مصنوعی ذہانت سہولت یا ذہنی صلاحیتوں کا زوال؟


خود سے کوئی کام نہ کرنا یا اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے درکار وسائل کا سہارا لینا دو مختلف نوعیتیں ہیں میں جانتا ہوں کہ تعاون یا سپورٹنگ اسسٹنٹ کی حد تک مصنوعی ذہانت (AI) انسانی ترقی کی ایک بڑی کامیابی ہے، جس نے روزمرہ کے کاموں کو بے حد آسان بنا دیا ہے۔ تحقیق سے لے کر مواصلات، کاروبار سے لے کر تعلیم تک، مصنوعی ذہانت نے ہر شعبے میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ مگر جس تیزی سے لوگ اس پر انحصار کر رہے ہیں، وہ ایک خطرناک سمت میں جا سکتا ہے۔ اگر مصنوعی ذہانت کے استعمال میں توازن نہ رکھا گیا، تو یہ انسانی ذہانت کو ختم کر کے ”مصنوعی ذہنی بیماری“ میں بدل سکتا ہے اس بات کو ہم نے سمجھنا ہو گا۔

ہم سب جانتے ہیں کہ اللّٰہ پاک نے انسان کو ایک شاندار دماغ عطا کیا ہے، جو سوچنے، سمجھنے، اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس طرح مصنوعی ذہانت کے ذرائع بنانے والے بھی انسان ہی ہیں اور انہوں نے بھی اسی دماغ کا استعمال کیا ہو گا۔ تو اس کا استعمال ہی اسے صحت مند اور فعال رکھتا ہے۔ اگر ہم اپنے دماغ کو استعمال کرنا چھوڑ دیں گے، تو یہ متاثر ہو سکتا ہے۔ آپ کسی بھی چیز کی مثال لے لیں اگر آپ کسی مشین، گاڑی، یا آلے کو استعمال کرنا چھوڑ دیں، تو وہ زنگ آلود ہو جاتا ہے اور اس کا فنکشن متاثر ہوتا ہے۔ بالکل اسی طرح، اگر انسان نے سوچنا، تجزیہ کرنا اور خود فیصلے لینا چھوڑ دیا، تو اس کی ذہنی صلاحیتیں مستقبل قریب میں کمزور ہو جائیں گی۔ ماضی میں انسان اپنی سوچ، تجربے اور مشاہدے کی بنیاد پر مسائل حل کرتا تھا۔ وہ خود لکھتا، خود یاد رکھتا اور خود غور و فکر کرتا تھا۔ لیکن آج، مصنوعی ذہانت نے ان تمام سرگرمیوں کو اتنا آسان بنا دیا ہے کہ لوگ خود کچھ کرنے کے بجائے ہر چیز کے لیے مصنوعی ذہانت کا سہارا لینے لگے ہیں۔ مضمون لکھنے کے لیے مصنوعی ذہانت، تحقیق کے لیے ذہانت، فیصلے کرنے کے لیے ذہانت، حتیٰ کہ جذباتی مسائل پر مشورے کے لیے بھی ذہانت۔ یہ طرزِ عمل ایک ایسی عادت میں تبدیل ہو رہا ہے جو انسانی دماغ کی فطری صلاحیتوں کو ماند کر سکتا ہے ہم مصنوعی ذہانت کو اسسٹنٹ ایجنٹ یا سپورٹنگ اسٹاف کے بجائے اپنا دماغ ہی سمجھنے لگے ہیں جبکہ یہاں تک درست ہے کہ میں کوئی کام کر رہا ہوں تو جہاں مشکل درپیش ہو مصنوعی ذہانت سے وہاں مدد لی جائے۔

مصنوعی ذہانت کے بے تحاشا استعمال سے انسانی دماغ کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ تجزیہ کرنے، مسئلے کا حل نکالنے اور منطقی استدلال کی صلاحیت کمزور پڑ رہی ہے، کیونکہ لوگ خود سوچنے کے بجائے فوراً مصنوعی ذہانت سے جواب مانگ لیتے ہیں۔ اگر کوئی سوال ذہن میں آئے، تو پہلے تحقیق کرنے یا سوچنے کے بجائے سیدھا مصنوعی ذہانت سے پوچھ لیا جاتا ہے۔ یہ رویہ آہستہ آہستہ دماغ کو کاہل اور غیر فعال بنا رہا ہے، کیونکہ جو کام پہلے انسان خود کرتا تھا، وہ اب مصنوعی ذہانت پر چھوڑ دیا گیا ہے اور ہمارے پاس بہتر بہانہ یہ ہے کہ وقت تیزی سے چل رہا ہے زیادہ وقت نہیں ہوتا تو بس یہی طریقہ ٹھیک ہے مگر ایسی ترقی سے بہتری کی امید کیا جو آپ کے دماغ کو کھوکھلا کردے۔ مصنوعی ذہانت کو لے کر یادداشت کی کمزوری بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ پہلے لوگ نمبرز، پتے اور اہم معلومات خود یاد رکھتے تھے، مگر اب ہر چیز مصنوعی ذہانت، گوگل، اور ڈیجیٹل نوٹس میں محفوظ کر لی جاتی ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ لوگوں کی یادداشت کمزور ہو رہی ہے، اور وہ معمولی چیزیں بھی بھولنے لگے ہیں۔ تحقیق بتاتی ہے کہ جو دماغ کم استعمال ہو، وہ کمزور ہو جاتا ہے۔ اگر مصنوعی ذہانت نے سوچنے، یاد رکھنے اور فیصلہ کرنے کی ذمہ داری سنبھال لی، تو انسانی ذہن کی نشوونما رک سکتی ہے۔

سب سے اہم تنقیدی سوچنے (Critical Thinking) کی صلاحیت بھی خطرے میں ہے۔ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے انحصار کے باعث لوگ تحقیق اور گہرائی میں جا کر سوچنے کے بجائے تیار شدہ جوابات پر بھروسا کر رہے ہیں۔ یہ رویہ لوگوں کو محدود ذہنیت اور یک طرفہ سوچ کی طرف دھکیل سکتا ہے، کیونکہ مصنوعی ذہانت کے الگورتھمز زیادہ تر وہی مواد فراہم کرتے ہیں جو پہلے سے موجود معلومات پر مبنی ہوتا ہے۔ اس طرح، تخلیقی اور نئے خیالات کی گنجائش کم ہوتی جا رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے حد سے زیادہ انحصار نے جذباتی ذہانت (Emotional Intelligence) کو بھی متاثر کیا ہے۔ پہلے لوگ ایک دوسرے سے بات کرتے، خیریت دریافت کرتے اور سماجی تعلقات کو مضبوط بناتے تھے۔ مگر اب، AI بیسڈ چیٹ بوٹس اور سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے حقیقی انسانی تعلقات کمزور ہو رہے ہیں۔ لوگ جذباتی طور پر ایک دوسرے سے دور ہو رہے ہیں، اور مصنوعی ردعمل دینے کی عادت اختیار کر رہے ہیں۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا، تو مستقبل میں انسانوں کے درمیان حقیقی جذباتی تعلقات کمزور ہو سکتے ہیں، اور مصنوعی ذہانت یعنی Artificial intelligence) پر جذباتی انحصار بڑھ سکتا ہے۔

اگر مصنوعی ذہانت کے استعمال پر قابو نہ رکھا گیا، تو یہ واقعی ایک مصنوعی ذہنی بیماری میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ انسان خود کچھ کرنے کے قابل نہیں رہے گا، ہر مسئلے کے لیے AI کی طرف دیکھے گا، اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کھو بیٹھے گا۔ تخلیقی سوچ، جذبات، اور خود مختاری ختم ہو جائے گی، اور انسان مشینی ذہنیت کا شکار ہو جائے گا جو کہ ایک خطرے کی علامت ہے۔ مصنوعی ذہانت کو بیماری بننے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا استعمال ایک مددگار ٹول کے طور پر کیا جائے، نہ کہ ہر چیز کے لیے اس پر انحصار کیا جائے۔ خود سوچنے اور لکھنے کی عادت برقرار رکھی جائے، اور جسمانی و ذہنی سرگرمیوں میں حصہ لیا جائے۔ انسانی جذبات اور سماجی تعلقات کو مقدم رکھا جائے، اور حقیقی زندگی میں لوگوں سے بات چیت کو ترجیح دی جائے۔

ایک متوازن طریقہ اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ AI کا استعمال کریں، لیکن اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بیدار رکھیں۔ خود سوچیں، خود لکھیں، خود تجزیہ کریں۔ اگر ہم نے اپنی فطری ذہانت کو مشینی ذہانت پر قربان کر دیا، تو انسان اور AI میں فرق ختم ہو جائے گا۔ AI ایک بہترین ایجاد ہے، لیکن اگر اس کا غلط استعمال کیا جائے تو یہ انسانی ذہانت کو ختم کر کے مصنوعی ذہنی بیماری میں بدل سکتی ہے۔ اصل چیلنج یہی ہے کہ ہم AI کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کریں، لیکن اپنی تخلیقی صلاحیت، فیصلہ سازی، اور جذباتی فہم کو کمزور نہ ہونے دیں۔ سہولت اور سستی میں فرق کرنا سیکھیں، ورنہ ایک دن ایسا بھی آ سکتا ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانوں کے کام کرنے کے بجائے، انسان مصنوعی ذہانت کے بغیر کچھ کرنے کے قابل نہ رہیں۔

مصنوعی ذہانت کو اپنا دماغ نہیں بلکہ مددگار بنائیں اس سے ضرورت کے مطابق مثبت استعمال کی حد تک کام لیں تاکہ اپنی فطری ذہانت اور تخلیقی صلاحیتوں کو زندہ رکھ سکیں۔ اگر آج ہم نے مصنوعی ذہانت پر مکمل انحصار کر لیا، تو کیا آنے والی نسلیں حقیقی ذہانت اور تخلیقی صلاحیتوں سے محروم نہیں ہو جائیں گی؟

Facebook Comments HS