گارڈ کی خوش اخلاقی سے سیلز کی کامیابی تک کا سفر


sajid mehmood chohan

کاروباری دنیا میں سیلز کا عمل صرف پروڈکٹ کی قیمت اور معیار پر منحصر نہیں ہوتا بلکہ یہ پورا تجربہ گاہک کے ساتھ کیے جانے والے رویے سے شروع ہوتا ہے۔ جیسے ہی کوئی گاہک دُکان میں قدم رکھتا ہے، اس کے لیے پہلا تاثر نہایت اہم ہوتا ہے، اور یہ تاثر بنانے میں ایک گارڈ کا کردار بنیادی ہوتا ہے۔

گارڈ کا کردار عمومی طور پر سیکیورٹی فراہم کرنے تک محدود سمجھا جاتا ہے، لیکن دراصل وہ گاہک کے ساتھ کاروبار کے ابتدائی رابطے کا ذریعہ بھی ہوتا ہے۔ گارڈ وہ پہلا فرد ہوتا ہے کسی بھی کمپنی میں جس کا سامنا گاہک کو ہوتا ہے، جو اس کی توقعات اور رویے کو شکل دیتا ہے۔ اگر گارڈ کا رویہ خوش اخلاق اور مددگار ہوتا ہے تو یہ گاہک کے لیے اعتماد پیدا کرتا ہے۔ جب ایک گارڈ گاہک کو خوش اخلاقی سے سلام کرتا ہے اور احترام کے ساتھ دروازہ کھولتا ہے، تو گاہک کو یہ احساس ہوتا ہے کہ اس کی عزت کی جا رہی ہے۔ یہ ایک چھوٹا سا عمل ہے، لیکن اس کے دور رس اثرات ہوتے ہیں۔ گاہک کے لیے یہ پہلا تاثر ہے جو اسے اندر داخل ہوتے ہی ملتا ہے۔ اگر گارڈ مسکراتے ہوئے استقبال کرتا ہے، تو گاہک کو محسوس ہوتا ہے کہ اسے عزت دی جا رہی ہے۔

مثال کے طور پر، اگر کوئی بزرگ شخص یا بچہ گاہک ہو، اور گارڈ ان کی مدد کے لیے آگے بڑھتا ہے، انہیں متعلقہ شعبے تک لے جاتا ہے، تو یہ گاہک کو بہت متاثر کرتا ہے۔ یہ عمل صرف اخلاقی ذمہ داری ہی نہیں، بلکہ گاہک کے ذہن میں ایک مثبت تاثر بھی پیدا کرتا ہے۔ اس طرح کے رویے سے گاہک کی سیلز میں دلچسپی بڑھتی ہے، اور وہ زیادہ مطمئن ہو کر خریداری کا عمل مکمل کرتا ہے۔ کاروباری دنیا میں اکثر کہا جاتا ہے کہ سیلز کا عمل پروڈکٹ کی فروخت پر ختم ہوتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ سیلز کا آغاز دروازے سے ہی ہوتا ہے۔ جب گاہک دُکان میں قدم رکھتا ہے، تو گارڈ کا رویہ اور اس کا استقبال سیلز کے عمل کا پہلا قدم ہوتا ہے۔ گارڈ کی خوش اخلاقی گاہک کے ذہن میں ایک مثبت تاثر پیدا کرتی ہے، جو سیلز کے عمل کو آسان اور ہموار بنا دیتی ہے۔

گارڈ کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ گاہک کو صرف سیکیورٹی فراہم نہ کرے بلکہ اسے صحیح شعبے کی طرف بھی گائیڈ کرے یہ گاہک کے لیے اعتماد کا باعث بنتا ہے۔ اس طرح کے چھوٹے اقدامات سے گاہک کی دلچسپی پروڈکٹ میں بڑھتی ہے اور اس کے خریدنے کے امکانات میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک اچھے گارڈ کا کردار صرف سلام اور دروازہ کھولنے تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ وہ گاہک کے اعتماد کو جیتنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گارڈ کا رویہ گاہک کو یہ احساس دلاتا ہے کہ اس کی اہمیت ہے اور وہ اس کاروبار کا حصہ بن سکتا ہے۔ گاہک جب خود کو اہم محسوس کرتا ہے، تو وہ پروڈکٹ کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش کرتا ہے، جس سے سیلز کا عمل آسان ہو جاتا ہے۔

سیلز کے عمل میں صرف پروڈکٹ یا سروس کا معیار ہی نہیں دیکھا جاتا، بلکہ گاہک کے ساتھ برتاؤ بھی سیلز کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ گارڈ کا مثبت رویہ اور خوش اخلاقی گاہک کے ذہن میں ایک مضبوط تاثر چھوڑتی ہے جو اسے بار بار اس کاروبار کی طرف راغب کرتی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ اگر گارڈ خوش اخلاقی سے گاہک کا استقبال کرتا ہے اور اسے صحیح طریقے سے گائیڈ کرتا ہے، تو سیلز کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ ایسے گاہک جو پہلی بار دُکان میں آتے ہیں، انہیں گارڈ کا مثبت رویہ مزید خریداری کے لیے راغب کرتا ہے۔ اسی طرح، اگر گارڈ کسی گاہک کی خصوصی مدد کرتا ہے، جیسے کہ بزرگ یا بچوں کو لے جانے میں مدد دینا، تو یہ گاہک کے دل میں کاروبار کے لیے محبت پیدا کرتا ہے۔

گارڈ کا مثبت رویہ، سلام کرنا، دروازہ کھولنا، اور گاہک کی مدد کرنا کاروباری کامیابی کے لیے ضروری ہے۔ یہ چھوٹے لیکن اہم اقدامات گاہک کے ذہن میں ایک مضبوط تاثر پیدا کرتے ہیں جو سیلز کو یقینی بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ سیلز کا آغاز ہمیشہ دروازے پر ہوتا ہے اور گارڈ کا کردار اس میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اس لئے کمپنی مالکان کو اور سیلز کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ جس پروجیکٹ پر بھی ہوں اپنے گارڈ کو اپنی مصنوعات کے بارے میں اچھے سے گائیڈ کریں اور ان کے کام کو اہمیت دیں اور کوشش کریں کہ ان کو اپنی سیلز ٹیم کا حصہ مانیں۔ پروڈکٹ میں تبدیلی، شیڈول میں تبدیلی، کسی نئے پروجیکٹ کی شروعات کے حوالے سے گارڈز کو آگاہ کریں کیونکہ یہ لوگ وہ سب سے پہلے افراد ہوتے ہیں جن کا کسی کسٹمر سے رابطہ ہوتا ہے۔ اگر بنیادی معلومات مل جائیں تو کسٹمرز کا اور سٹاف کا کافی وقت بچ سکتا ہے۔

اگر ممکن ہو سکے تو جہاں پر سیلز کمیشن کی تقسیم ہو تو اِن افراد کو بھی اپنی پلاننگ کا حصہ رکھیں جس سے اِن کے کام کی دلچسپی میں نہ صرف اضافہ ہو گا بلکہ کمپنی کی سیلز میں بھی اضافہ ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments