کیا آپ کے پاس کاروبار بڑھانے کا درست منصوبہ ہے یا محض خواب؟


sajid mehmood chohan

پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کا جائزہ لیں تو یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ چھوٹے کاروباروں کے لیے چیلنجز بڑھتے جا رہے ہیں۔ ڈالر کی بڑھتی قیمت، ملٹی نیشنل کمپنیوں کا بڑھتا ہوا تسلط، اور متوسط طبقے کی نچلے درجے میں منتقلی جیسے مسائل ہر کاروباری کو درپیش ہیں۔ ان حالات میں کاروبار کو بڑھانا ایک طرف کاروبار چلانا ایک مشکل کام بن چکا ہے۔ لیکن، جیسا کہ اکثر کہا جاتا ہے :

”کامیابی صرف انہی کو ملتی ہے جو مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ہمت رکھتے ہیں۔“ یہ قول ہمیں ایک اہم سبق دیتا ہے : چیلنجز اور مسائل آپ کو روکنے کے لیے نہیں آتے، بلکہ یہ آپ کی ترقی کا حصہ ہوتے ہیں۔

آج کل اکثر کاروباری افراد کی زبانی سننے کو ملتا ہے کہ ”مارکیٹ میں کام نہیں ہے“ ، یا ”گاہک نہیں مل رہے۔“ لیکن اگر ہم غور کریں تو یہ مسئلہ صرف ایک وہم سے زیادہ کچھ نہیں۔ حقائق کچھ اور کہانی بیان کرتے ہیں۔ ہر روز اخبارات میں نئی ملازمتوں کے اشتہارات شائع ہوتے ہیں، LinkedIn اور Rozee جیسے پلیٹ فارمز پر روزانہ نئی ملازمتیں آتی ہیں۔ اسی طرح، نئے مکانوں کی تعمیر ہو رہی ہے، جس کا مطلب ہے کہ لوگ خرچ کر رہے ہیں، اور وہ پیسہ کما بھی رہے ہیں۔ تو سوال یہ ہے کہ کیا واقعی مارکیٹ مردہ ہے؟ اگر آپ ان علامات پر غور کریں تو یہ واضح ہے کہ کام ہو رہا ہے، تجارت چل رہی ہے، لوگ خرید و فروخت میں مصروف ہیں۔ اصل مسئلہ شاید مارکیٹ کا نہیں، بلکہ کاروباری حکمت عملی کا ہے۔

ہمیشہ یاد رکھیں کہ مواقع ہر وقت موجود ہوتے ہیں، بس انہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بڑے کاروباری افراد اگر میڈیا پر بھاری بھرکم اشتہارات دے کر اپنا کام چلاتے ہیں، تو چھوٹے کاروباری افراد کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ارد گرد کے لوگوں کو اپنی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے۔

ایک پرانے قصائی امیر محمد کی کہانی اس حوالے سے ایک بہترین مثال ہے۔ وہ ہر جمعہ بڑے جانور کی قربانی کرتا تھا، لیکن قربانی کرنے سے پہلے وہ اپنے عزیزوں اور دوستوں کو مطلع کرتا کہ جلدی آئیں تاکہ گوشت نہ ختم ہو جائے۔ آج کے دور میں ہم اس عمل کو پر اسپیکٹنگ اور پری سیلز کہتے ہیں۔ یعنی اپنے کاروبار کو شروع کرنے سے پہلے لوگوں کو آگاہ کریں، انہیں اپنی پروڈکٹس کی خوبیاں بتائیں اور انہیں خریدنے پر مائل کریں۔ ایک عرصہ امیر محمد نے یہ کام کیا ایک وقت آیا کہ لوگوں کو جب بھی گوشت لینا ہوتا وہ امیر محمد کو کہہ دیتے کہ اُن کا بھی حصہ رکھ لے جمعہ والے دن وہ آ کر لے جائیں گے۔ امر محمد کا کام اتنا بڑھ گیا کہ اس نے جمعہ کے علاوہ پیر والے دن کو بھی اسی ترتیب سے جانور کرنے شروع کر دیے اس کا معمول یہی رہا کہ وہ پیر اور جمعہ کے علاوہ ہفتہ میں پانچ دن چلتے پھرتے لوگوں کو آگاہ کرتا رہتا۔

آج کی دنیا میں، سوشل میڈیا جیسے ٹولز کے ذریعے پر اسپیکٹنگ نہایت آسان ہو چکی ہے۔ آپ کو بس اپنی مصنوعات کو درست طریقے سے مارکیٹ کرنا ہے، اور اپنے قریبی لوگوں کو ان کی افادیت سے آگاہ کرنا ہے۔

پاکستان میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کا اثر بڑھتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن یہ چیلنجز ہی دراصل آپ کو نیا سوچنے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ آپ کو اپنی برانڈنگ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے جدید طریقے اپنانا ہوں گے تاکہ آپ بڑی کمپنیوں کا مقابلہ کر سکیں۔ آپ کو اپنی پروڈکٹ کی منفرد خصوصیات اور قیمت کا بہتر استعمال کرنا ہو گا تاکہ آپ کا کاروبار نمایاں ہو سکے۔

کوئی بھی کاروبار مشکلات کے بغیر نہیں ہوتا۔ ملکی معیشت، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت، ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اجارہ داری، اور کرپشن جیسے مسائل کا سامنا ہر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اصل کامیاب وہی ہوتے ہیں جو ان چیلنجز کو قبول کرتے ہیں، اور ان حالات میں بھی آگے بڑھتے ہیں۔ آپ کو محنت اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے کاروبار کو آگے بڑھانا ہو گا۔ جیسا کہ کہتے ہیں "کامیابی ان لوگوں کو ملتی ہے جو مشکل حالات میں بھی اپنا راستہ بناتے ہیں۔“

یہ آپ کی ذہانت، ہمت اور مستقل محنت ہے جو آپ کو ایک کامیاب کاروباری بناتی ہے۔ آج کے چیلنجز کل کے مواقع میں تبدیل ہو سکتے ہیں، اگر آپ ان کا صحیح طور پر سامنا کریں اور نئی حکمت عملیوں کو اپنائیں۔ ملکی حالات کیسے بھی ہوں، آپ کے کاروبار کی کامیابی کا انحصار آپ کی محنت، دانشمندی اور اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے پر ہے۔ ہر دن آپ کو نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن ان کا سامنا کرتے ہوئے آپ کو آگے بڑھنا ہے۔ کامیاب کاروبار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ نہ صرف حالات کو سمجھیں، بلکہ ان سے بہتر حکمت عملی بنائیں، مواقع تلاش کریں اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔

Facebook Comments HS