امریکہ اورکنیڈا سے پاکستان بھیجی گئی امداد حاصل کرنے کا طریقہ


انسان جہاں پیدا ہوتا ہے اس جگہ سے محبت ایک فطری عمل ہے اسے نہ تو کوئی طاقت کے زور پر چھین سکتا ہے اور نہ کسی ظلم یا جبر کے ذریعے۔ اچھے مستقبل اور بہتر روزگار کی کوشش کون نہیں کرتا اور جب کوئی اس کوشش میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اس سے نہ صرف وہ اپنے فیملی کی مدد کرتا ہے بلکہ اپنے ملک اور اس میں رہنے والے تمام شہریوں کی بھی مدد کرتا ہے۔ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے جہاں آئے روز انسانی حقوق کی پامالی، غربت سے تنگ آ کر خودکشی کرنے جیسے واقعات کی خبریں سننے کو ملتی رہتی ہیں اور بنیادی صحت اور تعلیم جیسی محرومیاں بھی بڑے پیمانے پر پائی جاتی ہیں۔ ایسے میں درد دل رکھنے والے پاکستانی جو اچھی تعلیم اور معاش کے سلسلے میں بیرون ملک ہجرت کر گئے تھے ان سے وطن عزیز کے لوگوں کا درد دیکھا نہیں جاتا اور اس حوالے سے وہ اپنے ملک کی کسی نہ کسی طرح مدد کرتے رہتے ہیں اور وطن سے اپنی فطری محبت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔

پاکستان میں آبادی کے اعتبار سے موجود صحت کی سہولیات ناکافی ہیں اسپتالوں پر لوڈ زیادہ ہوتا ہے جس سے بہت سے لوگوں کی بیماری کی تشخیص اور بہتر علاج نہیں ہو پاتا، غربت زیادہ ہونے کی وجہ سے نجی اسپتالوں میں بہت سے لوگ اپنا علاج نہیں کروا سکتے۔ ایسے میں کنیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر بلند اقبال نے اپنے والدین کی یاد میں ایک ورچوئل اسپتال کا جو خواب دیکھا وہ خواب ا س لاک ڈاؤن کے دوران ایک حقیقت بنا۔ ڈاکٹر بلند اقبال پچھلے بیس سال سے میڈیسن پریکٹس کر رہے ہیں اور اس وقت آنٹیریو، کنیڈا کے نورفوک جنرل اسپتال کے بطور چیف اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر بلند اقبال کریٹیو رائٹنگ، فلاسفیکل گفتگو، سیاسی، سماجی اور نفسیاتی مسائل پر مختلف پروگرام بھی کرتے رہتے ہیں۔ اور اب کنیڈا ون چینل پر ”دی لائبریری“ پروگرام کے ذریعے بہت سے لوگوں کو شاندار کتابوں سے روشناس کروا رہے ہیں۔

ڈاکٹر بلند اقبال پاکستان کے صدارتی ایوارڈ یافتہ، ترقی پسند دانشور، اردو شاعر، ادیب، فلم گیت رائٹر اور ریڈیو ڈرامہ آرٹسٹ حمایت علی شاعر کے بیٹے ہیں اور والدہ معراج نسیم جو بیس سال قبل کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہو گئیں اور پھر اسی عارضہ کی وجہ سے اس دنیا سے چل بسیں اور آج سے ٹھیک ایک سال قبل حمایت علی شاعر بھی اس جہان فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ اپنے والدین کی یاد میں ڈاکٹر بلند اقبال نے معراج نسیم ورچوئل اسپتال اور حمایت علی شاعر فاونڈیشن ایک جدید طرز کا ورچوئل فلاحی اسپتال بنایا۔

اس فلاحی اسپتال کا مقصد کسی ڈونیشن یا مالی امداد کے بغیر بالکل مفت جدید طبی مشورے کی فراہمی کو یقینی بنانا۔ اس مقصد کے لیے ڈاکٹر بلند اقبال نے امریکہ اور کنیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر ز سے رابطہ کیا اور اپنا آئیڈیا جب ان کے ساتھ شیئر کیا تو انہوں نے اس آئیڈیا کو نہ صرف سراہا بلکہ اس اسپتال کا حصہ بھی بن گئے۔ اس ورچوئل اسپتال کے ذریعے انتہائی ماہر اور قابل ڈاکٹرز کی ٹیم کی طرف سے مریضوں کو بہترین مفت طبی مشورے دیے جاتے ہیں، مریضوں سے ان کی علامات اور لیبارٹری ٹیسٹ کی روشنی میں بہترین ادویات تجویز کی جاتی ہیں اور مریضوں کو اپنی صحت کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ جدید تحقیق اور اہم معلومات سے روشناس کروایا جاتا ہے۔

پاکستان میں بہت سے لوگ غربت کی وجہ سے علاج معالجے میں بہت سی مشکلات سے دوچار رہتے ہیں۔ اس اسپتال کے ذریعے ایسے تمام لوگوں کو نہ صرف مفت طبی مشورے فراہم کیے جاتے ہیں بلکہ وقت پر صحیح تشخیص بھی کی جاتی ہے۔ اس اسپتال سے نفسیاتی مسائل میں مبتلا افراد بھی کونسلنگ اور بہتر ادویات کی تجویز حاصل کر سکتے ہیں۔ معراج نسیم ورچوئل اسپتال سے ویسے تو دنیا بھر سے تمام لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن اس مقصد کے پیچھے پاکستان اور پاکستانیوں سے فطری محبت کا جذبہ شامل ہے۔ پاکستان کے شہریوں کو صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کا حل کے لیے ڈاکٹر بلند اقبال نے اس ورچوئل اسپتال کو بنایا۔ یہ ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جس کا قیام انسانیت کی ان اعلی قدروں کی ترجمانی ہے جنہیں حمایت علی شاعر اور معراج نسیم نے اپنے بچوں میں شامل کیا۔

عمومی طور پر جب امداد کی بات آتی ہے تو ذہن میں پیسوں کا خیال آتا ہے لیکن یہ اسپتال جو امریکہ اور کنیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کی اپنے ہم وطنوں کے لیے یقیناً بہت بڑی امداد ہے۔ ایک گھر کے افراد جو صحت پر اوسطا روپے خرچ کرتے ہیں وہ اس اسپتال کے ذریعے مفت طبی مشورے لے کر وہ سارے روپے بچا سکتے ہیں اور ان روپوں کو بچوں کی تعلیم اور دوسری بنیادی سہولیات پر خرچ کر سکتے ہیں۔ معراج نسیم ورچوئل اسپتال اور حمایت علی شاعر فاؤنڈیشن پر مفت طبی مشورے حاصل کرنے کا لنک یہ ہے

آپ اپنی بیماری کی علامات اور اگر کوئی رپورٹس کروائی ہوئی ہیں تو اپنا نام، عمر، فون نمبر کے ساتھ درج ذیل ایمیل ایڈریس پر بھیجیں اور آپ اپنی بیماری کی علامات اردو میں بھی لکھ کر اس ایمیل ایڈریس پر بھیج سکتے ہیں۔

Email: merajnasimhospital@gmail.com

اس ورچوئل اسپتال سے خود بھی فائدہ اٹھائیں اور ان تمام لوگوں کی بھی مدد کریں جو انٹرنیٹ سے واقف نہیں اور اس نیک مقصد میں شامل ہو جائیں یہ ہے وہ امداد اور اس کو حاصل کرنے کا طریقہ۔ نیک تمنائیں آپ کے لیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments