امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر عوام کو ریاضی کا فارمولا کیا پیش کیا، عوام تو پیچھے ہی پڑ گئے


امیتابھ بچن

دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا انسان ہو جس نے کبھی کوئی غلطی نہ کی ہو، کیونکہ انسان تو ہے ہی غلطی کا پتلہ۔ لیکن کبھی کبھار کوئی غلطی آپ پر بھاری پڑ جاتی ہے، خاص کر اگر آپ کوئی معروف شخصیت یا کوئی شوبز سلیبریٹی ہوں۔

ایسے میں سونے پر سہاگہ تب ہوتا ہے جب آپ ایسی ہی کوئی بات سوشل میڈیا پر کر دیں تو بس پھر کیا، یہاں تیر کمان سے نکلا وہاں آپ پر سوشل میڈیا صارفین چاروں جانب سے حملہ آور ہوئے۔

واٹس ایپ، ٹک ٹاک، ٹوئٹر کے دور میں ایسی غلطی ہونے کا امکان اور بھی بڑھ جاتا ہے اور ایسا ہی کچھ بالی وڈ کے شہنشاہ بِگ بی یعنی امیتابھ بچن کے ساتھ ہوا۔

بالی وڈ میں بول بچن کی دھاک بٹھانے والے امیتابھ بچن جمعے کو ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کر کے اپنے پرستاروں کی تنقید اور ٹرولنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔

معاملہ کچھ یوں ہے کہ امیتابھ بچن نے جمعے کو اپنے ٹوئٹر پر ایک پیغام ڈالا جس میں انھوں نے یہ کہا:

آج کا دن بہت ہی خاص اور نایاب ہے اور یہ دن ایک ہزار برس میں ایک بار آتا ہے۔

اگر آج کے دن آپ اپنی عمر اور سنہ پیدائش کو جمع کریں تو جواب میں سنہ 2020 آئے گا۔

ماہرین بھی آپ کو یہ نہ بتا پائیں گے، آپ خود تجربہ کریں اور جانیے ورنہ ایک ہزار برس کا انتظار کرنا پڑے گا۔

 

بس بِگ بی کی جانب سے یہ ٹویٹ کرنا تھی کہ ان کے پرستاروں اور ٹوئٹر صارفین نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کے ساتھ ساتھ مزاح پر مبنی میمز کے ساتھ ٹرولنگ شروع کر دی۔

کئی صارفین نے اس کی وجہ لاک ڈاؤن میں خود ساختہ تنہائی کے اثرات بتائے۔

ایک صارف نے تو انھیں صاف صاف کہہ ڈالا کہ ’اس میں ایسا خاص کیا ہے، یہ تو ہمیشہ ہی ہوتا ہے اور ہر برس اگر آپ اپنی عمر اور سنہ پیدائش کو جمع کریں تو رواں سال ہی جواب میں آتا ہے‘۔

 

جبکہ ایک صارف ریاض احمد نے امیتابھ بچن کے صاحبزادے ابھیشیک بچن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘کیا آپ برائے مہربانی ابھی ان کے موبائل فون سے واٹس ایپ ان انسٹال کر سکتے ہیں۔’

 

https://twitter.com/karmariaz/status/1258735376811712513

للت سنگھ نامی صارف نے تو ان کے واٹس ایپ کے خلاف قانونی درخواست دائر کرنے کی ہی گزارش کر ڈالی۔

 

ایک اور صارف نے کہا کہ ‘آپ محض واٹس ایپ کو بدنام مت کریں یہ لطیفہ برسوں پہلے انٹرنیٹ ایکسپلورر پر تھا، انھوں نے آج وہاں سے لیا ہے۔’

 

جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ‘سر جی پریشانی مت لیں، لاک ڈاؤن میں کبھی کبھی ایسا ہو جاتا ہے۔’

ایک صارف نے کچھ اسی طرح کی میم شئیر کی۔

 

جبکہ ایک صارف نے تو بگ بی کی ماضی کی یادوں کو کچھ ایسے جھنجوڑا۔

 

https://twitter.com/Mumbaichaamulga/status/1258720246040457217

اب کچھ بھی ہو امیتابھ بچن نے عوام کو ریاضی کا جو فارمولا پیش کیا اس کی منطق تو وہ ہی جانتے ہیں کہ آیا وہ کسی واٹس ایپ پیغام کو پڑھنے کے بعد جوش میں آکر ٹویٹ کر بیٹھے ہیں یا لاک ڈاؤن میں بوریت کے ہاتھوں تنگ آ کر محض دل لگی کے لیے طنزیہ طور پر اپنے پرستاروں کو ستانے کابہانہ تلاش کر رہے ہیں۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp