سیلز بڑھانے کا اصل فارمولا


sajid mehmood chohan

کاروباری دنیا میں اکثر شکایت سننے کو ملتی ہے : ”مارکیٹ میں گاہک نہیں ہیں“ ۔ یہ جملہ اکثر ان لوگوں سے آتا ہے جنہوں نے اپنی مصنوعات یا سروسز کو بیچنے کے لیے درست حکمتِ عملی اپنانے کی کوشش نہیں کی۔ گاہک کی کمی اکثر ناقص حکمتِ عملی کا نتیجہ ہوتی ہے نہ کہ مارکیٹ کی ناکامی کا۔

اگر زمین اچھی ہو لیکن بیج ناقص ہو تو نتائج کمزور آتے ہیں۔ اگر زمین اچھی ہو بیج بھی بہترین ہو لیکن حکمتِ عملی ناقص ہو تو بھی نتائج تسلی بخش نہیں ہوتے۔
لیکن اگر حکمتِ عملی بہترین ہو چاہے زمین اور بیج اوسط درجے کے ہوں تو نتائج غیر معمولی ہو سکتے ہیں۔ یہی اصول کاروباری دنیا پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ ایک بہترین پروڈکٹ معقول قیمت کے باوجود اگر فروخت نہ ہو رہی ہو تو یہ واضح اشارہ ہے کہ حکمتِ عملی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

آج کے دور میں فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز پر اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرنا ایک ضروری عمل بن چکا ہے۔ لیکن ان پلیٹ فارمز کا موثر استعمال کرنا بھی ایک فن ہے صرف پوسٹ ڈال دینا کافی نہیں ہے۔ گرافکس ڈیزائننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ اور موثر کیپشن لکھنے جیسی بنیادی سکلز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈیجیٹل ورلڈ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے بہت سے کام آسان کر دیے ہیں لیکن ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھی صلاحیت اور مہارت چاہیے۔ اسے یوں سمجھیں کہ آپ کے پاس آٹا موجود ہے اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ ایک کلو آٹا یا میدے کو محض 150 روپے میں بیچ دیں یا اس سے پیزا یا اور مصنوعات بنا کر ہزار روپے کمائیں۔

لاہور، کراچی اور اسلام آباد جیسے شہروں میں عموماً مارکیٹس دوپہر کو کھلتی ہیں لیکن کئی کاروبار صبح سے ہی شروع ہو چکے ہوتے ہیں۔ کاروباری حضرات کو چاہیے کہ دن کے آغاز سے پہلے اپنے دُکان یا آفس جانے سے قبل وہ ان جگہوں کا دورہ کریں جہاں گاہک پہلے سے موجود ہیں۔ مثال کے طور پر :

• ہول سیل مارکیٹس
• سبزی منڈی
• بنک، فیکٹریز، ہسپتال یا دیگر صبح کھلنے والے دفاتر

اگر آپ اکیلے کام کر رہے ہیں تو اِن جگہوں کا وزٹ آپ کے لیے ایک سنہری موقع ہو سکتا ہے۔ اور اگر آپ کی دس افراد کی ٹیم ہے تو ٹیم کے دس افراد کو مختلف جگہوں پر وزٹ کرنے کی حکمتِ عملی ترتیب دیں۔ اگر ہر سیلز پرسن روزانہ 10 سے 20 افراد سے ملاقات کرے تو اوسطاً وزٹ 15 افراد فی سیلز پرسن روزانہ ہوتے ہیں۔ دس سیلز پرسن کی ٹیم کے ذریعے آپ ایک دن میں ڈیڑھ سو سے دو سو لوگوں تک اپنی پراڈکٹ کا تعارف کرا سکتے ہیں۔ اس حکمتِ عملی کو ماہانہ بنیادوں پر دیکھیں :

• ایک فرد کی پہنچ = 500 افراد/ماہ
• دس افراد کی ٹیم = 5000 افراد/ماہ

اگر ان افراد کا صرف 10 فیصد بھی آپ کے دفتر یا دُکان کا وزٹ کرے اور ان میں سے نصف آپ کی پروڈکٹ یا سروسز خرید لے تو یہ ایک شاندار کامیابی ہوگی۔

مارکیٹ میں کامیابی صرف پروڈکٹ کی کوالٹی یا قیمت پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ گاہکوں تک پہنچنے اور اپنی بات سمجھانے کے طریقہ کار پر بھی منحصر ہے۔ اچھی حکمتِ عملی کے ذریعے آپ اپنے کاروبار کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔
بھرپور نتائج حاصل کرنے کے حوالے سے چند چیزوں کو ضرور ملحوظِ خاطر رکھیں۔

ابتدائی سیلز وزٹ میں اپنی سیلز ٹیم کو واضح ہدایات دیں کہ وہ ابتدائی ملاقاتوں میں پراڈکٹ کا تعارف کیسے کرائیں۔

فالو اپ کا عمل مسلسل جاری رکھیں۔ ہر ملاقات کے بعد گاہکوں کو باقاعدہ فالو اپ کے ذریعے آفیشل وزٹ پر مدعو کریں۔

ڈیٹا مینجمنٹ پر کام کریں۔ وزٹ کیے گئے گاہکوں کا ریکارڈ رکھیں تاکہ آپ اپنی ٹیم کی کارکردگی اور گاہک کے ردعمل کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

”SUCCESS Is Mind Game“

کامیابی کا راز درست حکمتِ عملی، مسلسل محنت اور موثر رابطے میں چھپا ہوا ہے۔ اپنی سیلز ٹیم کو منظم کریں گاہکوں کے ساتھ موثر تعلقات بنائیں اور ان ٹولز کا استعمال کریں جو آپ کے کام کو آسان بنا سکتے ہیں۔ مارکیٹ میں گاہک ہمیشہ موجود رہتے ہیں مسئلہ صرف حکمتِ عملی کا ہوتا ہے۔

یہی وہ رویہ ہے جو آپ کو دوسروں سے ممتاز کرے گا اور آپ کے کاروبار کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ اس پر تفصیلات جاننے کے لئے آپ کو میرے چینل پر موجود ویڈیوز کو دیکھنا پڑے گا۔ ہم جلد اس چیز پر بھی بات کریں گے کہ نئے افراد کو کس طرح اپنا تعارف کروایا جائے کہ وہ آپ کی بات سنیں نا کہ پہلے انداز میں یہ کہہ کر معذرت کر لیں کہ معذرت ہمیں آپ کی مصنوعات میں کوئی دلچسپی نہیں۔

Facebook Comments HS