فرعون کی بیٹی کی چیخ
”جناب عالی! میں اپنے دفاع میں بھی بولنا چاہتی ہوں اورآپ کے سوال کا بھی جواب دینا چاہتی ہوں مگر آپ کو میری پوری بات سننی ہوگی شروع سے آخر تک کہ میں انگلستان سے قاہرہ کیوں کر پہنچی اور یہ سب کچھ مجھے کیوں کرنا پڑا۔ “
جج کے چہرے پر حیرانی کی لہر سی دوڑ گئی۔ عدالت میں آج تک کسی بھی ملزمہ نے اس طرح سے بات نہیں کی تھی بلکہ عدالت میں تو اس قسم کا مقدمہ پہلے کبھی داخل بھی نہیں کیا گیا تھا۔
جج کے کچھ کہنے سے قبل ہی سرکاری وکیل نے عدالت کو مخاطب کرکے کہا، ”جناب عالی! ملزمہ کے بارے میں جو بھی کچھ اخباروں میں چھپ رہا ہے، اس سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ یہ ایک فاحشہ اوربدکردار عورت ہے۔ اس نے ہمارے ملک کے بہت سارے قوانین کو توڑا ہے۔ اس پر دھوکا دہی کا مقدمہ بنتا ہے کیوں کہ یہ فراعینِ مصر کے عجائب گھر میں وقتِ مقررہ کے بعد بھی ٹھہری رہی۔ اس پر دہشت گردی کا مقدمہ بنتا ہے، کیوں کہ اس نے مصر کے تاریخی ورثے کو نقصان پہنچایا اور اسے مکمل طورپر برباد کرنے کی کوشش کی۔
اس نے تعزیراتِ مصر کے مطابق سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ ہزاروں سال سے آرام کرنے والی مصر کی سابقہ ملکاؤں کو ننگا کرکے اس نے ان کی سنگین بے حرمتی کی ہے۔ جناب عالی! ملزمہ نے اقرار جرم کرلیا ہے۔ اسے کم از کم بیس سالوں کے لئے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیاجائے۔ معزم جج صاحب اب اندازہ کریں کہ لندن کے مادام تساؤ کے مومی عجائب خانے میں گھس کر کوئی غیر ملکی اگر ملکہ وکٹوریہ، ملکہ ایلزبتھ اور شہزادی ڈائنا کے کپڑے اُتار کر انہیں ننگا کردے تو برطانیہ کے قوانین کے مطابق اس ملزم کوکیا سزا دی جائے گی؟ “
ہال میں پھر بھنبھناہٹ سی شروع ہوگئی۔ بہت سے حاضرین کے چہروں پر برطانیہ کے شاہی خاندان کی شہزادیوں اورملکاؤں کے برہنہ ہونے کے تصور سے مسکراہٹ سی آگئی تھی۔
جج نے پھر ہتھوڑا بجا کرسب کوخاموش ہونے کی تلقین کی اورکہا کہ عدالت سرکاری وکیل کی بات کو قابلِ توجہ نہیں سمجھتی ہے اورعدالت چاہتی ہے کہ ملزمہ جو کچھ بھی بتانا چاہتی ہے، بتائے اور جو کچھ بھی اپنے دفاع میں کہنا چاہتی ہے، کہے۔ عدالت ملزمہ کو مجرم اس وقت سمجھے گی جب اس کا جرم مکمل طورپر ثابت ہوجائے گا۔ اس بات سے قطعِ نظر کہ ملزمہ برطانوی شہریت رکھتی ہے، ملزمہ کومصر کے قانون کے مطابق ہی سزا دی جائے گی، کیوں کہ اگر جرم ہوا ہے تو اس کا ارتکاب مصر میں ہی کیا گیا ہے۔
ملزمہ کے قریب ہی بیٹھے برطانوی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کے پریشان چہرے پر بھی تھوڑا سا اطمینان کا سایہ سا نظرآیا۔ اخبار کے نمائندے جلدی جلدی عدالتی کارروائی لکھ رہے تھے۔ کچھ غیر ملکی اخبار نمائندے اپنے لیپ ٹاپ کو موبائل فونوں سے لگا کر عدالتی کارروائی کو حرف بہ حرف ساری دنیا میں فوراً کے فوراً وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ پہنچارہے تھے۔
عدالت میں مکمل خاموشی طاری ہوگئی تھی۔
”جناب عالی! میں لندن میں رہتی تھی اورمیں نے لندن یونیورسٹی سے ہی بایوکیمسٹری میں ماسٹرز کیا تھا۔ میرے والدین کا تعلق ویلز سے ہے جو کارڈیف میں رہتے ہیں۔ میں لندن کی ایک دواؤں کی کمپنی میں تحقیقاتی کام میں مصروف تھی۔ میں عدالت کاوقت ضائع نہیں کرنا چاہتی ہوں مگرعدالت کو میرے عمل کے بارے میں فیصلہ کرنے سے قبل میرے حالات کو بھی سمجھناچاہیے۔ یہ تقریباً دس سال پہلے کی بات ہے کہ ہماری کمپنی میں مصرسے آنے والے تجارتی وفد کی دعوت کی گئی۔
اس دعوت میں ہی میری ملاقات انوارالخلیل سے ہوئی۔ انوارالخلیل جیسا کہ آپ کو پتا ہے کہ مصر کے معروف تجارتی گھرانے سے تعلق رکھتا ہے۔ وہ اس وقت لندن میں ہی اپنے تجارتی مصروفیات کی وجہ سے رورہا تھا۔ وہ ایک تجارتی وفد کے ساتھ ہماری کمپنی میں دعوت پہ آیا تھا۔ اس دعوت میں ہماری ملاقات کوئی زیادہ طویل نہیں رہی مگر انوارالخلیل بہت اچھے طریقے سے مجھ سے ملا، اس کی شخصیت ایک بھرپور شخصیت تھی۔ آپ نے میرے شوہر کو نہیں دیکھا ہے اگرآپ دیکھ لیں تو آپ کو بھی اندازہ ہوجائے گا کہ وہ ایک خوبصورت آدمی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب انوار نے مجھ سے میرا فون نمبر مانگا تو میں کوئی بہانہ نہ کرسکی بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ میں دل سے یہی چاہتی تھی کہ میری اس کی دوبارہ ملاقات ہو۔ وہ ایک مہربان آدمی تھا اوراس کی نظروں نے مجھے بتادیا تھا کہ میں اسے اچھی لگ رہی ہوں۔ مجھے بھی یقین تھا کہ وہ مجھے ضرور فون کرے گا۔ “
جیسے ہی وہ سانس لینے کے لئے رُکی تو سرکاری وکیل نے جج کومخاطب کرکے کہا، ”جناب عالی ملزمہ کی ذاتی زندگی اور اس کے شوہرکی خوبصورتی اورتجارت و امارت سے اس مقدمے کا کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔ میں درخواست کرتا ہوں کہ معزز عدالت کا وقت ضائع ہونے سے بچایا جائے اورملزمہ کو اس کے بھونڈے جرم کی فوری سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں آنے والے سیاحوں کو اس بات کا احساس رہے کہ حکومتِ مصر اور مصر کے عوام اپنے تاریخی ورثے پر نہ صرف یہ کہ نازاں ہیں بلکہ ان کی حفاطت بھی کرنا جانتے ہیں۔ آج کے بعد کسی کو بھی یہ ہمت نہ ہو کہ وہ ہمارے تاریخی، ثقافتی ورثے کو بُری نظر سے دیکھ سکے، انہیں نقصان پہنچاسکے۔ آج کا فیصلہ ساری دنیا کے لوگوں کو یہ بتادے کہ ہم اپنے ورثے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ “
معزز جج نے سرکاری وکیل کی بات تو پوری سن لی مگر ساتھ ہی کہا کہ عدالت یہ سمجھتی ہے کہ ملزمہ کو کسی بھی قسم کی سزا اس وقت تک نہیں دی جاسکتی ہے جب تک ملزمہ کی پوری بات نہ سن لی جائے۔ انصاف کا یہی تقاضا ہے اور ہمارے تاریخی ورثے میں یہ بات بھی نمایاں ہے کہ ہم نے ہمیشہ انصاف کے تقاضے پورے کیے ہیں۔ خاتون آپ اپنی بات جاری رکھیں۔
”شکریہ، جنابِ عالی! “ این میری خلیل نے بڑی متانت سے کہا، وہ بہت ہی بردبار اور سمجھدار لگ رہی تھی اس کی آنکھوں میں اُداسی اور چمک کا امتزاج تھا اوراس کے خوب صورت چہرے پر بلا کا اعتماد۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے معزز جج ملزمہ سے مرعوب ہوگئے ہوں۔ عدالت میں حاضر سب لوگ ملزمہ کو تک رہے تھے۔ کسی کی بھی سمجھ میں نہیں آیا تھا کہ اس قدر پڑھی لکھی اور سمجھدار نظر آنے والی عورت اس قسم کا قبیح فعل کیسے کرسکتی ہے۔ ہر ایک کے ذہن میں سوال تھے کہ آخر اس قدر ذہین اوربظاہر سمجھدار نظرآنے والی خاتون نے مصر کی ممی شہزادیوں اورملکاؤں کے جسم کو ننگا کیوں کیا اور پھر ان ننگے جسموں کی تصویریں کیوں بنائیں۔ اس کارروائی کاآخر مقصد کیا تھا؟
”جنابِ عالی! انوار کا فون دوسرے دن ہی آگیا اور اس نے مجھے لندن کے شیرٹن ہوٹل کے جاپانی ریسٹورنٹ میں رات کے کھانے کی دعوت دی تھی۔ مجھے اچھی طرح سے یاد ہے کہ میں اپنی پسند کا بہترین جوڑا زیب تن کرکے اس کے بتائے ہوئے وقت پہ ٹیوب اسٹیشن پہنچ گئی جہاں سے وہ مجھے اپنی مرسیڈیز میں بٹھا کر شیرٹن ہوٹل لے گیا تھا۔
اس ہوٹل میں اس دن تین گھنٹے میری زندگی کے بہترین گھنٹے تھے۔ اس نے مجھے سرخ گلابوں کا تحفہ دیا۔ میرے حسن کی تعریف کی، میرے کپڑوں کو سراہا اورپہلے دن ہی مجھے کہہ دیا کہ اسے مجھ میں وہ سب کچھ نظر آرہا ہے جو کسی اچھی لڑکی میں ہونا چاہیے۔
مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں

