پوپ فرانسس کا پاپائی مراسلہ انسان دوستی، امن اور بھائی چارے کا منشور


Emmanuel Neno

پاپائی مراسلہ ”فراتیلی توتی“ کا پس منظر

دنیا حالیہ برس میں بے شمار آزمائشوں سے گزری ہے ۔ اور کووڈ۔ 19 کی وبا اس وبا کو اور بھی گہرا کر دیا۔ یہ وبا صرف صحت کا بحران نہ تھی۔ بلکہ اس نے انسانوں کے باہمی تعلقات، عالمی معیشت، اور سماجی ڈھانچوں کو بھی لرزا کر رکھ دیا۔ دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کس طرح افراد اور اقوام نے خودغرضی، قوم پرستی، اور ذاتی مفادات کو انسانی جانوں پر ترجیح دی۔ ایسے مشکل وقت میں پوپ فرانسس انسانیت کو ایک نئی سمت دکھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے ایک ایسی سوچ کی دعوت دی جو ”دوسرے“ کو بیگانہ نہیں بلکہ اپنا سمجھے۔ اور ہر انسان کی عزت، وقار اور مساوات کو تسلیم کرے۔

تعارف

اسی تناظر میں پوپ فرانسس نے 3 اکتوبر 2020 کو اپنا پاپائی مراسلہ ( Encylical) جاری کیا۔ جس کا عنوان ”Fratelli Tittui“ تھا۔ یہ اطالوی زبان میں ایک خوبصورت فقرہ ہے ، جس کے معنی ہیں : ”ہم سب بھائی ہیں“ ۔ یہ دستاویز انسانیت کو ایک دعوت ہے ۔ ایسی دنیا کی تشکیل کے لئے جو جو نفرت کے بجائے، محبت، خودغرضی کے بجائے دوسروں کی فکر، اور تقسیم کی بجائے اتحاد پر یقین رکھتی ہو۔ پاپائی مراسلے کا آغاز اسیسی کے مقدس فرانسس کے الفاظ سے ہوتا ہے جو ہمیشہ انسانیت، سادگی اور امن کے علمبردار تھے۔ ان کی تعلیمات میں ہر انسان کو بھائی سمجھنے اور ہر مخلوق سے محبت کرنے کی روح جھلکتی ہے ۔ اور یہی جذبہ اس پاپائی مراسلے کی بنیاد ہے ۔

پوپ فرانسس کا یہ پیغام آج کی دنیا کے لئے امید کی ایک نئی کرن ہے ۔ ایسا راستہ جو ہمیں دوسروں کے قریب لاتا ہے ۔ دشمنیوں کو مٹاتا ہے ۔ اور ایک ایسی عالمی برادری کی تشکیل کی طرف بلاتا ہے جہاں ہر انسان کو برابری کا درجہ حاصل ہو۔

پاپائی مراسلہ ”Fratelli Tutti“ کے اہم موضوعات اور نکات

1۔ بھائی چارہ اور عالمی سماجی دوستی

پاپائی مراسلہ ”Fratelli Tutti“ کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ہم سب ایک دوسرے کے بھائی بہن ہیں۔ اور انسانیت ایک عالمی خاندان کی مانند ہے ۔ مذہب، نسل، رنگ یا زبان کی بنیاد پر انسانوں کو تقسیم کرنا انسانیت کی توہین ہے ۔ ہر انسان کو چاہے وہ کوئی بھی ہو، مساوی عزت اور محبت کا حقدار سمجھنا چاہیے۔ سچا بھائی چارہ تب ہی فروغ پاتا ہے ۔ جب ہم دوسروں کے وقار کو اپنی عزت کی طرح عزیز جانیں۔

2۔ غریبوں، محروم افراد اور مہاجرین کے ساتھ ہمدردی

پوپ فرانسس خاص طور پر سماج کے پسماندہ اور نظرانداز شدہ افراد پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اصل ترقی اس وقت ممکن ہے ۔ جب غریبوں، مہاجرین، یتیموں، بے گھر افراد اور بے روزگاروں کو مساوی مواقع اور مکمل انسانی عزت دی جائے۔ ان افراد کے ساتھ ہمدردی صرف ایک جذبہ نہیں، بلکہ ایک اخلاقی اور اجتماعی فریضہ ہے ۔

3۔ امن، مکالمہ اور عدم تشدد

پاپائی مراسلہ کے مطابق، امن کا مطلب جنگ کا نہ ہونا نہیں بلکہ ایک ایسا طرز زندگی اپنانا ہے جو مکالمے، معافی، اور دوسروں کو سننے اور سمجھنے پر مبنی ہو۔ پوپ فرانسس تشدد، جنگ، اور ہتھیاروں کی دوڑ کے سخت مخالف تھے۔ انہوں نے ایک ایسی دنیا کا تصور پیش کیا۔ جو رحم دلی، مفاہمت، اور دوستی کی بنیاد پر قائم ہو۔

4۔ مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ

یہ پاپائی مراسلہ صرف کاتھولک مسیحیوں کے لئے نہیں، بلکہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے ایک عالمگیر پیغام ہے ۔ پوپ فرانسس فرماتے ہیں کہ مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ، مفاہمت اور احترام ہی دنیا کو بربادی اور نفرت سے بچا سکتا ہے ۔ مسلمان، مسیحی، یہودی، ہندو یا کسی بھی مذہب کے پیروکار، سب کو چاہیے کہ وہ اپنی مشترکہ انسانیت کو تسلیم کریں۔ اور باہمی احترام اور محبت کے ساتھ زندگی گزاریں۔

5۔ سیاست اور قیادت کا نیا تصور

پوپ فرانسس ایک ایسی سیاست کا مطالبہ کرتے ہیں جو محض اقتدار، دولت اور ذاتی مفادات کے لئے نہ ہو۔ بلکہ حقیقی عوامی خدمت پر مبنی ہو۔ ان کے مطابق ایک اچھا سیاسی رہنما وہ ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر معاشرتی انصاف، عام فلاح، اور انسانی وقار کے لئے کام کرے۔ قیادت کا اصل مقصد کمزور ترین افراد کے حقوق کا تحفظ اور ان کی ترقی کو ممکن بنانا ہونا چاہیے۔

پاپائی مراسلہ ”Fratelli Tutti“ کی عالمی اہمیت

یہ پاپائی مراسلہ نہ صرف مذہبی دنیا کے لئے ء بلکہ سماجی کارکنوں، اساتذہ، طلباء، صحافیوں، پالیسی سازوں اور نوجوانوں کے لئے بھی بے حد اہم دستاویز ہے ۔ یہ ہر اس انسان کے ضمیر کو جھنجھوڑتی ہے جو انصاف، امن اور انسانی وقار پر یقین رکھتا ہے ۔ یہ دستاویز ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم ”عالمی دیواروں“ کو گرا کر ”انسانی پلوں“ کی تعمیر کریں۔ جب تک ہم ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک نہیں ہوں گے ۔ جب تک ہم بھوکے کو اپنا بھائی اور مہاجر کو اپنی بہن نہیں سمجھیں گے۔ ہم بہتر اور انسان دوست دنیا کی تعمیر نہیں کر سکیں گے۔

نوجوانوں کے پیغام

پاپائی مراسلہ ”Fratelli Tutti“ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ۔ جب دنیا کی نوجوان نسل نئی راہیں اور نئی آوازیں تلاش کر رہی ہے ۔ یہ مراسلہ نوجوانوں کو بلاتا ہے کہ وہ تعصب، نفرت اور بے حسی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ اور ایسی دنیا کے معمار بنیں۔ جو محبت، مساوات اور بھائی چارے پر قائم ہو۔ یہ انہیں یاد دلاتا ہے کہ حقیقی تبدیلی کا آغاز دل کی تبدیلی سے ہوتا ہے ۔

نتیجہ

فراتیلی توتی ”Fratelli Tutti“ صرف ایک مذہبی بیان نہیں ہے ۔ بلکہ ایک عالمی اخلاقی بیداری ہے ۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہماری پہچان صرف ایک قوم یا مذہب سے نہیں، بلکہ ایک وسیع تر انسانی خاندان سے ہے ۔ اس پاپائی مراسلے کا پیغام عالمی ہے ۔ اور اس کی افادیت ہر اس فرد کے لئے ہے جو ایک بہتر، پرامن اور ہمدرد دنیا کا خواب دیکھتا ہے ۔ جب ہم واقعی ایک دوسرے کو بھائی سمجھیں گے تو دنیا میں امن اور امن خود بخود پروان چڑھے گا۔ یہ پاپائی مراسلہ ہمیں یہی سکھاتا ہے ۔ ”ہم سب بھائی ہیں۔ اور بھائی ایک دوسرے کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتے“ ۔

Facebook Comments HS