مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی پراسرار گمشدگی


’ہم سب‘ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رویت ہلال کے مسئلے پر مسجد قاسم علی خان کی رویت ہلال کمیٹی اور حکومت آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ ایوب خان کی حکومت کے بعد پہلی بار مسجد قاسم خان کی رویت ہلال کمیٹی کو شدید حکومتی دباؤ کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق محکمہ اوقاف کے حکام نے مسجد قاسم علی خان کا دورہ کیا اور مسجد انتظامیہ کو آج رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس نہ کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کرنے کی صورت میں پولیس کاروائی اور گرفتاریوں کی دھمکی دی گئی ہے۔

مسجد قاسم علی خان کے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی دو دن سے لاپتہ ہیں۔ وہ جمعرات کے دن ایک اجلاس میں شرکت کا کہہ کر اسلام آباد گئے تھے۔ تب سے ان کا اپنے گھر والوں سے رابطہ نہیں ہے۔ فیملی ذرائع کے مطابق ان کا فون تو بند تھا لیکن وٹس ایپ کام کر رہا تھا جو کل سے بند ہو گیا ہے۔

مفتی پوپلزئی کے ترجمان مولانا خیر البشر بھی کل سے لاپتہ ہیں۔ ان سے بھی رابطہ نہیں ہو رہا۔ مولانا خیر البشر جے یو آئی پشاور کے ضلعی امیر بھی ہیں ۔ ہمارے نمائندے کے مطابق آج مسجد قاسم خان کے رویت ہلال کے اجلاس کو طاقت کے استعمال سے زبردستی روکنے کی صورت میں صوبے میں حالات خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے پیروکار صوبے میں ایک کثیر تعداد میں موجود ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).