ظاہر پرستی کا رجحان اور ہمارے سماجی رویے


Virtue Signaling ایک ایسا رویہ ہے جس میں کوئی شخص اپنے کردار یا الفاظ کے ذریعے دوسروں کو یہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ بہت نیک، با اخلاق یا اصولوں کا پابند ہے، خواہ اس کا رویہ اس کا عکس نہ ہو۔ یہ دکھاوے کی نیکی اکثر رواج، شہرت یا سماجی پذیرائی کے لیے اختیار کی جاتی ہے۔ ایسا طرزِ عمل مختلف معاشروں میں مختلف شکلوں میں نظر آتا ہے، اور ہمارے معاشرے میں بھی یہ انداز اب ایک عمومی طرزِ اظہار بنتا جا رہا ہے۔

ہمارے ہاں دین اور دینداری سے محبت فطری ہے، اور یہ محبت اکثر ظاہری علامات کی صورت میں نمایاں ہوتی ہے۔ ہاتھ میں تسبیح، سر پر ٹوپی یا عمامہ، اور گفتگو میں ”ماشاءاللہ“ ، ”سبحان اللہ“ ، ”انشاءاللہ“ جیسے الفاظ کا استعمال ایسے ہی مظاہر ہیں جو دین سے تعلق کے اظہار کا ذریعہ بنتے ہیں۔ ان کا اپنا ایک تقدس اور مقام ہے۔ یہ الفاظ اگر دل سے نکلیں تو عبادت کا درجہ رکھتے ہیں، لیکن اگر ان کا استعمال صرف لوگوں پر اپنی نیکی جتانے کے لیے کیا جائے تو یہ دکھاوے کی نیکی بن جاتی ہے، یعنی وہی Virtue Signaling۔

ایسا رویہ بظاہر بے ضرر دکھائی دیتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ یہ ہمارے معاشرے میں دین کی اصل روح سے دوری کا سبب بن سکتا ہے۔ جب دین کو صرف ظاہری انداز و علامات سے جوڑ دیا جاتا ہے، تو سچائی، اخلاص، عدل، تحمل، اور ہمدردی جیسے باطنی اوصاف پسِ پشت چلے جاتے ہیں۔ ایسے ماحول میں نیکی کی قدر لوگوں کی نظروں میں نہیں، بلکہ ظاہری الفاظ یا لباس کی بنیاد پر کی جانے لگتی ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے ہاں کئی مواقع خصوصی طور پر مذہبی تہواروں پر عبادات اور خیر کے کاموں میں ظاہر داری اور سماجی نمائش کا رنگ غالب آ جاتا ہے۔

قربانی جیسے عظیم عمل کو لیجیے۔ جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی خالص اطاعت اور تقویٰ کی یادگار ہے۔ آج یہ عمل عید کے دن بڑے جانور، مہنگے دام، اور سوشل میڈیا پوسٹس کی دوڑ میں بدل چکا ہے۔ تصویریں، ویڈیوز، اور ”ہم نے اتنا خرچ کیا“ جیسے جملے قربانی کے روحانی مقصد پر پردہ ڈال دیتے ہیں۔ گوشت بانٹنے کی نیت سے زیادہ، اپنی حیثیت جتانے کا جذبہ نظر آتا ہے۔

اسی طرح، صدقہ و خیرات جو خاموشی سے، دائیں ہاتھ سے بائیں ہاتھ کو خبر نہ ہونے کے اصول پر ہونا چاہیے، اب اکثر سوشل میڈیا پر تصویروں، ویڈیوز یا کیپشنز کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔ مستحق افراد کی عزتِ نفس کو مجروح کر کے اگر ہم ان کی مدد کریں، تو یہ مدد نہیں بلکہ نمائش بن جاتی ہے۔ یہ رویہ نا صرف دین کے اصل پیغام سے دوری کی علامت ہے بلکہ ایک نئی معاشرتی بیماری کی شکل بھی اختیار کرتا جا رہا ہے، جہاں نیکی کا مقصد خالص اللہ کی رضا کی بجائے لوگوں سے واہ واہ سمیٹنا ہو گیا ہے۔

یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کچھ افراد اپنی دینی شناخت کو اس طرح پیش کرتے ہیں کہ وہ دوسروں پر برتری محسوس کریں۔ ان کے الفاظ اور حرکات میں عاجزی کم اور خود ستائشی کا رنگ زیادہ محسوس ہوتا ہے۔ کسی مجلس میں عبادات کا بار بار ذکر، صدقہ خیرات کی تفصیل دینا، یا بار بار دینی الفاظ دہرانا اگر محض اس لیے ہو کہ لوگ تعریف کریں یا متاثر ہوں، تو یہ خالص نیکی نہیں بلکہ سماجی نمائش کا ایک انداز بن جاتا ہے۔

یہ بات واضح رہے کہ ہر ظاہری نیکی Virtue Signaling نہیں ہوتی۔ بہت سے لوگ واقعی دل سے دین پر عمل کرتے ہیں، اور ان کے الفاظ، لباس اور انداز اخلاص پر مبنی ہوتے ہیں۔ اصل فرق نیت کا ہے، جو صرف اللہ جانتا ہے۔ یہاں مقصد کسی کی نیت پر شک کرنا نہیں بلکہ ایک عمومی رجحان کی طرف توجہ دلانا ہے، تاکہ ہم سب اپنا محاسبہ کر سکیں۔

معاشرے کی بہتری اسی وقت ممکن ہے جب نیکی صرف ظاہر میں نہیں بلکہ باطن میں بھی ہو۔ اگر ہم سچ بولنے والے، وعدہ نبھانے والے، رحم دل، انصاف پسند، اور دوسروں کا بھلا چاہنے والے انسان بن جائیں، تو یہی وہ عملی نیکی ہے جسے دین سب سے زیادہ پسند کرتا ہے۔ ظاہری علامتیں صرف تب خوبصورت لگتی ہیں جب وہ ایک صاف دل، نرم رویے، اور باعمل زندگی کی غماز بھی ہوں۔

نیکی کی خوبصورتی خاموش عمل میں چھپی ہوتی ہے۔ کسی کی مدد کرنا بغیر بتائے، معاف کر دینا بنا جتائے، سچ بولنا نقصان کے باوجود، اور دوسروں کے ساتھ شفقت سے پیش آنا، یہ وہ نیکیاں ہیں جو نا صرف معاشرے میں محبت پھیلاتی ہیں بلکہ اللہ کے ہاں بھی محبوب ہوتی ہیں۔

لہٰذا اگر ہم واقعی دین سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں ظاہری دینداری کے ساتھ ساتھ باطنی کردار اور نیت کی سچائی کو بھی لازم پکڑنا ہو گا۔ یہی وہ توازن ہے جو دین ہم سے چاہتا ہے۔ ظاہر بھی روشن ہو اور باطن بھی صادق۔ دین کا حسن اسی میں ہے، اور معاشرے کی فلاح کا راستہ بھی یہی ہے۔

Facebook Comments HS