دانش مندانہ خبریں احمقانہ تبصرے
ہم روزانہ سیاسی و دیگر اہم شخصیات کے بیانات کے حوالے سے خبریں پڑھتے ہیں۔ ان بیانات اور خبروں کے پیچھے ان شخصیات کی دانش مندانہ سوچ کارفرما ہوتی ہے۔ اگر منہ کا ذائقہ بدلنے کے لیے دانش مندانہ بیانات اور خبروں پر احمقانہ تبصرے کیے جائیں تو امید ہے کوئی برا نہیں مانے گا۔ لہٰذا گزشتہ چند دنوں کے دانش مندانہ بیانات اور خبروں پر احمقانہ تبصرے ملاحظہ ہوں۔
خبر: گیس کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری، گھریلو صارفین ریلیف سے محروم۔ تبصرہ: گیس کے گھریلو صارفین کو محروم کے بجائے مرحوم لکھنا چاہیے تھا۔ خبر: پاکستانی پائلٹوں کو طیارہ اڑانے کے لیے میڈیکل لائسنس جاری کرنے والا خود ایک کان سے بہرا نکلا۔ تبصرہ: ٹھیک تو ہے، پاس سے گزرتے ہوئے ہوائی جہاز نے ہارن تو بجانا نہیں ہوتا۔ پھر پائلٹوں کا ٹیسٹ لینے والا سماعت سے محروم بھی ہو تو چلے گا۔ خبر: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ڈینٹل پریکٹس شروع کردی۔ تبصرہ: سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی اب دانت نکالیں گے۔ خبر: جرنیلوں اور بیوروکریٹس نے ملک کا نظام سنبھال لیا ہے، چیف جسٹس۔ تبصرہ: اب ہم بھی سنبھالیں گے۔ خبر: کے پی حکومت نے ڈیری فارم والوں کو دودھ میں 8 فیصد پانی ملانے کی اجازت دی ہے، صوبائی وزیر۔ تبصرہ: آٹھ کے ساتھ صفر دودھ والے خود لگا لیں گے۔ خبر: آئی پی پیز کے معاہدوں میں تمام حکومتیں شامل ہیں، امیر جماعت اسلامی۔ تبصرہ: آئی پی پیز کے معاہدوں میں جماعت اسلامی اس لیے شامل نہیں کہ وہ معاہدوں کے عرصے کے دوران کبھی حکومت میں نہیں رہی ورنہ۔ خبر: اعتراف کرتا ہوں خطے میں مہنگی ترین بجلی دے رہے ہیں، وزیر توانائی۔ تبصرہ: اس کے بعد تو یہی کہا جاسکتا ہے کہ لعنت۔ خبر: پاکستان ریلوے کا 9 ٹرینوں کو پرائیویٹ کرنے کا فیصلہ۔ تبصرہ:حکومت کو ہی پرائیویٹ کیوں نہیں کر دیتے؟ خبر: اپوزیشن کا اجلاس، پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ کرنے پر مجھے اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟ محمود اچکزئی ناراض۔ تبصرہ: روٹھے ہو تم، تم کو کیسے مناؤں پیا؟ خبر: اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر اعظم سواتی نے بانی پی ٹی آئی سے 22 اگست کا جلسہ ملتوی کروایا، علیمہ خان برہم۔ تبصرہ: اساں جان کے میٹ لئی اکھ وے، جھوٹھی موٹھی دا پا لیا ککھ وے۔ خبر: دریائے سندھ میں چلنے والا پاکستان کا واحد بوٹ کلینک چوکیدار کی لاپروائی کی بنیاد پر ڈوب گیا۔ تبصرہ: غریب اور پسماندہ علاقوں میں خدمت کے اِس نایاب کلینک کے ڈوبنے پر ہمیں شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ خبر: جیل ٹرائل کے دوران صحافیوں کو بانی پی ٹی آئی سے گفتگو کی اجازت نہ دیں، اسلام آباد ہائی کورٹ۔ تبصرہ: بہت دیر کی مہرباں آتے آتے۔ خبر: پی ٹی آئی جلسہ، علی امین گنڈاپور کی کارکنوں میں پیسے تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل۔ تبصرہ: توشہ خانہ کے تحائف اپنوں میں تقسیم کرنے سے لے کر اپنوں میں پیسے تقسیم کرنے تک، سلسلہ جاری ہے۔ خبر: کارساز ٹریفک حادثہ، انصاف ہوتا نظر نہ آیا تو بحیثیت گورنر عدالت جاؤں گا، کامران ٹیسوری۔ تبصرہ: فی الحال تو آپ کے گھر جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ خبر: منی لانڈرنگ کیس، مونس الہٰی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم، جائیدادیں بھی ضبط۔ تبصرہ: گزشتہ 77 برس سے ایسے ہتھکنڈے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیے جا رہے ہیں لیکن یہ سب کچھ دکھاوے کی دھمکی اور عارضی ہوتا ہے۔ خبر: لاہور میں 5 نئی تحصیلیں قائم، شہر میں تحصیلوں کی تعداد 10 ہو گئی۔ تحصیلوں کے اعتبار سے لاہور پنجاب کا سب سے بڑا شہر بن گیا۔ تبصرہ: پٹواری آخر پٹواری ہی نکلے۔ خبر: سپین میں سیاحوں کو روکنے کے لیے شہریوں کا انوکھا احتجاج۔ لوگوں نے ساحل کی جانب جانے والی سڑک پر پیدل چلنے والوں کے لیے بنی 3 زیبرا کراسنگ پر چہل قدمی شروع کردی جس کی وجہ سے گاڑیوں کو مجبوراً رکنا پڑا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ تبصرہ: اگر ہمارا ملک ہوتا تو گاڑیوں کی لمبی قطاروں کے بجائے ہسپتال میں زخمیوں اور مرنے والوں کی لمبی قطاریں لگ جاتیں کیونکہ ہمارے ہاں زیبرا کراسنگ پر گاڑیاں روکنا ڈرائیوروں کی شان کے خلاف ہے۔ خبر: سیلز ٹیکس کے خلاف تاجروں کی ملک گیر ہڑتال، کاروبار ٹھپ مارکیٹیں بند۔ تبصرہ: ہڑتال تاجروں نے کی اور ایک دن روزی نہیں کمائی لیکن دیہاڑی جماعت اسلامی نے لگا لی۔ خبر: پی ٹی آئی کی 8 ستمبر کے جلسے کے لیے آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل۔ تبصرہ:پی ٹی آئی کے اندر کی آرگنائزیشن تو ٹوٹ پھوٹ رہی ہے لیکن جلسے کے لیے آرگنائزنگ کمیٹی بنا دی۔ خبر: مغرب آگ سے کھیل رہا ہے، روس کی امریکہ کو تیسری عالمی جنگ کی دھمکی۔ تبصرہ: تیسری عالمی جنگ یا آخری عالمی جنگ؟ خبر: درآمدی کوئلے پر چلنے والے آئی پی پیز کو تھر کوئلے پر منتقلی کے لیے کمیٹی تشکیل۔ تبصرہ: آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی کرنے اور کیپسٹی چارجز ختم کرنے کے بجائے حکومت تھر کوئلے پر منتقلی کی بات کر کے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہی ہے۔ خبر: پنجاب پولیس کے اہلکاروں کا کچے میں آپریشن سے انکار، راستے میں اتر گئے۔ تبصرہ: اہلکاروں نے سوچا ہو گا قبر میں اترنے سے بہتر ہے راستے میں ہی اتر جائیں۔ خبر: میں خود قید ہوں، باقی رہنما بھی ڈر چھوڑیں، باہر نکلیں اور گرفتاریاں دیں، عمران خان۔ تبصرہ: عمران خان کس کو غیرت دلا رہے ہیں؟ کیا یہ معافی مانگنے سے پہلے کی آہ وزاری ہے؟ خبر: عارف علوی کی ناراض پارٹی رہنماؤں سے ملاقات۔ تبصرہ: عارف علوی کو ٹریولنگ الاؤنس اور ڈیلی الاؤنس ملے گا۔ خبر: ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا، تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، کوآرڈینیٹر وزیراعظم رانا احسان افضل۔ تبصرہ: کوآرڈینیٹر وزیراعظم کی بڑھک کا تاجروں پر کیا اثر ہو گا؟ انہیں اپنی پارٹی میں کوئی نہیں جانتا۔ کیا پدی کیا پدی کا شوربہ۔ خبر: 9 مئی واقعات، خیبرپختونخوا حکومت کا انکوائری کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ۔ تبصرہ: اسے کہتے ہیں خربوزوں کی رکھوالی پر گیدڑوں کو مقرر کرنا۔
- دانش مندانہ خبریں احمقانہ تبصرے - 02/09/2024
- انٹرنیٹ کی گدھا چال کے عاشقوں پر اثرات - 25/08/2024
- پاکستان پر دباؤ اور جنرل عاصم منیر کا جواب - 23/08/2024
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).