ہانگ کانگ سکیورٹی قانون: امریکہ نے متنازع قانون سے منسلک چینی اہلکاروں پر ویزا پابندیاں عائد کر دیں


پومپیو

امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ایسے حکام پر ویزا پابندیاں عائد کر رہا ہے جو ہانگ کانگ کی عوام کی خودمختاری مجروح کرنے کے ذمہ دار تھے۔

پومپیو کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں سے جماعت کے ’موجودہ اور سابق‘ ارکان دونوں متاثر ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ یہ اقدام صدر ٹرمپ کے اس وعدے کی پیروی ہے جس کے مطابق چین کو ہانگ کانگ کی خود مختاری محدود کرنے والے سکیورٹی قانون متعارف کروانے پر سزا دی جانی تھی۔

چین کا کہنا ہے کہ امریکہ کا یہ فیصلہ ایک ’غلطی‘ ہے جس پر اسے نظرِ ثانی کرنی پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیے

دنیا بھر کے ممالک اپنے دفاعی بجٹ تیزی سے کیوں بڑھا رہے ہیں؟

امریکہ چین تعلقات: امریکی کمپنیوں کو ہوائی کے ساتھ کام کرنے اجازت

’چین کی موجودہ طاقت کا امریکہ سے کوئی موازنہ نہیں‘

یہ پیش رفت چین کے پارلیمانی اجلاس کے منعقد ہونے کے چند روز بعد سامنے آئی ہے۔

نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی اس نئے قانون سے متعلق آئندہ اتوار کو شروع ہونے والے اجلاس میں بحث کرے گی۔

چین نے ایک ایسا سکیورٹی قانون متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے ہانگ کانگ میں بیجنگ کی حاکمیت کو مجروح کرنا جرم تصور ہو گا اور اس کے باعث چین ہانگ کانگ میں پہلی مرتبہ اپنی سکیورٹی ایجنسیوں کے دفاتر قائم کرے گا۔

اس نئے قانون کے متعارف ہونے کے بعد ہانگ کانگ میں چین مخالف مظاہروں کی ایک نئی لہر نے سر اٹھایا ہے۔

https://twitter.com/ChineseEmbinUS/status/1276633660083634183

جمعہ کے روز مائیک پومپیو نے اپنے بیان میں کسی ایسے چینی اہلکار کا نام تو نہیں لیا جو امریکی ویزا پابندیوں سے متاثر ہوا ہے تاہم یہ پیش رفت امریکی ایوانِ بالا میں ایک حالیہ ووٹ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اراکین نے ان افراد پر پابندیاں عائد کرنے کا کہا تھا جو ہانگ کانگ کی خودمختاری کو محدود کرنے اور ان بینکوں کے خلاف بھی جو ان کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں۔

اس اقدام کے بارے میں اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے واشنگٹن میں چین کے سفارتخانے نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ’امریکہ کے اس غلط فیصلے کی مخالفت کرتے ہیں۔‘

سفارت خانے کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کے وہ اپنی غلطیوں کی تصحیح کرے، اس فیصلے کو واپس لے اور چین کے داخلی معاملات میں دخل اندازی کرنے سے پرہیز کرے۔‘

Trump and Xi at G20 in Osaka

گذشتہ ماہ صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ چین کے منصوبوں کے ردِ عمل میں ہانگ کانگ سے تجارت اور سیاحت کے حوالے سے ترجیحی سلوک ختم کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ بیجنگ ’اپنے وعدے کے خلاف ایک ملک دو نظام کے فارمولے سے ہٹ کر ایک ملک ایک نظام کی پالیسی اپنا رہا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ہانگ کانگ کے لیے ایک سانحے سے کم نہیں، چین نے ہانگ کانگ کی خودمختاری چھین لی ہے۔

چینی پارلیمان نے پہلے ہی نئے قانون سے متعلق قرارداد کی حمایت کر دی ہے جس کے بعد اب یہ ملک کی سینیئر لیڈران کے پاس جا چکی ہے۔

ہانگ کانگ نے بھی ایک سکیورٹی قانون پاس کرنا تھا تاہم اس کی غیر مقبولیت کے باوجود اسے منظور نہیں کروایا جا سکا تھا۔

چین اب مداخلت کر کے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ شہر کا ایک آئینی ڈھانچہ ہو جس کے ذریعے چین کی حاکمیت کو درپیش خطرات سے نمٹا جا سکے۔

اس قانون کے تحت مندرجہ ذیل فعل جرم قرار دیے جائیں گے:

1۔ چین سے علیحدگی اختیار کرنا

وفاقی حکومت کے اختیار یا طاقت کو نظر انداز کرنا

3۔ دہشت گردی، یعنی اپنے ہی لوگوں کے خلاف تشدد کا رستہ اپنانا

غیرملکی فورسز کی ہانگ کانگ کے معاملات میں عمل دخل

ماہرین کا کہنا ہے کہ انھیں ڈر ہے کہ اس قانون کے تحت ان افراد و بھی سزائیں دی جائیں گی جو بیجنگ پر تنقید کرتے ہیں جیسے چین میں ہوتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32286 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp