کپتان صاحب کی کیبرے میں نائٹ ٹریننگ
برٹش وِنگ کی دھیمی دھیمی بے آواز سی فضا سے نکلِ کرانڈین وِنگ کی رنگ رنگیلی دنیا میں پہنچا، تو یوں محسوس ہوا جیسے انار کلی میں آنکلا ہوں۔ وہی انار کلی کے رنگ و صَوت اور وہی گہما گہمی، لیکن عجیب بات تھی کہ عین اس وقت کوئی دیسی افسر نظر نہ آر ہا تھا ؛ البتّہ ایک قریب کے خیمے سے قہقہے بلند ہو رہے تھے جو لاریب افسرانہ تھے۔
چِق اٹھا کر داخل ہوا، تو سبھی کو یکجا پایا۔ مخثار ’قاضی، اصغر، بتالیہ، بھا ٹیہ، کیانی، امیر، سوامی، نینے، نادر اور کئی دوسرے جِن سے ابھی تعارف نہیں تھا، ہماری آمد کر حسب ِ معمول ایک ایسے نعرے سے منایا گیا جس کا اثر شائبے کے دیگر خیموں میں ایک ہلکے سے زلزلے کے طور پر محسوس کیا گیا۔ پوچھا کہ فرزندانِ ہند تمبو میں بیٹھے کیا سازش کر رہے ہیں، تو بتایا گیا کہ کونسل آف ایکشن کا جلاس ہے۔
Read more
