خیال رکھنا
اکثر سوچتا تھا کہ یہ جو ہم ”خیال رکھنا“ بولتے ہیں، آخر کیوں بولتے ہیں؟ اس کا کیا فائدہ ہے؟ ایک بہت عام سا جملہ جو ہم اکثر ملاقات کے اختتام پر ایک دوسرے کو کہہ دیتے ہیں۔ مگر شاید کبھی اس پر عمل نہیں کرتے، نہ ہی کسی کا کہا یاد رکھتے ہیں، اور نہ ہی اس کو اہمیت دیتے ہیں۔ کیونکہ ہمارے نزدیک یہ صرف ایک رسمی سا جملہ ہے، جیسے بات کے اختتام پر ”خدا حافظ“ کہہ دینا۔ ہم نے اپنے بڑوں کو یہی کہتے دیکھا، اور اب ہم بھی اکثر بول دیتے ہیں۔ مگر کیا ہم نے کبھی غور کیا کہ اس معمولی سی بات کے پیچھے کتنی گہری حکمت چھپی ہوتی ہے؟ جب ہم کسی سے کہتے ہیں ”خیال رکھنا“ تو درحقیقت ہم اس کے لیے اپنی محبت کا ایک چھوٹا سا تحفہ دے رہے ہوتے ہیں۔ یہ کوئی عام جملہ نہیں، بلکہ دل کی گہرائیوں سے نکلنے والی ایک دعا ہے۔
اتنی تمہید باندھنے کا مقصد یہ ہے کہ کبھی کبھی کسی کا ”خیال رکھنا“ کہہ دینا کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جیسے میرے ساتھ ہوا۔ واقعہ یہ تھا کہ میرے کچن کے بریکٹ فین میں کوئی مسئلہ ہوا جس کی وجہ سے اسے اتارنا تھا۔ میں نے الیکٹریشن کو کال کی، اس نے بتایا کہ آپ خود اتار کر رکھ لیں، میں شام کو آ کر دیکھ لوں گا۔ اور ”خیال کرنا“ کہتے ہوئے فون کاٹ دیا۔ میں یہ بات سن کر اسٹول پر چڑھ کر دیوار سے لگا پنکھا اتارنے لگا۔ اتفاق سے، جب پنکھے تک ہاتھ پہنچا تو اچانک الیکٹریشن کی بات یاد آئی کہ ”دھیان رکھنا“ ۔ پنکھا دیوار سے اتارتے ہوئے اندازہ ہوا کہ یہ وزنی تھا، اور اسٹول پر میرا توازن بھی بگڑ سکتا تھا۔ لیکن خدا کا کرم کہ میں نے واقعی اس وقت ذرا ”خیال“ کیا اور بغیر گرے پنکھا اتار لیا۔ اس لمحے میں نے محسوس کیا کہ اگر وہ معمولی سی بات نہ کہتا تو شاید میں احتیاط نہ کرتا۔ یہ واقعہ مجھے اس بات پر غور کرنے پر مجبور کر گیا کہ ہماری روزمرہ کی زندگی میں ایسے کتنے ہی جملے ہیں جو بظاہر تو رسمی لگتے ہیں، مگر ان کے پیچھے کوئی نہ کوئی حکمت ضرور ہوتی ہے۔ ”جلدی آنا“ ، ”دیکھ بھال کے جانا“ ، ”صحت کا خیال رکھنا“ ۔ یہ سب بظاہر معمولی الفاظ ہیں مگر ان میں چھپی ہوئی محبت اور فکر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
اکثر کسی کا کسی کو ”خیال رکھنا“ کہہ دینا بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔ اور بے شک جو رسم چل رہی ہوتی ہے، وہ اکثر کسی حکمت کے تحت ہی ہوتی ہے۔ ہو سکتا ہے یہ جملہ محض ایک عادت ہو، مگر کبھی کبھی یہی عادت بڑی مصیبت سے بچا لیتی ہے۔
آج کے اس تیز رفتار دور میں جہاں ہر کوئی اپنی مصروفیات میں گم ہے، ایسے چھوٹے چھوٹے جملے دراصل انسانی رشتوں کی مضبوطی کا ذریعہ ہیں۔ یہ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ چاہے ہم کتنی ہی دور کیوں نہ چلے جائیں، کسی کو ہمارا خیال ہے۔ لہٰذا، چاہے رسمی ہی کیوں نہ ہو، دوسروں کی باتوں میں چھپی چھوٹی چھوٹی نصیحتیں سنیں، کیونکہ زندگی کے کئی موڑ پر یہی ”خیال رکھنا“ آپ کا ساتھ دے سکتا ہے۔
یہ تو ہو گئی بات ”خیال رکھنا“ کی، مگر سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا ہم واقعی اپنے پیاروں کا خیال رکھتے ہیں؟ کیا ہم نے کبھی ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیا ہے؟ شاید اگر ہم ان چھوٹی چھوٹی باتوں پر عمل کرنا شروع کر دیں تو ہماری زندگیوں میں بہت سی پریشانیاں خود بخود کم ہو جائیں۔
آئیے! آج سے عہد کریں کہ نہ صرف ”خیال رکھنا“ کہیں گے، بلکہ اس پر عمل بھی کریں گے۔ کیونکہ یہی چھوٹی چھوٹی باتیں دراصل زندگی کو خوبصورت بناتی ہیں۔

