رنگ نسل کی نفرت، سندھ کے گلی کوچوں سے سندھ کے ایوان تک
اسی ہفتے سندھ اسمبلی کے فلور پر سندھ کی برسر اقتدار پارٹی پاکستان پیپلزپارٹی کی خاتون ایم پی اے کلثوم چانڈیو نے ذاتی نوک جھونک پر مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون ایم پی اے کو حقارت کے اظہار کے طور پر ”باگڑی“ کہہ کر مخاطب کیا۔ جس کے بعد سندھ میں سوشل میڈیا اور دوسرے حلقوں میں یہ گرما گرم بحث چل نکلی۔ جس پر سندھ کے قدیمی قبیلے ”باگڑی“ کے ساتھ نسلی امتیاز روا رکھنے پر اہل دانش اور اہل شعور نے ایم پی اے کلثوم چانڈیو کو آڑے ہاتھوں لیا جس پر وہ معذرت کرنے پر مجبور ہوئی۔
اصل میں بات یہاں تک ختم نہیں ہوتی۔ اگر بات کی تہہ تک جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ سندھ میں تقریباً ہر گلی محلے میں رہنے والے لوگ دانستہ یا غیر دانستہ طور پر اپنی گفتگو میں اس قسم کے نسلی امتیاز کا اظہار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ سندھ کے بہت سے مسلمان گھر میں کسی بچے یا بڑے کو گھٹیا ثابت کرنے کے لئے اسے ”باگڑی، گرگلہ، کولھی، بھیل، مارواڑی، اوڈ یا جوگی“ کہا جاتا ہے۔ یہ سن کر آپ کو اور بھی تشویش ہوگی کہ یہ سب سندھ کے قدیمی غیر مسلم شیڈول کاسٹ ہیں۔
ان قبیلوں میں سے کسی ایک کو اگر کسی دوسرے سے تعلق کو فقرے کے طور پر کسا جائے تو وہ بھی غصے کا اظہار کرتا ہے۔ ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے یہ قبائل گالی بن چکے ہوں جسے دینے والا نفرت اظہار کرتا ہے اور جس کو دیتا ہے وہ بھی بھڑک اٹھتا ہے۔ یہ نسلی امتیاز کا غیرانسانی رویہ ہمیں ملکی میڈیا پر بحث مباحثہ کرتے سیاستدانوں، ایوانوں میں بیٹھے صاحب اقتدار، ممبر پر بیٹھے مولوی، نجی محفلوں، مزاح، ہر جگہ محسوس ہوتا ہے جیسے یہ رویہ ہمارا نصب العین بن چکا ہو۔ جیسے پنجاب میں کسی کو نیچ کمزور ثابت کرنے کے لئے ”میراثی“ کہا جاتا ہے۔
پنجاب میں میراثی لفظ بطور تحقیر استعمال ہوتا ہے۔ جس میں اوچ نیچ کا تاثر شاید پیشے کے حساب سے بھی لیا جاتا ہے۔ یہ جاہلانہ رجعت پسندانہ رویے ماضی سے لے کر آج تک یہ سماج کندھوں پہ لیے گھوم رہا ہے۔ میراثی ہندوستان کا ایک مشہور قبیلہ ہے جو تقسیم ہند کے بعد بھی ہندوستان اور پاکستان میں ہر جگہ موجود ہیں۔ اس قبیلے کا پیشہ حسب نسب کی معلومات رکھنا ہوتا تھا اس قبیلے کے لوگ اکثر گویے اور رقاص ہوتے ہیں۔ میراثی اکثر بیشتر موسیقار، تھیٹر کے ماہر، اسٹیج شو اور مزاح سے منسلک بھی رہتے ہیں۔ اکثر میراثی گویے خود کو ”خان“ کہلواتے ہیں جس پر اصلی و نقلی خان بھی برا مناتے ہیں۔
1956 میں پاکستانی حکومت نے سندھ کے مذہبی اقلیتی 32 قبائل کو شیڈول کاسٹ ڈکلیئر کیا۔ جن میں باگڑی، بھیل، مینگھواڑ، اوڈ، جوگی، کولھی، مارواڑی اور سوچی شامل ہیں۔ 1998 کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ان قبائل کی کل آبادی 332343 ہے جن میں سے تین لاکھ تو سندھ میں ہے۔ دوسری جانب دلت تحریکیں ان اعداد و شمار کو رد کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قبائل اکثر خانہ بدوش ہوتے ہیں ان کا ایک جگہ ٹھکانہ نہیں ہوتا لہاذا ان کی مردم شماری کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔
سندھ میں یہ قبائل تعلیم، صحت، روزگار کی سہولیات سے محروم ہیں۔ سندھ کے اسکولوں میں نسلی و مذہبی امتیاز کی وجہ سے ان کے بچے مسلمان اسکولوں میں نہیں پڑھ سکتے کیونکہ وہاں ان کو شاگرد اور اساتذہ دونوں کی نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یا پھر مذہبی اختلاف کا۔
”میں لا کالج میں پڑھتا تھا جہاں ہمارے ایک کانسٹی ٹیوشن کے ٹیچر دو ہندو لڑکیوں کی وجہ سے کلاس کو اسلامیات کا کلاس بنا دیتے تھے اس کلاس میں دین اسلام کی باقی مذاہب سے برتری، اور بتوں کے جھوٹے ہونے کی باتیں ہوتیں تھیں۔ میرے ایک دفعہ اعتراض پر مجھے کلاس میں کھڑا کر کہ پہلا اور دوسرا کلمہ سنا کر اور دین کے اہم رکن بتا کر اپنے مسلمان ہونے کا ثبوت دینا پڑا تھا“
خیر۔ ان اسکولوں میں گلاس میں پانی پینے سے لے کر ساتھ بیٹھنے تک ان بچوں سے نفرت کی جاتی ہے نتیجتاً وہ لوگ پرائمری میں ہی اپنی تعلیم چھوڑ دیتے ہیں۔ سندھ کے ان قدیمی قبائل کو رنگ نسل اور مذہبی اختلاف کی وجہ سے قابل نفرت اور کمتر سمجھا جاتا ہے۔ سندھ کے اکثر ہوٹل پر ان کو کھانا نہیں ملتا اکثر پر ان کے الگ برتن ہوتے ہیں جن کو ”سنہری“ برتن کہا جاتا ہے۔ اکثر جگہ برتن میں پانی پی لینا ان کو مہنگا پڑ جاتا ہے کہیں مار بھی پڑتی ہے۔
صرف ان قبائل کی لڑکیوں کو ورغلا کر مسلمان کر کے دھوکہ دیا جاتا ہے وگرنہ کسی صورت ان کو انسان نہیں سمجھا جاتا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ اب یہ رویہ نام نہاد جمہوریت کی دعویدار روشن خیال پارٹیوں کے منتخب اراکین اسمبلی کے ایوانوں میں لے آئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی خاتون ایم پی اے کلثوم چانڈیو کی طرف سے نصرت سحر عباسی کو ”باگڑی“ کہہ کر مخاطب ہونا اور یہ لفظ سن کر نصرت سحر کا آپے سے باہر ہوجانا اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں اس لفظ کو قابل حقارت سمجھتی ہیں۔ دونوں کو اپنے کیے پر شرمسار ہونا پڑے گا۔
”باگڑی“ ہندوؤں کا ایک خانہ بدوش قبیلہ ہے۔ یہ قبیلہ کاٹھیاواڑ اور مارواڑ سے سندھ میں داخل ہوا۔ سندھو سرزمین کا قدیم قبیلہ ہے کسی دور میں یہ قبیلہ جرائم پیشہ افراد کے طور پر جانا جاتا تھا۔ پارٹیشن سے قبل ان میں سے بہت سے جرائم پیشہ لوگ تھے۔ اٹھارہویں اور انیسویں صدی میں اس قبیلے کے لوگ دوسرے جرائم پیشہ قبائل سے مل کر قافلوں کے مسافروں سے دوستی کر کے انہیں نشہ آور چیزیں کھلا کر لوٹ لیتے تھے۔ بعض اوقات مسافروں کو قتل بھی کردیتے تھے۔ یہ خانہ بدوش لوگ تھے ہر جگہ تین ماہ سے زائد نہیں ٹھہرتے تھے۔
لفظ ”باگڑی“ کا استعمال ہر اس ہندو راجپوت، یا جت/جٹ کے لئے ہوتا ہے جو انڈیا باگڑیا، سرسا اور بیکانیر کا رہائشی ہو۔ گورداسپور کے باگڑی سہلریا ہیں جو اپنا قبیلہ باگڑیا یا پھر بھاگڑ بتاتے ہیں۔ جب کہ ”ناگری“ کا دعوی ہے کہ یہ قبیلہ علا الدین غوری کے دور میں دہلی سے ہجرت کر کے آنے والے راجپوتوں میں سے ہے۔ پنجاب سیالکوٹ میں کافی باگڑی خاندان آباد ہیں۔ معاشی اور اقتصادی حوالے سے ہندو نیچ ذاتوں میں سے بھی زیادہ ہیں۔ اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان میں ان کے اکثریتی علاقوں میں شرح خواندگی بڑھنے لگی ہے لیکن خانہ بدوش یا اقلیتی علاقوں میں وہی بیک ورڈ زندگی گزار رہے ہیں۔
ایسے سماجی رویے جن سے نسل در نسل نفرت پنپ رہی ہو کبھی قابل غور نہیں رہے۔ کوئی بھی انسان محض قبیلے، نسل، رنگ، مذہب یا نظریے کے بنیاد پر نفرت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمیں اس وقت ان چیزوں سے نکل کر وہ راہ لینی ہے جو راہ نجات ثابت ہو۔ کم ازم کم ہم اس سماج میں نفرتوں کے بنا جی سکیں۔ ہم محبت کی مثال بن جائیں ہم انسان بن جائیں۔


