کوکین: ایک خطرناک اور زہریلا نشہ


کوکین آج کل نوجوانوں میں ایک مقبول ہوتا ہوا نشہ ہے۔ یہ شراب اور ہیروئین کے بعد تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ خطرناک اور نقصان پہنچانے والا نشہ ہے۔ اس کا نقصان نشہ کرنے والے کے ساتھ ساتھ اس کے آس پاس رہنے والے دوسرے لوگوں کو بھی ہوتا ہے۔ کوکین کی دو قسمیں نشے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں :

1۔ پاوڈر یا کوک: اسے پانی میں حل کرکے سرنج کے ذریعے رگوں میں داخل کیا جاتا ہے۔ یہ عام لوگوں کی کوکین ہے۔

2۔ کریک یا راک: یہ اشرافیہ کی کوکین ہے۔ انتہائی مہنگی ہوتی ہے اور زیادہ تیز اور نقصان دہ بھی۔ اسے گرم کرنے کے بعد اور کسی کارڈ وغیرہ سے پیس کر چھوٹی چھوٹی قطاریں سی بنائی جاتی ہے، پھر اسے ایک نلکی کے ذریعے سونگھ کر ناک کے راستے جسم میں داخل کیا جاتا ہے۔

کوکین کے استعمال کے بعد کچھ ہی دیر میں حقیقی دنیا سے رشتہ ٹوٹ جاتا ہے، بندہ بے انتہا سرور محسوس کرتا ہے، بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور مزاج میں احتجاجی کیفیت Agitation پیدا ہو جاتی ہے۔

کوکین انتہائی حد تک عادی کردینے والا نشہ ہے۔ اس کے متواتر استعمال سے فالج، دل کے دورے، خون کے انفیکشن اور اچانک موت کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ کوکین کے عادی لوگ عام زندگی میں خوشی سے لطف اندوز ہونے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتے ہیں اور نشہ اترنے کے بعد اپنے آپ کو انتہائی تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

اس کے دیگر سائیڈ ایفیکٹس مندرجہ ذیل ہیں :

کوکین کا مسلسل استعمال کرنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت زیادہ رہتا ہے جس کی وجہ سے گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے اور کم گرم موسم میں بھی عام لوگوں کی نسبت زیادہ پسینہ آتا ہے۔ اس کو طبی اصطلاح میں ہایپر تھرمیا (Hyperthetmia) کہتے ہیں۔

کوکین استعمال کرنے سے (ایڈرینرجک ریسپانس کے تحت) آنکھوں کی پتلیاں پھیل جاتی ہیں۔ اس کو طبی اصطلاح میں پیوپل ڈائیلیشن (Pupil dialation) کہتے ہیں۔ اس کی وجہ سے آنکھوں میں زیادہ روشنی داخل ہوتی ہے جو نشئی برداشت نہیں کر سکتے۔ ایسے لوگوں کو اکثر اوقات بند کمرے میں بھی روشنی سے بچنے کے لئے کالا چشمہ لگانا پڑتا ہے۔

ہائی ہونے کی کیفیت یا موڈ سوئنگ کی وجہ سے کوکین استعمال کرنے والا بعض اوقات ایسے بول بھی بول جاتا ہے جن پر اسے بعد میں شرمندگی یا افسوس ہوتا ہے۔ ایسے لوگ اکثر اپنے بیانات بار بار تبدیل کرنے کی وجہ سے معاشرے میں اپنا اعتبار کھو دیتے ہیں۔

کوکین کا استعمال مردانہ کمزوری پیدا کر کے آپ کی ازدواجی زندگی کو بھی شدید طور پر متاثر کر سکتا ہے۔

کوکین کے بارے میں یہ معلومات عمومی آگاہی اور مفادِ عامہ کے لئے دی گئی ہیں۔ اپنے آپ کو اور اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور زہریلے نشے سے بچائیں۔

نقصان کے لحاظ سے بیس خطرناک ترین نشوں کا موازنہ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).