حکومت کا تحریک انصاف کو سبق سکھانے کا ارادہ


”صحافت“ کے حوالے سے اگر خود کو ان دنوں کا ”بطل حریت“ ثابت کرنا ہے تو سینہ ٹھوک کر یوٹیوب پر بیٹھ جائیں اور گریبان پھاڑنے کا ڈرامہ رچاتے ہوئے دنیا کو بتائیں کہ پاکستان کی تاریخ میں ”پہلی بار“ پولیس نے ”منتخب نمائندوں“ کو گرفتار کرنے کے لئے پارلیمان کا گھیراؤ کیا۔ جن معزز اراکین پارلیمان کی گرفتاری مقصود تھی انہوں نے اپنا ”آئینی حق“ استعمال کرتے ہوئے گزرے اتوار کے دن اسلام آباد کے نواحی سنگ جانی کے ایک میدان میں جہاں ”مویشی منڈی“ لگائی جاتی ہے ایک جلسے میں شرکت کی تھی۔ مذکورہ جلسے کی اجازت وفاقی حکومت نے بہت کاوشوں کے بعد فراہم کی۔ بالآخر ”مجبور“ اس وجہ سے ہوئی کیونکہ مذہبی انتہا پسندوں کے چند گروہ اگست 2024 ء کے آخری دس دنوں میں ہر صورت اسلام آباد کے ”ریڈ زون“ میں در آنے کا ارادہ باندھے ہوئے تھے۔ ایک حساس ترین اور نہایت جذباتی معاملے کی بابت نظر بظاہر ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے نے انہیں مشتعل بنا دیا تھا۔ مذہب کی بنیاد پر ابھرے جذبات سے خوفزدہ حکومت کو مزید فکر اس وجہ سے بھی لاحق ہو گئی کہ تحریک انصاف بھی اسلام آباد میں 22 اگست کے دن ایک جلسہ کرنا چاہ رہی تھی۔ مقامی انتظامیہ کے لئے جذبات سے مغلوب ہوئے ایک نہیں بلکہ دو گروہوں سے نبردآزما ہونا ممکن نہیں تھا۔ راتوں رات ٹلیاں کھڑکیں۔ ”آزادی صحافت“ کی موجودہ بہار میں پیشہ ور صحافی ہی نہیں بلکہ موبائل فون کا مالک تقریباً ہر شہری خود کو رپورٹر تصور کرتا ہے۔ ہم ابھی تک روایتی یا سوشل میڈیا کی بدولت لیکن یہ جان ہی نہیں پائے ہیں کہ بالآخر ہماری ریاست و حکومت کے کس شخص نے یہ فیصلہ کیا کہ عمران خان کی ”منت سماجت“ کرتے ہوئے انہیں 22 اگست کا جلسہ موخر کرنے کو مائل کیا جائے۔

مجھ جیسے قلم گھسیٹ اپنی بے خبری کا اعتراف کرنے کی جرات سے قطعاً محروم ہیں۔ فقط یہ جان کر ”تجزیہ نگاری“ میں مصروف ہو جاتے ہیں کہ 22 اگست کے جلسے کے انعقاد سے چند ہی گھنٹے قبل اڈیالہ جیل راولپنڈی کا پھاٹک کھل گیا۔ تحریک انصاف کے ایک اہم رہ نما جو عمران حکومت کی برطرفی کے چند ہفتے بعد حکومتی عتاب کی زد میں آ کر ملک میں ”حقیقی آزادی“ کے طلب گاروں کے لئے مشعلِ راہ بنے تھے اپنے قائد سے ملاقات کے لئے جیل میں داخل ہوئے۔ عمومی حالات میں وطن عزیز کی جیلوں میں مقید عام قیدیوں کے ملاقاتی ان سے دن کے دس بجے سے قبل ملاقات نہیں کر سکتے۔ قیدی نمبر 804 مگر ”عام قیدی“ نہیں۔ کرشمہ ساز ہیں۔ ان کے مداحین عقیدت میں ان کے لئے ”نک دا کوکا“ جیسے نغمے تشکیل دیتے ہیں۔ بہرحال ان سے ملاقات کے لئے صبح کے سات بجے جیل کا پھاٹک کھل گیا۔ سواتی صاحب کو ان کے رہ نما نے جلسہ ملتوی کرنے کی ہدایت دی۔ جیل سے نکل کر سواتی صاحب نے ان کا پیغام لوگوں تک پہنچا دیا تو مقامی انتظامیہ نے فی الفور تحریک انصاف کو ستمبر 8 کی شب سنگ جانی میں جلسے کی اجازت فراہم کردی۔ اس کے انعقاد کے لئے اگرچہ تحریک انصاف کو ایک معاہدے پر دستخط کرنا پڑے۔ اس معاہدے میں ”ہدایت نامہ خاوند“ کی طرح مذکورہ جلسے کے منتظمین کے لئے 41 شرائط پر عمل پیرائی کو یقینی بنانا تھا۔ ذات کا رپورٹر ہوتے ہوئے میں نے ان شرائط کو تین سے زیادہ مرتبہ نہایت توجہ سے پڑھا۔ ملکی سیاست و ثقافت کا دیرینہ شاہد ہوتے ہوئے مجھے ان پر عمل پیرائی ناممکن دکھائی دی۔ ہم مگر مفروضوں پر ایمان رکھنے والی سادہ لوح قوم ہیں۔ معاہدوں پر عملدرآمد کی ویسے بھی ہمیں عادت نہیں۔ ”داؤ“ اور ”جگاڑ“ لگانا ہمارے ہاں قابل رشک ہنر شمار ہوتا ہے اور عوامی اجتماعات کے انعقاد کے حوالے سے تحریک انصاف ”جگاڑ“ لگانے کے ضمن میں اپنا کمال 2011 ء سے ایک مرتبہ نہیں بلکہ سینکڑوں بار ثابت کرچکی ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ اور اس کے ”صاحبان“ کو البتہ کامل یقین رہا کہ ستمبر 8 کے روز تحریک انصاف جی حضوری کا چلن اختیار کرے گی۔

7 ستمبر کی شام مگر انتظامیہ ”ہوش“ میں لوٹتی نظر آئی۔ شاید خفیہ اداروں کی بھیجی رپورٹوں کی بنیاد پر اس نے طے کر لیا کہ سنگ جانی میں اجتماع کے بعد تحریک انصاف کے رہ نما وہاں موجود کارکنوں کو اسلام آباد پر دھاوا بولنے کو اْکسائیں گے۔ رات ساڑھے گیارہ بجے کے بعد ”اچانک“ اسلام آباد میں داخلے کے تقریباً 29 مقامات پر کنٹینر لگا دیے گئے۔ 8 ستمبر کی صبح ہوئی تو اتوار کی صبح عموماً پائے کھانے کا عادی یہ قلم گھسیٹ اسلام آباد کے F۔ 8 سیکٹر سے ڈرائیور کے ہمراہ اپنی پسندیدہ دکانوں کی جانب رواں ہوا تو محسوس ہوا کہ جس شہر میں 1975 ء سے مقیم ہوں وہ کسی ممکنہ ”یلغار“ سے گھبرایا ہوا ہے۔ راستوں کی بندش نے شہر کو دہشت سے سمٹا ہوا دکھایا۔ اتوار کے ناشتے کی لذت محسوس ہی نہ کر پایا۔ اکتا کر اپنے کمرے میں محصور ہو گیا۔ ملکی سیاست کا دیرینہ شاہد ہوتے ہوئے مگر یہ طے کر لیا کہ اسلام آباد میں داخل ہونے کے راستے بند کرتے ہوئے انتظامیہ نے تحریک انصاف کے جلسے کو ”کامیاب“ کروا دیا ہے۔

شام میں جلسہ ہوا تو اس کے آغاز سے قبل سرکاری ترجمان وہاں موجود افراد کی تعداد کو کیمروں کے مختلف زاویوں سے دکھا کر طنز کا نشانہ بناتے رہے۔ یہ حقیقت یاد نہ رکھی کہ پانچ کروڑ کی آبادی کو چھونے کے قریب پہنچا ہمارا ایک صوبہ خیبرپختونخوا ہے۔ اس کے پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ حتیٰ کہ سوات ایسے شہر بھی اب بنیادی طور پر نواز شریف کے دور ہی میں بنائی سڑکوں کے سبب اسلام آباد سے فقط دو یا تین گھنٹے کے فاصلے پر ہیں۔ راستوں سے رکاوٹیں ہٹاتی کرینوں کے ہمراہ خیبرپختونخوا کا منتخب وزیر اعلیٰ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ایک قافلے کی قیادت کرتا ہوا اسلام آباد پہنچنا چاہے تو اسے روکنا وفاقی اور پنجاب پولیس اور مقامی انتظامیہ کے بس میں نہیں۔

نواز شریف کی تیسری حکومت کے دوران بھی وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ موصوف ان دنوں کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ایچی سن کالج لاہور میں طالب علمی کے دوران قریب ترین دوست ہوا کرتے تھے۔ چودھری نثار نے مگر پرویز خٹک کی قیادت میں آئے قافلے کو آنسو گیس کی بھرمار سے روکنے کی کوشش کی۔ بالآخر ناکام رہے۔

اس دور کے واقعات یاد کریں تو پنجاب اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو علی امین گنڈاپور کا شکرگزار ہونا چاہیے تھا کہ انہوں نے سنگ جانی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ”باغیانہ“ لب و لہجہ اور الفاظ تو استعمال کیے مگر اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے گریز کیا۔ وفاقی حکومت مگر اب خفا ہو چکی ہے۔ تحریک انصاف کو سبق سکھانے کا ارادہ باندھ لیا ہے۔ یہ کالم ختم ہونے تک علی امین گنڈاپور بھی رات سے ”مسنگ“ بتائے جا رہے تھے۔ اب مگر ”بازیاب“ ہوچکے ہیں۔ مجھ سے توقع باندھی جا رہی ہے کہ میں ایک ”منتخب“ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہوئے سلوک کی ڈٹ کر مذمت کروں۔ یہ کرنے کی جرات سے محروم ہوں تو ”آزاد صحافی“ ہونے کا دعویٰ نہ کروں۔ وطن عزیز میں لیکن ”آزاد صحافی“ کثیر تعداد میں ہمیشہ موجود رہے ہیں۔ 1950 ء سے اب تک کسی ایک ”منتخب“ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کی تذلیل وہ روک نہ پائے۔ ایک وزیر اعظم۔ ذوالفقار علی بھٹو۔ کی حکومت الٹا کر بعد ازاں اسے پھانسی پر بھی لٹکا دیا گیا تھا۔ ”آزاد صحافی“ اسے بھی روک نہیں پائے تھے۔ میں کس کھیت کی مولی ہوں۔

Facebook Comments HS