آئینی ترمیم اور آج کا پاکستان
آج کا پاکستان ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں آئینی ترامیم کا معاملہ ہماری سیاست، معاشرت اور ریاستی ڈھانچے کے استحکام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ آئین کسی بھی ملک کا بنیادی قانون ہوتا ہے، جو نہ صرف حکومتی ڈھانچے کی تشکیل کرتا ہے بلکہ عوام کے حقوق اور ریاستی فرائض کا تعین بھی کرتا ہے۔ پاکستان میں 1973 کا آئین ہماری سیاسی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن وقتاً فوقتاً اس میں کی جانے والی ترامیم ہمیشہ متنازع رہی ہیں۔
آئین میں ترامیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ وقت کے ساتھ، نئی ضروریات اور چیلنجز سامنے آتے ہیں، جن کا سامنا کرنے کے لیے آئین میں تبدیلیاں ناگزیر ہوتی ہیں۔ لیکن پاکستان میں آئینی ترامیم کا عمل اکثر متنازع رہا ہے۔ 1973 کے آئین کو بار بار ترمیم کا شکار بنایا گیا، اور ان ترامیم کا مقصد کئی مرتبہ جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے بجائے ذاتی مفادات اور سیاسی قوتوں کو تقویت دینا نظر آیا۔
آج، میں اس بات پر روشنی ڈالنا چاہوں گا کہ پاکستان میں آئینی ترامیم کا عمل کس طرح عوامی مفاد کے بجائے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا ہے، اور یہ کیسے ہماری ریاستی اداروں کے درمیان تناؤ اور عدم توازن کا باعث بنا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آئینی ترامیم کا عمل ہمیشہ سیاسی اور غیر سیاسی قوتوں کے درمیان کشمکش کا شکار رہا ہے۔ 1973 کا آئین ملک کے مختلف طبقات اور صوبوں کے مابین اتفاق رائے کا نتیجہ تھا، لیکن اس کے بعد کی ترامیم، خاص طور پر آمرانہ ادوار میں کی جانے والی ترامیم، نے آئین کی روح کو مجروح کیا۔ مثال کے طور پر جنرل ضیاء الحق کی 8 ویں ترمیم اور جنرل پرویز مشرف کی 17 ویں ترمیم کی مثالیں لے لیجیے۔ ان ترامیم نے صدور کو غیر معمولی اختیارات دیے، جس سے جمہوریت کی جڑیں کمزور ہوئیں۔ ان ترامیم کے ذریعے صدر کو پارلیمان کو تحلیل کرنے کا اختیار دیا گیا، جو جمہوری تسلسل کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ دوسرا آئینی ترامیم کا ایک بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ یہ اکثر جمہوری اداروں کی کمزوری کا باعث بنتی ہیں۔ جب بھی کوئی سیاسی جماعت یا طاقتور شخصیت اقتدار میں آتی ہے، وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے آئینی ترامیم کا سہارا لیتی ہے۔ جیسا کہ آج کے موجودہ حالات میں پاکستان میں چلتی اس جنگ سے ہو رہا ہے۔ اس سے نہ صرف جمہوری ادارے کمزور ہو رہے ہیں، بلکہ ریاست کے مختلف ستونوں، جیسے عدلیہ اور مقننہ، کے درمیان توازن بھی بگڑتا جا رہا ہے۔ کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ آئینی ترامیم کا عمل اکثر فوری سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ ترمیمات بجائے اس کے کہ عوامی مفاد میں ہوں، مخصوص سیاسی جماعتوں اور افراد کے مفادات کے تحفظ کے لیے کی جاتی ہیں۔ اس سے آئین کا تقدس متاثر ہوتا ہے اور عوام کا آئینی نظام پر اعتماد کم ہوتا ہے۔
اٹھارویں آئینی ترمیم کو ایک اہم پیش رفت سمجھا جاتا ہے جس نے صوبوں کو خودمختاری دی اور وسائل کی تقسیم میں انصاف کا پہلو نمایاں کیا۔ یہ ترمیم اس لحاظ سے بھی اہم تھی کہ اس نے وفاقی حکومت کے اختیارات کو محدود کیا اور صوبائی حکومتوں کو زیادہ خودمختاری دی۔ لیکن اس کے باوجود، آج بھی بعض حلقے اس ترمیم کو واپس لینے یا اس میں تبدیلیاں کرنے کی بات کرتے ہیں۔ جیسا کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں اٹھارویں ترمیم کو چیلنج کرنا دراصل پاکستان کی وفاقی اکائیوں کو کمزور کرنے کی کوشش کے مترادف سمجھا گیا یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین مسٹر بلاول بھٹو زرداری نے اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر یہ کہا کہ اگر کسی کو اس ترمیم میں تبدیلی کرنی ہے تو پہلے اسے ہماری لاشوں سے گزرنا ہو گا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس ترمیم کو ختم کرنا ایک متحد پاکستان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس ترمیم کو کمزور کرنے سے صوبوں کے حقوق اور ان کی خودمختاری کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جو کہ ہمارے وفاقی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ہو گا۔
آئینی ترامیم کے دوران عوامی حقوق اور آزادیوں کا تحفظ بھی ایک بڑا سوال ہے۔ کئی مرتبہ ترامیم کے ذریعے ان حقوق کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی۔ مثلاً، میڈیا کی آزادی پر قدغنیں، عدلیہ کی خودمختاری میں مداخلت، اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ میں کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ اس طرح کی ترامیم سے عوام کے حقوق سلب ہو جاتے ہیں اور ملک میں جمہوری نظام کمزور ہو جاتا ہے۔
پاکستان میں آئینی ترامیم کا عمل عدلیہ کی خودمختاری کے حوالے سے بھی ایک حساس موضوع بن چکا ہے۔ عدالتیں اکثر آئینی ترامیم کو غیر قانونی قرار دینے کا اختیار رکھتی ہیں، لیکن بعض اوقات یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ عدلیہ اور مقننہ کے درمیان تصادم کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے کیونکہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ آئینی ترامیم کا عدلیہ کے کام میں مداخلت کرنا، ججوں کی تقرری کے عمل میں تبدیلیاں لانا، یا ان کے اختیارات کو محدود کرنے کی کوششیں عوامی حقوق کے تحفظ میں رکاوٹ ڈال سکتی ہیں۔ یہ صورتحال عدلیہ کی غیر جانبداری کو متاثر کرتی ہے اور عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد کم کر دیتی ہے۔
آج کے پاکستان میں آئینی ترامیم کا عمل کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ سیاسی جماعتیں اور طاقتور حلقے آئین کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے آئین کی روح کو نقصان پہنچتا ہے۔ عدلیہ، فوج، اور مقننہ کے درمیان اختیارات کی کھینچا تانی آئین کے استحکام کو متاثر کر رہی ہے۔ آئینی ترامیم کے عمل میں شفافیت اور عوامی شرکت کی کمی نے اسے ایک مشکوک عمل بنا دیا ہے۔ ترمیم کا مقصد ملک کی ترقی اور عوامی حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، نہ کہ ذاتی اور سیاسی مفادات کا حصول۔ پاکستان کو آج آئین کی بالادستی، عدلیہ کی خودمختاری، اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کی ضرورت ہے۔ آئینی ترامیم کے دوران ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ آئین ایک مقدس دستاویز ہے جو عوام کے حقوق اور ریاستی ڈھانچے کا تحفظ کرتی ہے۔ اگر آئینی ترامیم کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا گیا تو نہ صرف ہماری جمہوریت بلکہ ہمارا مستقبل بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
