تف ہے بھئی
کیا یہ امر تعجب خیز نہیں کہ ہم ایک ایسی سرزمین میں جی رہے ہیں جس کی بنیاد تو بظاہر آزادی جیسے عظیم نصب العین پر استوار تھی، لیکن آج یہی آزادی ”زنجیرِ قوم“ ٹھہری؟ کبھی ہم جمہوریت کے چراغ کو فخر سے ہوا دیتے تھے، چراغ امید لے کر چلتے تھے، اور دل میں چاند تارے توڑ لانے کے خواب سجایا کرتے تھے۔ پھر کیا ہوا کہ یکایک ہماری آنکھوں سے امید کے سُرمے جھڑ گئے، اور ہمیں احساس دلایا گیا کہ یہ سب خواب رنگِ فریب تھے؟ ہمیں سمجھایا گیا کہ قوموں کی ترقی کا نسخہ اطاعت کی ہانڈی میں پکتا ہے، اور یہ نصیحت اُس ”بڑے بھائی“ کی جانب سے جاری ہوئی جو بادی النظر میں تو ”گلِ رخسار“ ہے، مگر باطن میں ”پتھر کی چٹان“ ۔ اُس کی ”ہدایت“ کا خلاصہ یہ ہے کہ ”زبانوں پر تالے“ اور ”سوچ پر پہرے“ ہوں۔ اور جو کوئی سوال اٹھائے، اُسے ”آنکھوں سے چھلکتے ہوئے آنسو“ کی طرح بہا دیا جائے۔
ہم نے اِس ”نصیحت“ کے عملی مظاہرے نا صرف پاکستان کی سڑکوں پر دیکھے جہاں کئی ماؤں کے آزادی کے متوالے گود سے گور نشین کر دیے گئے، بلکہ آج کل جامعات میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں جہاں علم کی شمع اقرباپروری، کرپشن اور میرٹ کی دھجیاں اڑا کر روشن کی جا رہی ہے۔ کیونکہ جب ہر ادارے پر بڑے بھائی کا سایہ ہو تو صحافت ”طوائف“ بن جاتی ہے اور تعلیم اُس کے پاؤں کا گھُنگرو۔ جی ہاں، وہی بڑا بھائی، جس کے ہرکارے صبح شام دعویٰ کرتے ہیں کہ ملک میں امن کی بہاریں آئی ہوئی ہیں اور اب اعتراض یا تنقید کی کوئی حاجت باقی نہیں رہی۔ مگر حقیقت تو یہ ہے کہ صرف آوازوں کو دبایا گیا ہے اور اختلافِ رائے کے شجر کو جڑ سے ہی کاٹ دیا گیا ہے۔
صحافت کا حال دیکھیے تو ایک معروف صحافی، جسے یہیں کے میڈیا ہاؤسز نے شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، آج ملک چھوڑ جانے پر مجبور ہو گیا (ورنہ تو دنیا چھوڑ دیتا) ۔ وہ شخص جس پر پابندیوں کی لمبی فہرست عائد تھی، وہ کئی بار جیل یاترا کا مزا چکھ چکا تھا، حتیٰ کہ اسے حج تک سے روکا گیا۔ جب اس نے ایک بار پھر بے خوفی دکھائی تو اسے اپنا ہی ملک چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ ہمارے ”بڑے بھائی“ کے پاس ہر قسم کی طاقت اور ہر طرح کا حربہ موجود تھا کہ اسے گھیرے میں لے لے، مگر پھر بھی وہ کسی نہ کسی کوہ و بیاباں کے راستے یہاں سے نکل بھاگا۔ یہ ہمارے ریاستی ڈھانچے کے لیے کتنا شرمناک لمحہ ہے کہ اتنی سنگین حفاظتی نگرانیوں اور سختیوں کے باوجود کوئی نقاد ملک سے باہر جانے میں کامیاب ہو گیا۔ شاید یہی ہماری انتظامی تربیت کا سب سے بڑا ”تمغۂ امتیاز“ ہے۔
اب آئیے ذرا جامعات کی طرف۔ آپ سوچیں گے کہ شاید وہاں، فکری آزادی اور تحقیق کا اجارہ ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ اُن درسگاہوں میں جنہیں معاشرے کی فکری رہنمائی کا مرکز سمجھا جاتا تھا، اب ”مافیا اسٹائل“ انتظامیہ کے رحم و کرم پر ہے۔ یہ مافیا صرف تخریبی انداز میں نہیں کام کرتا، بلکہ اعلیٰ ترین عہدوں پر ”اپنے ہی بندے“ (یا بیانئے کے وفادار) تعینات کر کے پورے تعلیمی نظام کو مفلوج بنا دیتا ہے۔ ستم ظریفی دیکھیے کہ وائس چانسلر جیسے منصب پر تقرری کے لیے، بظاہر تو ایڈورٹائزمنٹ ہوتی ہے، مگر فیصلہ بہت پہلے کہیں کسی ڈرائنگ روم میں ہو چکا ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جن ناکارہ افراد کا کارکردگی گراف پہلے ہی شرمناک حد تک نیچے جا چکا ہو، انہیں بار بار مختلف جامعات کا وائس چانسلر مقرر کر دیا جاتا ہے۔ قابلیت کا معیار؟ صرف بڑے بھائی کا وفادار۔ پوچھنے والا تو خیر کوئی نہیں، مگر کوئی استاد یا محقق اگر ایسی جسارت کر بھی لے تو اسے باغی، گستاخ، یا تعلیمی نظام کا دشمن قرار دے کر اُس کی فائلیں کھول دی جاتی ہیں۔ اِسی لئے آپ کو ہر وائس چانسلر کے گرد انجمن بقائے باہمی کے اصول پر کاربند اساتذہ کا ایک ٹولا اُسے کاندھا (یہاں ”کاندھا“ کا استعمال لسانی نزاکت کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ورنہ آپ بخوبی سمجھ چکے ہوں گے کہ مراد کیا ہے ) پیش کرتا ملے گا۔
مزہ تو تب آتا ہے جب یہ مافیا طرزِ عمل ماہرینِ تعلیم کے نام پر حکمرانی کو اپنا حق سمجھتا ہے۔ کہیں یہ آواز اٹھتی ہے کہ ”پی ایچ ڈی کا ہونا یا نہ ہونا اصل معیار نہیں، اصل مسئلہ انتظامی صلاحیت ہے“ تو کہیں یہ دعوے کیے جاتے ہیں کہ ”بندہ تو ویسے بھی قابل تھا، اس نے فلاں ادارے کو اپنی پچھلی مدت میں بہت سرّو کیا“ ۔ سوال یہ ہے کہ کیا کبھی کسی نے ان کی پہلی مدت کا جائزہ بھی لیا؟ کیا کبھی یہ معلوم کرنے کی زحمت کی گئی کہ ان کے دور میں جامعات کے مالی، انتظامی اور علمی معاملات کہاں کھڑے تھے؟ افسوس کہ کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی اور اِن لومڑی صفت چاپلوسوں اور بڑے بھائی کے درباریوں کو جامعات پر اپنے باپ کی جاگیر سمجھ کر بار بار مُسلط کیا جاتا ہے۔
ایسے میں اگر کوئی نوجوان یا درمیانی عمر کا استاد، جس کے پاس تازہ نظریات ہیں، انتظامی عہدوں پر آنے کی خواہش ظاہر کرے تو اس کا راستہ نامعلوم طریقوں سے روک دیا جاتا ہے۔ پوسٹیں اشتہار میں آتی ہیں، انٹرویوز ہوتے ہیں، ریفرنس لیٹرز منگوائے جاتے ہیں، مگر آخر میں وہی پرانی گرد آلود فائلیں، پُرانے ناموں سے بھری لسٹیں دوبارہ باہمی بندر بانٹ کے تحت تقسیم کر دی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر سرکاری جامعات میں کوئی ٹھوس اصلاحی عمل یا مالی صورتحال کی بہتری دیکھنے کو نہیں ملتی۔ وسائل پہلے ہی محدود ہیں اور بچی کھچی رقم ان ہی مخصوص حلقوں کے تصرف میں چلی جاتی ہے۔ کسی ادارے کی پینشن اسکیم تباہ ہے تو کسی کی میڈیکل پالیسی ختم ہو رہی ہے۔ عجب المیہ ہے کہ جامعات کے پاس تنخواہوں کے لیے بھی فنڈ نہیں، مگر نئے وائس چانسلر، رجسٹرار اور خزانچی حضرات کے نخرے پورے کرنے کے لیے بجٹ موجود ہوتا ہے۔
اگر یہ سب کسی کو اب بھی کم لگے تو براہِ کرم اُن اساتذہ کا قصہ بھی سن لیجیے جو پی ایچ ڈی کر کے یا باہر کے اعلیٰ اداروں سے ڈگریاں لے کر جذبہ حب الوطنی سے سرشار واپس لوٹنے کی غلطی کر بیٹھتے ہیں۔ پہلے تو ان کی تعیناتی پر ہی لیت و لعل سے کام لیا جاتا ہے، اگر بالفرض تعیناتی مل بھی جائے تو ڈیپارٹمنٹ میں اُن کو آگے بڑھنے نہیں دیا جاتا، کیونکہ ”باہمی بھائی چارے“ کے نام پر بے شمار سازشیں ان کے خلاف پنپنا شروع ہو جاتی ہیں۔ پھر نتیجہ یہی نکلتا ہے کہ یہ ہونہار اساتذہ دل برداشتہ ہو کر واپسی کی راہ لیتے ہیں۔ کہنے کو تو یہ برین ڈرین ہے، مگر سچ تو یہ ہے کہ یہ ”برین ڈرین“ نہیں بلکہ ”برین کو زبردستی دھکیلنے“ کا عمل ہے۔ پھر آپ جیسے معصوم قارئین حیران ہو کر سوال کرتے ہیں کہ ملک ترقی کیوں نہیں کرتا؟ ارے جناب، جس ملک سے ذہانت اور تحقیق کو راندۂ درگاہ کر دیا جائے اس میں ترقی ایک سہانا خواب بن جاتا ہے۔
” صحافی جو کبھی قومی ائرلائن سے ملک کے سفیر بن کر باہر جاتے تھے، اب بوٹ کی ٹھوکر سے سرحدیں عبور کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ شرمندگی کس کے کھاتے میں ڈالیں؟ بڑے بھائی“ نے جہاں آزاد صحافت کو لگام ڈالی، وہیں جامعات میں بھی ایسا انتظامی کلچر پروان چڑھایا کہ اب وہاں سوچنے اور سوال کرنے کا رواج ہی باقی نہیں رہا۔ اکثر اداروں میں سیاسی طور پر من پسند اسٹاف بھرتی کیا جاتا ہے، ہاؤسنگ کالونیوں کی الاٹمنٹ سے لے کر طلبہ کے وظائف تک میں ”صوابدیدی اختیارات“ چلتے ہیں۔ پھر جب کوئی اس بدانتظامی پر قلم اٹھائے یا زبان کھولے تو اس کے غائب ہونے کی خبریں آتی ہیں۔ فیکلٹی میٹنگز میں بھی سب ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں کہ کہیں کوئی بات کر کے دھرا نہ جائے۔ یہ بے چارگی صرف ایک ادارے یا ایک شہر تک محدود نہیں، یہ وبا پورے ملک کے تعلیمی اداروں میں سرایت کر چکی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا اس خوف اور جبر کا کوئی توڑ ہے؟ کیا ہم ہمیشہ کے لیے سر جھکائے، لب سیے، آنکھیں بند کیے رہیں گے؟ یقیناً ہر رات کے بعد صبح کا سورج طلوع ہوتا ہے۔ ”اظہار کا وقت آنے پر اگر زبان خاموش رہ جائے، تو تاریخ اپنا فیصلہ خود سناتی ہے“ ۔ تاریخ کے متعدد تجربات بتاتے ہیں کہ بڑے بڑے آمروں کی یاد میں صرف بین ہی باقی رہ جاتے ہیں، جب کہ حریت اور فکر کی شمع بالآخر جل کر رہتی ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ قومی مفاد کے لئے نہیں، بلکہ کسی مافیا نما مخصوص ٹولے کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہو رہا ہے۔ نتائج ہمارے سامنے ہیں : آواز اٹھانے والوں کا قتل یا ملک بدری، سینکڑوں محققین، اساتذہ اور پڑھے لکھے نوجوانوں کا مستقل ہجرت کر جانا، جامعات کا کھوکھلا ڈھانچہ اور ایک ایسے تعلیمی نظام کی بڑھتی ہوئی لاچاری جس میں حقیقتاً کسی اصلاح کی نہ تو اجازت ہے اور نہ ہی خواہش۔ ہم سب اگر اب بھی خاموش رہیں، تو کل ہماری آنے والی نسلیں ہم پر لعنت بھیجیں گی کہ ہم نے نہ صرف غلامی کے طوق کو قبول کیا بلکہ اسے اپنی بے حسی اور مجبوری کا بہانہ بنا کر اگلی نسلوں کو آزادی اور خود ارادیت سے محروم کر دیا۔
افسوس کہ اس نظام پر ”تف ہے بھئی“ کے علاوہ شاید کوئی اور نعرہ باقی نہیں بچا، جو ہمارے انتظامی اور علمی ڈھانچوں کی اصلی حالت کو بیان کر سکے۔ جب تک ہم ایک وسیع ذہنی و سماجی انقلاب کے لیے آمادہ نہیں ہوتے، تب تک حالات یہی رہیں گے۔ خوف کی حکمرانی، غلامانہ سوچ، کرپٹ انتظامیہ، اور آزادی کے نام پر پابندیوں کی تازہ وارداتیں۔ اس لیے لازم ہے کہ ہم اپنے اندر شعور اور آگہی کی وہ شمع روشن کریں جو ہمیں بھیڑ چال سے نکال کر حقیقی آزادی کے سفر کی طرف لے جائے۔ یہ سفر ضرور طویل ہے، اس میں خطرے بھی ہیں، مگر قومیں بڑے خوابوں اور بڑی قربانیوں سے ہی سرخرو ہوتی ہیں۔ اور شاید یہی وہ ”اگلی منزل“ ہے جسے حاصل کرنے کے لیے دل میں ایک بار پھر حرارتِ احساس اور شعلۂ ظلمت شکن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔


