فرعون کی بیٹی کی چیخ


مجھے خود بھی اپنی خوبصورتی اور ذہانت کا احساس تھا۔ شاید یہی وجہ تھی کہ میں عام طورپرلوگوں سے زیادہ نہیں ملتی تھی اور شاید میں بھی کسی خاص آدمی کے خواب دیکھ رہی تھی۔ انوار وہ خاص آدمی بن کر میرے سامنے آگیا تھا۔

جنابِ عالی! اس ملاقات کے بعد ہماری اور بہت ساری ملاقاتیں ہوئیں۔ ہم دونوں نے اکٹھے لندن شہر کے بہت سارے ہوٹلوں میں کھانا کھایا۔ سینماؤں میں فلمیں دیکھیں، تھیٹروں میں ڈرامے دیکھے، ڈسکو میں ڈانس کیا اور شراب خانوں میں شراب پی۔ ہم دونوں برطانیہ کے دوسرے شہروں میں بھی گئے۔ پیرس بھی ساتھ گھوما۔ اٹلی جرمنی اوراسپین بھی دیکھ کر آگئے۔ میں اس کی شدید محبت میں گرفتار ہوچکی تھی اورانوار بھی میرے بغیرزندگی کا تصور نہیں کرسکتا تھا۔ ”

پوری عدالت میں مکمل خاموشی تھی۔ تمام لوگ پوری توجہ سے این میری کا بیان سن رہے تھے۔ سیاہ لباس میں ملبوس وہ کسی یونانی دیوی کی طرح عدالت کے سامنے کھڑی تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ لوگ خودبخود اس کی محبت کی کہانی میں شامل ہوگئے ہیں اورعدالت کی کارروائی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

”محترم جج صاحب! انوار نے ہی مجھے بتایا کہ مصرکی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔ یہاں کی ثقافت کتنی بھرپور ہے۔ یہاں کی روایات کتنی مضبوط ہیں۔ اچھی بھی ہیں، بری بھی ہیں مگر ہم مصری لوگ بڑے سادہ ہیں، بہت محبت کرنے والے۔ جب کسی کو دل دے دیتے ہیں تو دے دیتے ہیں، جو حاصل کرنا ہوتا ہے اسے حاصل ہی کر کے دم لیتے ہیں۔ پھر اس نے مجھے پروپوز کیا اور کہا کہ مجھ سے شادی کرلو۔ اب میرا واپس جانے کا وقت آگیا ہے، مجھے اب مصر میں اپنے خاندان کا کاروبارسنبھالنا ہے۔ میں تو پہلے ہی اس کی دیوانی ہوگئی تھی، اس کی شدید محبت میں گرفتار۔ میں نے یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کبھی اس سے نہ بھی کہہ سکتی ہوں۔ اسی ہفتے میں اسے کارڈیف اپنے ماں باپ کے پاس لے گئی جنہوں نے اپنی آمادگی کا اظہار کردیا تھا۔

قاہرہ سے انوار کے رشتہ دار لندن پہنچے اورلندن کی ہی ایک مسجد میں، میں نے اپنا مذہب بدلا اورمسلمان ہوگئی۔ میرا نام مریم رکھا گیا اوراسی مسجد میں میری شادی انوارالخلیل سے ہوگئی۔ اورمیرا نام مریم خلیل ہوگیا۔

ہماری شادی کی دعوت لندن میں ہونیوالی ایک یادگار عورت تھی۔ انوار ایک بہت اچھا شوہر تھا۔ وہ مجھ سے شدید محبت کرتا اور میں اسے دیوتا کی طرح پوجتی۔ میں نے اس کی خاطر مذہب بدل دیا، نام بدل دیا، اپنی شناخت بدل دی، اپنی نوکری چھوڑ دی، اپنا خاندان چھوڑ کر اب اس کے ملک مصر جانے کو تیار ہوگئی تھی۔

وہی مصر جہاں کی افسانوی کہانیاں بچوں کو بچپن سے سنائی جاتی ہیں۔ جہاں کے احرام، اونچی ایستادہ عمارتیں اپنی ایک الگ شان رکھتی ہیں۔ جہاں کے فراعین کی کہانی مسحور کرلیتی ہے۔ جہاں کی ثقافت سب سے پرانی ثقافت ہے۔ جہاں کے اطوار ہزاروں سال پرانے ہیں۔ جب دنیا جہالت، غربت، وحشت اوردیوانگی کے اصولوں کے تحت چل رہی تھی اس وقت مصری عوام، شاہی خاندان اور مذہبی رہنما علم و ثقافت کی بلندیوں پر پہنچے ہوئے تھے۔ ”

عدالت میں موجود ہر فرد ملزمہ کی جانب متوجہ تھا اورمعزز جج صاحب بھی ملزمہ کو غور سے دیکھ رہے تھے کہ سرکاری وکیل نے پھر کچھ کہنے کی کوشش کی جس پر معزز جج نے ہاتھ اٹھا کر خاموش رہنے کا اشارہ کیا تھا۔

ملزمہ نے جج صاحب، سرکاری وکیل، غیر ملکی و ملکی اخباری اور ٹیلی ویژن کے نمائندوں، عدالت میں حاضر لوگوں پر ایک بھرپورنظر ڈالی۔ اس کی صاف شستہ زبان جذبات سے پُرآواز سے حاضرینِ عدالت ایک طرح سے مسحور ہوچکے تھے۔

”معزز جج صاحب! شادی کے سال بھر میں ہی ہمارا پہلا بچہ ایک بیٹا پیدا ہوا۔ میرے شوہر کی خوشی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سینٹ میری اسپتال کے عملے کے ہر فرد کو کیک کھلا کر خوشی میں شریک کیا گیا۔ میری شدیدخواہش تھی کہ میری پہلی اولاد کوئی لڑکی ہو مگر میں صحت مند لڑکے کی پیدائش پر بھی خوش تھی۔ یہ خوشی اس وقت دوبالا ہوگئی جب میں نے دیکھا کہ مصری روایات کے مطابق انوارالخلیل نے بیٹے کا باپ بننے کے بعد اپنا مقام مزید اونچاسمجھنا شروع کردیا ہے اورخاندان میں بھی اس کی عزت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آپ کے ملک میں لڑکی کے باپ کورحم کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔ اس سے افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے۔ مجھے یہ بات سمجھ میں نہیں آئی تھی اور سچ بات یہ ہے کہ نئے بچے کی خوشی میں اس وقت میں نے کچھ زیادہ سوچا بھی نہیں تھا۔ “

جج صاحب ابھی تک توجہ سے ملزمہ کی باتیں سن رہے تھے لیکن ایسا محسوس ہوا جیسے حاضرین میں موجود کچھ لوگوں کو ملزمہ کے بیان کا یہ حصہ پسند نہیں آیا۔

سرکاری وکیل نے ایک دفعہ پھر ہاتھ اٹھا کر کچھ کہنے کی کوشش کی مگر جج نے اسے اجازت نہیں دی۔

”جنابِ عالی! دو سال کے بعد میں اپنے شوہر کے ساتھ مصر آگئی۔ قاہرہ کے مشہور علاقے ذین العرب میں میرے شوہر کی بڑی اور پرانی حویلی ہے۔ ہامرے کارڈیف کے گھر کے حساب سے یہ قلعہ ہے۔ اس گھر میں، میں اپنے شوہر کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی تھی۔ یہی میری دنیا تھی اور یہی میرا مستقبل۔ انوار کی اتنی شدید محبت میں، میں گرفتار ہوگئی کہ میرے لئے اس کے علاوہ کوئی چارہ ہی نہیں تھاکہ میں اپنے شوہر کے گھر، شہر، ملک کی ایک ایک چیز سے محبت کروں۔ اس کے لئے میں سب کچھ کرنے کو تیار تھی۔

معزز عدالت کے سامنے میں یہ اقرار کرتی ہوں کہ مجھے میرے شوہر اوراس کے خاندان نے بے انتہا پیاردیا۔ قاہرہ کی گلیوں بازاروں میں میری عزت کی گئی۔ اس شہر اور اس ملک کے لوگوں نے مجھے بھی اپنا ہی سمجھا۔ مجھے یہاں کی مٹی سے محبت ہوگئی ہے۔ دریائے نیل جیسے میری رگوں میں خون بن کر دوڑ رہا ہے اورمیں بھی اپنے آپ کو یہاں کی ہی باسی سمجھتی رہی ہوں۔ جنابِ عالی! مجھے ایک لمحے کے لئے بھی احساس نہیں ہوا کہ میں کسی اور ملک میں آگئی ہوں۔

اس ملک کے لوگ امیر و غریب، سب محبت بھرا دل لے کر گھومتے ہیں۔ ہر ایک ہر ایک کے معاملات میں دخل انداز ہوتا ہے مگر ہر ایک ہر ایک کے لئے اچھا بھی کرنا چاہتا ہے۔ مکمل دوست ہوتے ہیں یہ لوگ۔ اس طرح کے معاشرتی طوراطوار لندن میں پسند نہیں کیے جائیں گے مگر مصر کے لوگوں کے لئے شاید یہی صحیح ہے۔ زور زور سے بولنا، ایک دوسرے سے گرم جوشی سے ملنا، ایک دوسرے سے جھگڑنا اورایک دوسرے کی خوشی غم میں دل سے شریک بھی ہونا۔

جناب عالیٰ! قاہرہ آنے کے ایک سال کے بعد ہی میرے گھر میں میری بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام ہم لوگوں نے بڑے چاؤ سے آمنہ رکھا۔ ایک ماں کی حیثیت سے میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ وہ اس پوری کائنات کی سب سے خوبصورت بچی ہے۔ میرے مصری شوہر اورمیرے ویلیز کے خون کا ایک بے مثال امتزاج ہے۔ اس میں وہ سب کچھ ہے جو کسی لڑکی میں ہونا چاہیے۔ وہ میرے جسم کا ٹکڑا، میری روح کا حصہ مجھے وہ میری جان سے بھی زیادہ پیاری ہے۔

عزت مآب جج صاحب! مجھے اندازہ تھا اور میں نے یہ حقیقت تسلیم بھی کرلی تھی کہ مصری سماج میں لڑکی پیدائش پر کوئی خاص خوشی نہیں منائی جاتی ہے۔ عورت کو سماج میں دوسرے درجے کا شہری بن کر رہنا پڑتا ہے مگر ان تمام حقائق کے باوجود میں آمنہ کی پیدائش پر خوش تھی اور میں نے دل ہی دل میں فیصلہ کرلیا کہ میں پوری کوشش کرکے آمنہ کو بھی وہی سب دلوانے کی کوشش کروں گی جو علی کو ملے گا۔ وہی تعلیم، وہی عزت۔ مجھے ایک اعتماد سا تھا کہ اپنے شوہر کی مدد سے میں اپنے گھر کو ایک مثالی گھر بنادوں گی۔ جہاں لڑکا اورلڑکی میں فرق نہیں ہوگا مگر یہ غرور ٹوٹ گیا۔ ”

یہ کہہ کر وہ خاموش ہوگئی۔ اس کی حسین آنکھوں میں آنسو کسی چراغ کی لَو کی طرح ٹمٹارہے تھے۔ اس کے چہرے کی اُداسی بہت ہی سنگین ہوگئی۔ اس کا دیوی جیسا لانبا جسم کپکپارہا تھا اورا س کا چہرہ وفورِ جذبات سے سرخ ہوچکا تھا۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3 4