پاکستان کی مشکلات کا حل: جدید تعلیم


تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ مسلمان ایک عظیم تہذیب کے بانی رہے ہیں۔ بغداد، دمشق، اور قرطبہ جیسے شہروں میں جب مسلمان حکمرانی کر رہے تھے، تو دنیا ان کی علم و حکمت کی مثالیں دیتی تھی۔ طب، فلکیات، فلسفہ، ریاضی اور دیگر علوم میں مسلمان سائنسدانوں نے بے مثال کارنامے انجام دیے لیکن جب مسلمانوں نے علم اور ترقی کے بجائے اختلافات اور عیش و عشرت میں وقت گزارنا شروع کیا، تو زوال کا آغاز ہوا۔ بغداد کو حملے میں تباہ کر دیا گیا، اندلس ہمارے ہاتھوں سے نکل گیا، اور سلطنتیں بکھر گئیں۔

اب برصغیر پر نظر ڈالیں، جہاں مسلمانوں نے مغل سلطنت کی شکل میں ایک عظیم تمدن قائم کیا۔ یہاں فنون، ادب، اور معاشرتی نظام کا مرکز تھا۔ لیکن وقت نے کروٹ لی، مغل سلطنت کمزور پڑی اور انگریزوں نے اس خطے پر قبضہ کر لیا۔ ایک عظیم نشیمن ہم سے چھن گیا، آزادی چھن گئی، خودمختاری پر پابندیاں لگ گئیں لیکن مسلمانوں نے ہار نہیں مانی۔ ہمارے رہنماؤں نے ثابت کر دیا کہ اگر ایک نشیمن چھن بھی جائے تو مایوسی کو دل سے نکال کر عزم اور حوصلے کے ساتھ ایک نیا نشیمن بنایا جا سکتا ہے۔ اسی عزم کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان ہماری آنکھوں کے سامنے موجود ہے، ایک ایسا وطن، جہاں ہم اپنی تہذیب، اپنے دین، اور اپنی شناخت کے ساتھ جی سکتے ہیں۔

آج، پاکستان کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی قرضے، شعور کی کمی، سامراجی تسلط، غربت، بے روزگاری، تعلیم کی کمی، اور بدعنوانی ہمارے ملک کو ترقی کی راہ سے روک رہے ہیں۔ لیکن ان مسائل کا مطلب یہ نہیں کہ ہم مایوس ہو کر بیٹھ جائیں۔ ان مشکلات کو دیکھ کر ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنا چاہیے۔ پاکستان کی بنیاد ان خوابوں پر رکھی گئی تھی کہ یہاں انصاف، اخوت اور ترقی کے اصولوں کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ وقت ہمیں عزم و حوصلے سے آگے بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔ اگر ہمارے سامنے مشکلات ہیں تو ہمیں مل کر ان کا حل تلاش کرنا ہے۔ ہمیں اپنی قوم کے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے میدان میں آگے لانا ہے تاکہ وہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر لے جا سکیں۔ ہمیں اپنے ملک کو خود کفیل، ترقی یافتہ، اور امن و انصاف کا گہوارہ بنانا ہے، جہاں ہم اپنے نظریے پر قائم رہتے ہوئے دنیا میں اپنی شناخت بنائیں۔

آج کی دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ ترقی یافتہ اقوام ٹیکنالوجی، سائنس اور معیشت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ لیکن دوسری طرف انسانیت کو جنگ، ماحولیاتی آلودگی اور معاشرتی بحرانوں جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ مسلمانوں کو دنیا کے سامنے ایک مثال بننا ہو گا کہ اگر مشکلات آ بھی جائیں تو انہیں نئے مواقعوں میں بدلا جا سکتا ہے۔ آج ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کے لیے ایک مثبت کردار ادا کریں۔ ہمیں اپنے دین، اپنی تہذیب اور اپنی اخلاقی اقدار کے ساتھ دنیا میں اپنی جگہ بنانی ہے۔ اگر ایک منزل کھو بھی جائے، تو ہمیں ہمت ہارنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارے پاس عزم، محنت اور ایمان کی طاقت ہے۔ ہمیں ایک ایسی منزل کو حاصل کرنا ہے جو ہمارے ملک، ہماری ملت اور ہمارے دین کے لیے باعث فخر ہو۔

آئیں، ہم سب عہد کریں کہ ہم اپنے ماضی کی عظمت کو یاد کرتے ہوئے، اپنے حال کو سنواریں گے اور اپنے مستقبل کو روشن بنائیں گے۔ اللہ ہمیں اپنی قوم کے لیے، اپنے ملک کے لیے اور اپنی ملت کے لیے بہترین خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Facebook Comments HS