کرنسی نوٹوں کی تبدیلی


خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان میں زیر گردش کرنسی نوٹوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ان نئے نوٹوں کی ڈیزائننگ میں یورو اور لبنانی پاؤنڈ کی مشابہت محسوس ہو رہی ہے۔ ان نوٹوں کا رنگ اور نقش و نگار یورو اور لبنانی پونڈ سے ملتے جلتے ہیں، جس پر عوامی سطح پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد اس تبدیلی کو مثبت قدم قرار دے رہے ہیں، کیونکہ جدید اور معیاری نوٹ بین الاقوامی سطح پر اعتماد بڑھا سکتے ہیں، جبکہ دیگر اس بات پر تنقید کر رہے ہیں کہ پاکستان کو اپنی انفرادی شناخت برقرار رکھنی چاہیے۔ حکومت کی جانب سے ابھی اس پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، لیکن قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ یہ تبدیلی ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے اقدامات کا حصہ ہو سکتی ہے۔

کرنسی نوٹ کی ظاہری شکل، رنگ اور ڈیزائن اگرچہ اہمیت رکھتے ہیں، لیکن حقیقت میں ان کا حقیقی اثر نوٹ کی قدر پر نہیں ہوتا۔ کسی بھی کرنسی کی اصل اہمیت اس کی عالمی مارکیٹ میں قدر اور افادیت سے جڑی ہوتی ہے۔ پاکستانی روپے کی قدر کا تعین ملک کی معاشی حالت، بیرونی قرضوں، برآمدات و درآمدات کے توازن، اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعلقات پر ہوتا ہے۔ اگر روپے کی عالمی منڈی میں قدر مضبوط ہو تو ملک میں افراط زر قابو میں رہتا ہے اور عوام کی قوت خرید بہتر ہوتی ہے۔ لہٰذا، یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں ہمارے نوٹ کی ویلیو کیا ہے اور عالمی مالیاتی نظام میں اس کی پوزیشن کتنی مستحکم ہے۔

اگر آپ نے اسلام آباد پاکستان سے بیروت لبنان کا فضائی ٹکٹ خریدنا ہے اور آپ کے پاس یورو ہیں تو یہ ٹکٹ تقریباً 500 یورو میں مل جائے گا اسی طرح پاکستانی روپے ہیں تو ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے ادا کرنے ہوں گے اور اگر یہی ٹکٹ لبنانی پونڈ (لیرا) میں خریدنا ہو تو آپ کو تقریباً پانچ کروڑ لبنانی پونڈ دینے ہوں گے ۔

یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کا کرنسی نوٹ ایشیا کے چند ممالک میں قابل تبادلہ ہے، جہاں تجارتی تعلقات اور علاقائی تعاون کی بنیاد پر اس کی کچھ حیثیت موجود ہے۔ تاہم، جب پاکستانی کرنسی کو دیگر براعظموں میں لے جایا جاتا ہے، تو اس کی بین الاقوامی تسلیم شدہ ویلیو نہ ہونے کے سبب اس کی حیثیت محض ایک کاغذ کی رہ جاتی ہے۔

قیامِ پاکستان کے وقت پاکستانی کرنسی کی بنیاد برطانوی انڈین روپیہ تھا، کیونکہ پاکستان کو اپنی ابتدائی کرنسی جاری کرنے میں وقت لگا۔ 1947 میں، پاکستان نے برٹش انڈیا کے نوٹوں پر ”حکومت پاکستان“ کی مہر لگا کر عارضی طور پر استعمال کیا۔ 1948 میں پاکستان نے اپنی پہلی کرنسی جاری کی۔

قیام کے وقت پاکستانی روپے کی قدر ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 3.31 روپے تھی۔ وقت کے ساتھ ساتھ، مختلف معاشی عوامل، جیسے سیاسی عدم استحکام، ناقص معاشی پالیسیاں، اندرونی و بیرونی قرضے، مہنگائی، خانہ جنگی اور دیگر وجوہات کی بنا پر پاکستانی روپے کی قدر میں بتدریج کمی ہوتی گئی۔ اب 2024 میں، پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر بہت زیادہ ہو چکی ہے، اور ایک ڈالر کی قیمت تقریباً 300 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ یہ کمی کئی دہائیوں کے دوران ہونے والے معاشی مسائل اور ناپائیدار حکومتی فیصلوں کا نتیجہ ہے۔

پاکستانی روپے کی بین الاقوامی سطح پر محدود قبولیت کا سبب معاشی عدم استحکام، غیر مستحکم برآمدات اور عالمی منڈی میں روپے کی قدر کا کم ہونا ہے۔ مستقبل میں یہ دیکھنا اہم ہو گا کہ پاکستان کی معیشت کس سمت میں جاتی ہے۔ کیا ہم یورو جیسی مضبوط کرنسی کی طرف پیش رفت کریں گے یا لبنانی پونڈ جیسی کرنسی کی طرف، جو معاشی مشکلات کا شکار ہے؟ یہ تمام تر انحصار پاکستان کی معاشی پالیسیوں، عالمی تجارتی تعلقات اور اقتصادی اصلاحات پر ہو گا، جو ملک کی کرنسی کو عالمی منڈی میں زیادہ مستحکم اور قابل قبول بنا سکیں۔

چند ممالک کے کرنسیوں کی علامات (€، £، ¥، ₩، $) آپ کے ہاتھ میں موجود موبائل کی بورڈ میں ہمیشہ موجود ہوتی ہیں، اور یہ کرنسیاں ان ممالک کی ہیں جو عالمی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یورو (€) : یورپی یونین کی کرنسی، جو دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کرنسیوں میں شامل ہے۔
برطانوی پونڈ (£) : برطانیہ کی کرنسی، جو دنیا کی قدیم ترین کرنسیوں میں سے ایک ہے۔
جاپانی ین (¥) : جاپان کی کرنسی، جو ایشیائی منڈیوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
کورین وون (₩) : جنوبی کوریا کی کرنسی، جس کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
ڈالر ($) : امریکہ کی کرنسی، جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ تسلیم شدہ اور مستعمل کرنسی ہے۔

یہ ممالک دنیا کی معیشت کو مختلف طریقوں سے متاثر کرتے ہیں، جیسے کہ ٹیکنالوجی، مالیاتی منڈیاں، برآمدات، اور بین الاقوامی تجارت۔ یوں سمجھیں کہ عالمی معیشت پر ان کی اجارہ داری ہے۔ اس گورکھ دھندے پر اگلی نشست میں لکھوں گا۔

Facebook Comments HS