینا زیادہ سود مند ہے۔
• ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لیے :
( To control high blood pressure)
ایسے افراد جو ہائی بلڈ پریشر کا شکار رہتے ہیں۔ اگر وہ اپنی روزمرہ زندگی میں ناریل کا پانی بکثرت استعمال کریں تو ان کی نہ صرف خون کی گردش بہتر ہو جائے گی بلکہ ان کا بڑا ہوا بلڈ پریشر بھی نارمل رہے گا۔ کیونکہ نارمل بلڈ پریشر سے دل کی بیماریوں کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
• جسمانی صحت: ( Physical health)
ایک محتاط اندازے کے مطابق ایک سو ملی گرام ناریل کے پانی میں تقریباً چھ ملی گرام میگنیشیم پایا جاتا ہے۔ چونکہ میگنیشیم جسم کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ پروٹین بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اعصابی نظام میں بہتری لاتا ہے۔ بلڈ شوگر کو ریگولیٹ کرتا ہے۔ جب جسم میں میگنیشیم کی کمی ہوتی ہے تو جسم میں کمزوری، تھکاوٹ اور متلی جیسی علامات پیدا ہو جاتی ہیں۔ اگر خدانخواستہ جسم میں میگنیشیم کی مقدار بڑھ بھی جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ آسانی کے ساتھ پیشاب کے ذریعے خارج ہو جاتا ہے۔
• نظام انہضام کی بہتری کے لیے :
( To improve the digestive system)
ناریل کے پانی کو پیٹ کا سکون بخشنے والا مشروب تصور کیا جاتا ہے۔ اسے باقاعدگی سے استعمال کرنے سے کھانا جلد ہضم ہو جاتا ہے۔ قبض جیسے سنگین مسائل سے نجات مل جاتی ہے۔ ناریل کا پانی زیادہ تر ان لوگوں کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے جو کسی بیماری کا شکار ہیں یا وہ کسی بھی قسم کی سرجری کے مراحل سے گزرے ہیں۔ کیونکہ اس میں وٹامنز اور منرل خاصی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
• گردوں سے پتھری کا اخراج :
( Excretion of kidney stones)
گردوں کی پتھری سے چھٹکارا پانی کے لیے ناریل کا پانی بہت مفید مشروب ہے۔ کیونکہ گردوں میں پتھری عموماً اس وقت بنتی ہے جب آکزلیٹ اور کیلشیم اور کئی دوسرے مرکبات مل کر کرسٹل کی شکل اختیار کر لیتے ہیں اور پھر گردوں میں چھوٹے چھوٹے پتھر یا پتھریاں بن جاتی ہیں۔
طبی تحقیق کے مطابق ناریل کا پانی پیشاب کے ذریعے کلورائڈ، پوٹاشیم اور سائٹرایٹ زیادہ مقدار میں خارج کرتا ہے جس کی وجہ سے گردوں میں پتھری بننے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
احتیاطی تدابیر : ( Precautions)
ناریل کا استعمال کرتے وقت مندرجہ ذیل باتوں کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
• اس کے زیادہ استعمال سے ہائی بلڈ پریشر بڑھ سکتا ہے۔ خون میں پوٹاشیم کی مقدار بڑھ سکتی ہے۔ نبض بے قاعدہ ہو سکتی ہے۔
• کچھ لوگوں کو متلی یا قے کی شکایت ہو سکتی ہے۔
• گردوں کے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
• جو لوگ الرجی کا شکار ہیں انہیں ناریل کا پانی پینے سے گریز کرنا چاہیے۔
• ناریل کا زیادہ پانی پینے سے اسہال یا ڈائیریا ہو سکتا ہے۔

