وزیر اعظم نے بھی فرسٹ کلاس استعمال نہیں کی، خصوصی طیارے پر کراچی گئے


وزیراعظم عمران خان منصب سنبھالنے کے بعد ایک روزہ دورے پر خصوصی طیارے پر کراچی پہنچے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرح وزیر اعظم نے بھی اپنے اعلان کے برعکس عام فلائٹ کی بزنس کلاس استعمال نہیں کی اور خصوصی طیارہ استعمال کیا۔ چوبیس اگست کو ہونے والے کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج کے اجلاس میں بڑے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں،وزیراعظم اپنا خصوصی جہاز استعمال نہیں کریں گے ،وہ فرسٹ کلاس کے بجائے کلب کلاس میں سفر کریں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ تمام متعلقہ عہدیداروں کا فرسٹ کلاس سفر کا استحقاق ختم کردیا گیا ہے۔

بعد میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹر پر یہ وضاحت کی تھی کہ وزیر اعظم اپنا جہاز عالمی سفر کے لئے استعمال نہیں کریں گے لیکن ملکی سفر میں پروٹوکول تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

خصوصی طیارے سے کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد ایئرپورٹ سے وزیرِاعظم ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزار قائد پہنچے جہاں نیوی کے دستے نے انہیں خوش آمدید کہا۔ بعد میں وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درجکیے۔ وزیراعظم نے شہید ملت لیاقت علی خان اورمادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی۔

وزیرِاعظم عمران خان مزارِ قائد پہنچے بھی اور روانہ بھی ہو گئے مگر لاپتہ افراد کے اہلخانہ اور نادرا کے برطرف ملازمین احتجاج کرتے ہی رہ گئے۔ نعرے لگاتے اور اپنے وزیرِاعظم سے امید لگائے بیٹھے مظاہرین اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے صبح سے مزارِ قائد کے باہر جمع تھے کہ کب وزیرِاعظم عمران خان آئیں تو انھیں اپنی روداد بیان کر سکیں، مگر وہیں ہوا جو برسوں سے ہوتا آیا ہے، وزیرِاعظم مزار قائد ضرور آئے لیکن ہیلی کاپٹر کے ذریعے، لاپتہ افراد کے اہلخانہ وزیرِاعظم کی راہ تکتے رہ گئے۔

مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں پر اجلاس کی صدارت کی، وزیرِاعظم کو گرین لائن منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں فراہمی آب کے منصوبے کے فور اور کراچی پیکیج پر پیش رفت سے متعلق گفتگو بھی ہوئی۔ اجلاس میں گورنر عمران اسماعیل، وزیرِاعلی مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ اور میئر کراچی وسیم اختر بھی شریک تھے۔
سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں دوسرا اجلاس امن وامان سے متعلق ہوا جس میں کور کمانڈر، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور انٹیلی جنس اداروں کے حکام بھی شریک ہوئے۔

Facebook Comments HS