قوم پرست حضرات سے چند باتیں!
بجلی کے ظالمانہ بلوں، ناروا ٹیکسز اور آئی پی پیز کا عوام کا خون چوسنے اور اسے حکمرانوں کی پشت پناہی حاصل ہونے اور اشرافیہ بلکہ بدمعاشیہ کے استحصالی ہتھکنڈوں کے خلاف حافظ نعیم الرحمان کا تاریخی اور موثر دھرنا پنڈی اسلام آباد میں جاری ہے جو درحقیقت پسے ہوئے غریب عوام کے دلوں کی آواز اور ترجمان اور پچیس کروڑ عوام کے امیدوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ بجائے اس کے کہ سیاسی پارٹیاں اور عوامی حقوق کے علمبردار لوگ اس کی حمایت کرلیتے الٹا اپنے اپنے انداز میں اسے ہدف تنقید بنا لیا کرتے ہیں اگرچہ یہ آوازیں محدود ہیں اور عوامی حمایت سے محروم ہیں۔
دھرنا میں حافظ نعیم الرحمن نے اشرافیہ کے ظلم و ستم سے نجات کے لئے استحصالی نظام کے خلاف بڑی جدوجہد کی بات کی اور نسلی و علاقائی حقوق کی بات کر کے عوام کو تقسیم در تقسیم کرنے کی بجائے قومی وحدت اور ہمہ گیر تحریک پر زور دیا تو قوم پرستوں نے اسے دل پہ لے کر اسے قوم پرستی کے خلاف ”سازش“ سے تعبیر کیا اور لنگوٹ کس کر دھرنا ہی کیا اسلامی تحریکات پر چڑھ دوڑے اور ستم یہ کہ اسماعیل ہانیہ شہید رحمہ اللہ کی شہادت اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف بڑی عوامی ردعمل اور ان کے غائبانہ نماز جنازوں میں کثیر تعداد میں شرکت پر سیخ پا ہو چلے اور غصے سے باولے ہو گئے۔
اسی تناظر میں ریکارڈ کی درستگی کے لئے یہ چند گزارشات حاضر خدمت کیں۔
قوم پرستی اور نسل پرستی میں کیا فرق ہے اور قرآن و حدیث میں کہاں اسے اختیار کرنے کا حکم ہے؟
کیا پی ٹی ایم اور عوامی نیشنل پارٹی ایک ہی قوم پرست جماعت ہے اگر یہ ایک نہیں بلکہ ایک آدھا درجن خیبر اور بلوچستان میں اور بھی پختون قوم پرست جماعتیں اور گروہ ہیں تو اسلامی پارٹیوں کو تقسیم کا طعنہ کیوں؟
گیلامن وزیر شہید تو پی ٹی ایم کا ورکر تھا جس کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کا بنیادی اور بڑا اختلاف چلا آ رہا ہے تو انھیں اسماعیل ہانیہ شہید رحمہ اللہ کے مقابلے میں لا کھڑا کرنے کی کیا لاجک؟
اسمعیل ہانیہ رحمہ اللہ کو ایک ظالم، جارح اور قابض غنڈے اسرائیل نے شہید کیا تو کیا آپ حضرات نے اس ظلم کے حوالے سے ایک حرف بولا ہے؟ اگر آپ کو اسلام، مسلم امہ، جہاد اور اسلامی تحریکات سے پرخاش ہے تو اسی معنی میں کہ فلسطینی اور کشمیری ”قومیت“ میں مزاحمت کر کے قابضین کے خلاف کھڑے ہیں تو ”جذبہ قوم پرستی“ میں ان کی حمایت کیوں نہیں؟
کیوبا کا چی گویرا اگر جارحین کے خلاف مزاحمت پر آپ کا ہیرو ہو سکتا ہے تو سید علی گیلانی اور دیگر کشمیری مزاحمت کار اور اسماعیل ہانیہ شہید کیوں ہیروز نہیں کہ مزاحمت کار تو یہ بھی ہیں؟
اسرائیل اور ہندوستان جو مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے اور مسلم سر زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے اس کے ساتھ ہمدردی کا کیا مطلب ہے؟ افغانستان جہاد کو سویت یونین اور امریکہ کی جنگ قرار دینے کے باوجود سویت یونین کی حمایت کیوں اور بعد ازاں اپنے اور پختونوں اور اپنے دوست ملک یعنی سویت یونین کے دشمن ملک امریکہ کی افغانستان پر جارحیت کی حمایت کیوں؟
امریکہ کی افغانستان پر جارحیت اور پختون خواہ اور قبائل میں جنگی کارروائیوں اور ملٹری آپریشن کی مخالفت اور جلسے جلوس نکالنے کے بعد اس کی بھرپور حمایت کی کیا توجیہہ ہے؟
عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی حکومت میں امریکن بلیک واٹر کو پشاور اور گردونواح میں پناہ گاہیں کیوں دی گئیں جس سے پہلے پہل انکار کیا گیا مگر بعد میں آفیشلی اس کے وجود کا اقرار کیا گیا، اس کی کیا وضاحت ہے؟
وکی لیکس کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی درون خانہ پختون علاقوں میں امریکن ڈرون اٹیکس پر امریکہ اور مشرف کی حامی تھی مگر مگرمچھ کے آنسو بہانے کے مصداق عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے اخباری مذمتی بیانات تک محدود تھی، اس کا آفیشلی کوئی جواب اور تردید؟
عوامی نیشنل پارٹی کے راہ نما، سابق وزیراعلی حیدر ہوتی کے والد اور ولی باغ کے خونی رشتہ دار اعظم خان ہوتی اور آگے باچا خان بابا مرحوم کی بہو، ولی خان بابا کی بیوی، اسفندیار ولی خان کی والدہ اور عوامی نیشنل پارٹی کے سابقہ صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان نے جو عوامی نیشنل پارٹی پر امریکی جنگ کی حمایت کے بدلے کروڑوں ڈالر لینے کا الزام لگایا تھا، اس کی کیا تفصیل ہے؟
آخری بات،
اگر قوم پرستی اتنی بے ضرر قسم کی چیز ہے اور اس سے پاکستان کے وجود کو کوئی بھی خطرہ نہیں تو اگر پختونستان، سندھو دیش، گریٹر بلوچستان اور جناح پور جیسی تحاریک کامیاب ہوتی ہیں تو پاکستان کا وجود کہاں باقی بچے گا اور پختونستان کے قیام کے بعد یہاں دیگر اقوام بھی اپنے اپنے حقوق کے لئے قوم پرستی کی تحاریک اٹھاتی ہیں تو آپ کے پختونستان کا کیا بنے گا؟
حضرت،
معاملہ اتنا سیدھا اور سطحی ہرگز بھی نہیں!
ویسے ہم یعنی اسلامسٹ قومیت کے نہیں بلکہ قوم پرستی کے مخالف ہیں ۔


