انقلاب کی بنیاد شعور ہے
کبھی کبھی تاریخ کو بغور پڑھنے سے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے قوموں کی تقدیر صرف ہتھیاروں، نعرہ بازی اور جذباتی طوفانوں سے نہیں بدلی، بلکہ اصل تبدیلی وہاں آئی جہاں ذہن بدلے، شعور بیدار ہوا، اور انسانوں نے خود کو اخلاقی اور فکری سطح پر بلند کیا۔
دنیا کے بیشتر خونی انقلابات چاہے وہ جتنا بھی بڑا نعرہ لے کر آئے ہوں بالآخر زوال پذیر ہو گئے۔ ان کی بنیاد جبر، طاقت، غصے، یا نفرت پر تھی، اور تاریخ گواہ ہے کہ ایسی بنیادوں پر قائم کوئی نظام زیادہ دیر قائم نہیں رہتا۔
فرانسیسی انقلاب ( 1789 ء) کو جمہوریت کی ماں کہا جاتا ہے، مگر اس کا انجام محض تیس سال بعد نپولین کی آمریت پر ہوا، اور بعد ازاں فرانس دوبارہ بادشاہت کی طرف لوٹ گیا۔ عوام نے ظلم کے خلاف بغاوت کی، بادشاہ اور ملکہ کے سر قلم ہوئے، مگر جو نظام آیا، وہ بھی عوام کے لیے امن، استحکام یا ترقی نہ لا سکا۔
اسی طرح سوویت یونین کا کمیونسٹ انقلاب ( 1917 ء) ، جس نے ”محنت کشوں کی جنت“ کا خواب دکھایا، ایک سخت گیر ریاست میں بدل گیا۔ اسٹالن کے دور میں لاکھوں لوگ قتل یا جبری مشقت میں مبتلا ہوئے۔ یہ نظام 1991 ء میں مکمل طور پر زوال پذیر ہوا، اور آج دنیا میں شاید ہی کوئی ملک ہو جو کمیونزم کو بطورِ نظام دوبارہ نافذ کرنا چاہے۔
جرمنی میں نازی ازم کے تحت ہٹلر نے قومی وقار کے نام پر طاقت حاصل کی، اور دوسری جنگِ عظیم میں لاکھوں افراد کی ہلاکت اور لاکھوں یہودیوں کے قتل عام کے بعد ، خود کشی کر کے اس کا خاتمہ ہوا۔ مسولینی کی فاشزم پر مبنی حکومت بھی انجام کار ایک شکست خوردہ انجام کو پہنچی۔
عرب اسپرنگ کو ایک ”جمہوری بیداری“ سمجھا گیا، مگر تیونس، لیبیا، مصر، شام اور یمن جیسے ممالک میں یا تو خانہ جنگی چھڑ گئی، یا آمریت دوبارہ لوٹ آئی۔ عوام کی امیدیں خاک میں مل گئیں، اور لاکھوں انسان بے گھر یا ہلاک ہوئے۔
اس کے برعکس وہ انقلابات جو انسان کو پہلے اندر سے بدلا کرتے ہیں علم، شعور اور اخلاقیات کے ذریعے وہی دیرپا اور مثبت نتائج لاتے ہیں۔
سب سے بڑا اور روشن ترین مثال وہ انقلاب ہے جو رسول اللہ ﷺ نے برپا کیا۔ نہ فوج، نہ اسلحہ، نہ بیرونی امداد۔ صرف دعوت، اخلاق، تعلیم، اور صبر۔ مکہ کے بتوں کے پجاری چند سالوں میں وہ لوگ بنے جنہوں نے علم، عدل، اور اخوت کی بنیاد پر نصف دنیا کو روشناس کرایا۔ قرآن کہتا ہے :
”ہُوَ الَّذِی بَعَثَ فِی الْاُمِّیِّینَ رَسُولاً مِّنْھُمْ یَتْلُوا۟ عَلَیْھِمْ ءَایَ۔ ٰتِھِۦ و َیُزَکِّیھِمْ و َیُعَلِّمُھُمُ۔“ (سورۃ الجمعہ، آیت 2 )
یہ وہ تعلیم تھی جس نے بدترین قبائلی معاشرے کو اعلیٰ ترین انسانی تہذیب میں بدل دیا۔ عرب معاشرے کی کایا پلٹ گئی کیونکہ وہ ”اندر“ سے بدلے تھے۔ غلطیوں کا احساس ان کے ذہنوں میں راسخ ہوا اور وہ تبدیل ہوئے۔
ایک اور مثال سول رائٹس موومنٹ کی ہے۔ امریکہ میں سیاہ فام افراد کے حقوق کے لیے کی جانے والی قانونی اور سماجی جدوجہد جس کی قیادت مارٹن لوتھر کنگ جیسے باوقار اور پرامن راہنماؤں نے کی اس نے نہ صرف نسلی امتیاز کے قوانین کو ختم کیا، بلکہ معاشرتی شعور کو بھی بدلا۔ یہ انقلاب کسی خونی بغاوت سے نہیں، بلکہ تعلیم، آگاہی، اور عدم تشدد کے فلسفے سے آیا۔ آج، اگرچہ نسلی تعصب مکمل ختم نہیں ہوا، لیکن دنیا میں کوئی کھلے عام یہ نہیں کہہ سکتا کہ کسی نسل کو غلام بنانا جائز ہے۔
طاقت، تشدد، اور جبر وقتی فتح دلا سکتے ہیں، مگر دیرپا تبدیلی صرف علم، شعور، اور اخلاقی برتری سے آتی ہے۔ وہ انقلابات جن کا مقصد صرف اقتدار ہوتا ہے، وہ زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔ جبکہ وہ تحریکیں جو انسان کی باطنی اصلاح سے شروع ہوں، نسلوں کو متاثر کرتی ہیں۔ اگر ہم واقعی تبدیلی کے خواہاں ہیں تو ہمیں بندوق نہیں، کتاب اٹھانی ہو گی؛ طیش نہیں، شعور پیدا کرنا ہو گا۔


