سعادت حسن منٹو کی شادی کیسے ہوئی؟ منٹو کے اپنے قلم سے
ظاہر ہے کہ بیویاں نہاتی بھی ہیں، مگر وہاں تو کوئی غسل خانہ ہی نہیں تھا۔ دو منزلہ بلڈنگ تھی جس میں چالیس کھولیاں تھیں۔ ان سب کے ساکنوں کے باہم استعمال کیلئے صرف دو غسل خانے تھے، جن کے دروازے معلوم نہیں کب کے غائب ہو چکے تھے۔ مجھے اس احساس سے بڑی الجھن ہوتی تھی کہ میرا نکاح ہو گیا ہے اور ایک لڑکی کے ساتھ آج نہیں تو کل مجھے شوہر کی حیثیت سے زندگی گزارنا ہوگی۔ اس سے قبل میں نے ایسا کوئی تجربہ نہیں کیا تھا۔ مجھے قطعاً معلوم نہیں تھا کہ بیوی کیا ہوتی ہے اور شوہر کیا ہوتا ہے۔
میری زندگی میں دو تین لڑکیاں ضرور آئی تھیں، مگر وہ نوکرانیاں تھیں۔ ان سے میرا تصادم ایسے ہی ہوا تھا جیسے سڑک پر دوراہ چلتے اندھے ایک دوسرے سے ٹکرائیں اور چٹکیوں میں اس تصادم سے فراغت حاصل کر کے اپنی اپنی راہ لیں۔ میں بڑی ایمانداری سے محسوس کر رہا تھا کہ میں اور سب کچھ بن سکتا ہوں، لیکن شوہر نہیں بن سکتا۔ یہ مضمون نویسی اور افسانہ نگاری والا معاملہ نہیں تھا۔
وقت گزرتا گیا ۔۔۔۔۔۔ میں نے کوشش کی اور سروج مووی ٹون، نامی فلمی کمپنی میں ایک سو روپیہ ماہوار پر ملازم ہو گیا۔ یہ کمپنی تو شاید میری آمد کی منتظر تھی۔ ابھی دو ماہ نہ گزرے ہوں گے کہ اس کا دیوالہ پٹ گیا ۔۔۔۔۔۔
اب تو مجھے یقین ہو گیا کہ میرا نکاح میرے لیئے بہت منحوس ثابت ہوا ہے۔
لیکن سورگ باشی سروج مووی ٹون کے چلتے پرزے مالک سیٹھ نانو بھائی ڈسائی نے کچھ ایسی تگڑم لڑائی کہ ایک مالدار مار واڑی کو پھانس لیا اور ’’سروج مودی ٹون‘‘ کا نام ہٹا کر ’’ہندوستان سنے ٹون‘‘ کے نام سے نئی فلم کمپنی کھڑی کر دی۔
اس کیلئے میں نے اپنی دوسری فلمی کہانی ’’کیچڑ‘‘ کے عنوان سے لکھی جوبعد میں ’’اپنی نگریا‘‘ جیسے بے ڈھنگ اور بے تکے نام سے پیش ہوئی اور کامیاب رہی۔
یہ فلم ابھی نصف بھی تیار نہیں ہوا تھا کہ مارواڑی سیٹھ چاندی کے سٹے میں اپنی ساری دولت گنوا بیٹھے، حتیٰ کہ اپنی شاندار موٹر بھی جس کا رنگ بے داغ سفید تھا۔ میں نے اس کا رشتہ بھی اپنے نکاح سے جوڑا۔ مجھے یقین تھا کہ چند دنوں ہی میں اس نئی کمپنی کا دیوالہ ضرور پٹے گا، لیکن نانو بھائی ڈسائی نے کسی نہ کسی طرح، ادھر ادھر سے قرض لے کر فلم مکمل کر ہی لیا۔
میرا نکاح ہوئے قریب قریب دس مہینے ہو چلے تھے کہ مجھے ایک نہایت شرمناک حادثے سے دوچار ہونا پڑا۔ میرا ایک بے وقوف دوست عاشق تھا۔ ان پڑھ، جاہل، خوشامدی ۔۔۔۔۔۔ لیکن رقص کے فن کا ماہر، مجھے خوش کرنے کیلئے ایک شام اس نے مجھے بیئر پلائی، تھوڑی سی خود بھی پی اور چہکنے لگا۔ چہکتے چہکتے وہ مجھے اپنے ایک دوست کی موٹر میں بٹھا کر ایک لڑکی کے پاس لے گیا جو بقول اس کے اس کی شاگرد تھی۔
جب اس نے دروازے پر دستک دی تو اندر سے کسی نسوانی آواز نے پوچھا ’’کون ہے‘‘؟
عاشق نے کہا ’’عاشق‘‘!
اندر سے ایک موٹی گالی باہر نکلی ’’عاشق کی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔‘‘
عاشق کو جو غصہ آیا تو وہ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گیا۔ میں اس کے پیچھے گیا۔ وہ ایک نوکر کو بری طرح پیٹ رہا تھا۔
میں قصہ مختصر کرتا ہوں۔ دوسرے روز جب عاشق گرفتار ہوا تو اس نے پولیس والوں سے کہا ’’میرے ساتھ ایک اور آدمی تھا۔‘‘
نانچہ مجھے بھی گرفتار کر لیا گیا ’ ماہم‘ میں میرے سسرال کو فوراً اس کا پتہ چل گیا۔ میں بہت پریشان ہوا کہ اب کس منہ سے ان لوگوں کے پاس جاؤں۔ میری منکوحہ نے میرے متعلق یقیناً بہت بری رائے قائم کی ہوگی ۔۔۔۔۔۔ وہ ضرور روتی ہوگی کہ کس بدمعاش سے میرا پلہ باندھ دیا گیا ہے جس سے چھٹکارا حاصل کرنا بھی ممکن نہیں۔
میں نے بہت دیر تک بڑی ایمانداری سے خود کو اپنی منکوحہ کی پوزیشن میں رکھ کر غور کیا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ میں خالہ جان سے صاف صاف کہہ دوں کہ اگر اس واقعے کے بعد جو واقعی بہت شرمناک ہے آپ مجھے اپنی بیٹی دینا مناسب خیال نہ کریں تو میں طلاق دینے کیلئے تیار ہوں، مگر جب میں نے ان سے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا تو انہوں نے مجھ سے کہا ’’تم پاگل ہو جو ایسی باتیں سوچتے ہو، ہمیں تمہاری بے گناہی کا یقین ہے!‘‘
میرے سینے کا بوجھ ہلکا تو ہو گیا مگر میرے اس وہم میں اور اضافہ ہوا کہ نکاح میرے لیئے نحوست ہی نحوست لے کر آیا ہے۔ کمپنی کی حالت بہت پتلی ہو گئی تھی۔ اب تنخواہوں کے بدلے ایڈوانس ملنا شروع ہو گیا تھا۔ میری کہانی کا حق الخدمت واجب الادا تھا، مگر کوئی صورت نظر نہیں آتی تھی کہ یہ مجھے ملے گا۔
ادھر والدہ نے میرے سسرال کے اصرار پر رخصتی کی تاریخ مقرر کر دی، ایک برس کے قریب ہو گیا تھا، نکاح ہوئے۔ وہ لوگ انتظار کرتے کرتے تنگ آ گئے تھے۔ مجھے کوئی جلدی نہیں تھی، بلکہ یوں کہئے کہ میری دلی خواہش تھی کہ رخصتی کی نوبت ہی نہ آئے۔ میں خائف تھا کہ مجھ سے گھر بار نہیں چلایا جا سکے گا اور ایک شریف لڑکی کی ساری عمر بغیر کسی قصور کے عذاب میں کٹے گی ۔۔۔۔۔۔ مگر دن مقرر ہو چکا تھا جو میرے لیئے روز قیامت تھا۔
ہفتہ وار مصور، کی حالت بہت اچھی ہو گئی تھی۔ اب اس کا دفتر بہتر جگہ پر منتقل ہو چکا تھا۔ ٹیلی فون موجو دتھا۔ مسٹر نذیر کے پاس ایک چھوٹی سی کار تھی جس میں وہ ادھر ادھر گھوم کر اشتہار فراہم کرتے تھے۔
ہم دونوں کی رہائش اب اس دفتر میں تھی۔ میں ہر اتوار ماہم جاتا کبھی کبھی دروازے کی درزوں میں سے اپنی بیوی کی ایک آدھ جھلک دیکھ لیتا اور رات کا کھانا کھا کر جب واپس گھر جاتا تو سوتے وقت اپنے آپ پر لعنت بھیجتا کہ میں نے کیوں شادی کا یہ کھیل کھیلا جبکہ مجھے اس میں اس قدر پھسڈی نکلنا تھا، مگر اب کیا ہو سکتا تھا۔ نہ پائے رفتن نہ جائے ماندن والا معاملہ تھا۔
باقی تحریر پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے




