چترال میں خودکشیاں اور پولیس کا ایس پی ڈی پروگرام


ان دنوں صوبہ خیبرپختونخوا کی وادی چترال جیسے خوبصورت علاقے میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے ایک سنگین سماجی مسئلے کی شکل اختیار کر لی ہے۔ نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں خودکشی کرنے کا یہ مسئلہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے دردناک صدمہ ہے بلکہ پورے علاقے کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ اسی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے چترال پولیس کی جانب سے Suicide Prevention Desk کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ پولیس کی طرف سے ایک مثبت اور قابلِ ستائش اقدام ہے جو اس مسئلے کے حل کے لیے امید کی کرن ثابت ہوا ہے۔

چترال میں خودکشی کے واقعات کی وجوہات پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ کئی سماجی، نفسیاتی، اور معاشی عوامل کا نتیجہ ہے۔ مختلف تحقیقی رپورٹس، این جی اوز اور سوشل ورکرز کے مشاہدات کے مطابق درج ذیل وجوہات زیادہ نمایاں ہیں :

سب سے بڑی وجہ گھریلو ناچاقیاں، ازدواجی مسائل اور محبت میں ناکامی جیسے مسائل ہیں۔ خاندانی دباؤ، شادی میں رکاوٹ اور گھریلو جھگڑوں نے نوجوانوں کو مایوسی کی طرف دھکیلا ہے۔

دوسری وجہ تعلیمی دباؤ ہے۔ طلبہ میں امتحانات میں ناکامی یا کم نمبرز آنے کی وجہ سے ذہنی دباؤ بڑھ جاتا ہے اس وجہ سے وہ خودکشی کو ترجیح دے رہے ہیں۔

تیسری وجہ بلیک میلنگ اور ہراسانی جیسے عوامل ہیں۔ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور بلیک میلنگ کے واقعات بھی خودکشی کی ایک بڑی وجہ ہیں۔

چوتھی وجہ معاشی مسائل ہیں۔ بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام نوجوانوں کے لیے ناقابلِ برداشت دباؤ کا باعث بنتے جا رہے ہیں۔

پانچویں نفسیاتی مسائل ہیں۔ ذہنی صحت کے مسائل اور ان کے لیے مناسب رہنمائی کا فقدان خودکشی کی شرح میں اضافہ کر رہا ہے۔

ڈی پی او چترال افتخار شاہ کی قیادت میں Suicide Prevention Desk کا قیام ایک انقلابی قدم ہے۔ اس ڈیسک کا مقصد نہ صرف خودکشی کے واقعات کی روک تھام کرنا ہے بلکہ متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو ضروری مدد فراہم کرنا بھی ہے۔ اس اقدام میں مذہبی اسکالرز، ماہرینِ نفسیات، قانونی ماہرین، اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ہر زاویے سے مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔

تحریک تحفظ چترالی پاکستان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تنظیم کے وائس چیئرمین مجاہد الدین اور مرکزی قیادت نے چترال پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس اقدام کے حوالے سے اوورسیز عہدیداروں نے بھی اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے جو کہ ایک قومی یکجہتی کی مثال ہے۔

اس سلسلے میں چند تجاویز پیش کی جا رہی ہیں جن پر عمل کر کے خودکشی پر قابو پایا جاسکتا ہے :

اسکولوں، کالجوں، مساجد، جماعت خانوں اور کمیونٹی سینٹرز میں ذہنی صحت اور خودکشی کی وجوہات پر آگاہی مہمات چلائی جائیں۔

ہر علاقے میں کونسلنگ سینٹرز قائم کیے جائیں جہاں ماہرینِ نفسیات اور سماجی کارکنان دستیاب ہوں۔

طلبہ کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ وہ ذہنی دباؤ سے بچ سکیں۔

بلیک میلنگ اور ہراسانی کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں۔

نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔

خلاصہ کلام یہ ہے کہ چترال پولیس کا Suicide Prevention Desk اور تحریک تحفظ چترالی پاکستان کا تعاون ایک مضبوط اور مربوط حکمت عملی کا مظہر ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف خودکشی کے رجحان میں کمی آئے گی بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ حکومت، سماجی تنظیمیں، اور عوام مل کر اس مسئلے کے حل کے لیے کام کریں تاکہ چترال کے نوجوانوں کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

Facebook Comments HS