پاکستان کے 50 یادگار اور عہد ساز گانے، نغمے اور دھنیں: الزائمرز کے عالمی دن پر ڈیمینشیا کا شکار افراد کے لیے بی بی سی اردو کا تحفہ


میوزک میموریز

بی بی سی اردو نے اپنے قارئین، موسیقی سے وابستہ افراد اور صحافیوں کی مدد سے ایسے 50 گانے جمع کیے ہیں جو ایک عالمی پلے لسٹ کا حصہ ہوں گے جنھیں بی بی سی ورلڈ سروس ’میوزک میموریز پراجیکٹ‘ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس پلے لسٹ کے لیے بی بی سی نے اپنے قارئین کو دعوت دی کہ وہ اُن یادگار اور عہد ساز گانوں اور دھنوں کے انتخاب میں ہماری مدد کریں جن کی مدد سے ڈیمینشیا سے متاثرہ افراد کی یادیں تازہ کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔

21 ستمبر کو الزائمرز کے عالمی دن کے موقع پر بی بی سی کی ’میوزک اینڈ ڈیمینشیا‘ مہم کے تحت بنائی گئی اس پلے لسٹ میں نصرت فتح علی خان کے ’دم مست قلندر‘، ملکہ ترنم نور جہاں کے ’سانوں نہر والے پُل تے بُلا کے‘ اور نازیہ حسن کے ’ڈسکو دیوانے‘ جیسے مشہور گانے شامل ہیں، اور یہ اس عالمی پلے لسٹ کا حصہ بن چکے ہیں جن میں دنیا کے کئی ممالک، تہذیبوں اور ثقافتوں کی ترجمانی کی گئی ہے۔

الزائمرز کے مریضوں کی عالمی تنظیم الزائمرز ڈیزیز انٹرنیشنل کے مطابق دنیا میں اس وقت پانچ کروڑ افراد ڈیمینشیا کا شکار ہیں اور سنہ 2050 تک یہ تعداد 15.2 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا میں ہر تین سیکنڈ بعد کسی نہ کسی کو ڈیمینشیا کا مرض لاحق ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈیمینشیا: ہر تین سیکینڈ میں نیا مریض، امید کی کوئی کرن؟

ڈیمنشیا: کیا پاکستان آنے والے وقت کے لیے تیار ہے؟

‘ڈیمینشیا کے شکار افراد کے ساتھ وقت گزارنا اہم ہے’

الزائمرز کے عالمی دن کے موقع پر بی بی سی ورلڈ سروس کی کوشش ہے کہ وہ بی بی سی میوزک میموریز کی بین الاقوامی موسیقی کی لائبریری کو وسعت دے سکے جس میں موجود گانوں، نغموں اور دھنوں کی مدد سے دنیا بھر کی ثقافتوں کا ملاپ ممکن ہو سکے گا۔

اس پلے لسٹ کو تیار کرنے کے لیے پاکستان اور افغانستان سے لے کر ارجنٹینا تک بی بی سی کے قارئین کو دعوت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے ممالک کے اُن مشہور و معروف گانوں کا انتخاب کریں جو ان کی یادوں میں آج بھی نقش ہیں۔

سوشل میڈیا پر موجود بی بی سی اُردو کے قارئین اور ماہرین کی مدد سے چنے گئے یہ پاکستانی گانے ایک پلےلسٹ کا حصہ ہیں جو کہ ایک جانب بی بی سی میوزک میموریز کی ویب سائٹ پر موجود ہو گی اور دوسری طرف ڈیجیٹل میوزک سروسز مثلاً سپوٹی فائے اور ایپل میوزک کی مدد سے سنی جا سکے گی۔ صارفین ان گانوں کو اپنی پسند کی پلے لسٹس میں بھی شامل کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ بی بی سی کے میوزک میموریز پراجیکٹ کے تحت بی بی سی اُردو کی اسلام آباد اور لندن میں موجود ٹیموں نے مل کر پاکستانی گلوکار عالمگیر کا مشہور نغمہ ’دیکھا نہ تھا‘ کو ملک کے چند مقبول نوجوان گلوکاروں اور موسیقاروں کی مدد سے دوبارہ تشکیل دیا ہے۔ اس گانے کی ریکارڈنگ اور ویڈیو کی فلم بندی کورونا وائرس کی وجہ سے لگے لاک ڈاؤن کے دوران ہوئی اور تمام تر فنکاروں نے اپنے اپنے حصے خود گھر بیٹھے ریکارڈ کیے ہیں۔

یہ ویڈیو بی بی سی اُردو کے فیس بک اور یو ٹیوب صفحات پر پیر کی دوپہر ریلیز کی جائے گی۔

بی بی سی اُردو کی میوزک میموریز پلے لسٹ میں مندرجہ ذیل گانے، نغمے، غزلیں اور دھنیں شامل ہیں اور یہ فہرست کسی مخصوص ترتیب میں نہیں ہیں۔ چند موسیقار یقیناً ایسے ہیں جن کے ایک سے زیادہ گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

  • نور جہاں: چاندنی راتیں، مجھ سے پہلی سی محبت، سانوں نہر والے پُل تے بلا کے
  • نصرت فتح علی خان: دم مست قلندر، یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے
  • مہدی حسن: گلوں میں رنگ بھرے، زندگی میں تو سبھی
  • احمد رشدی: بندر روڈ سے کیماڑی، کو کو کورینا
  • اقبال بانو: دشتِ تنہائی، الفت کی نئی منزل
  • عطا اللہ عیسی خیلوی: قمیض تیری کالی، یہ زندگی کے میلے (عارف لوہار کے ساتھ)
  • عابدہ پروین: تیرے عشق نچایا، یار کو ہم نے جا بجا دیکھا
  • زبیدہ خانم: آئے موسم رنگیلے سہانے
  • خیال محمد: بی بی شیریں
  • طفیل نیازی: میں نئیں جانا کھیڑیاں دے نال
  • رونا لیلٰی: کاٹے نہ کٹے رے
  • صابری برادرز: بھر دو جھولی
  • فریدہ خانم: آج جانے کی ضد نہ کرو
  • ریشماں: اکھیاں نوں رہن دے
  • امانت علی خان: انشا جی اٹھو
  • عزیز میاں قوّال: تیری صورت (میں شرابی)
  • عالمگیر: دیکھا نہ تھا
  • یعقوب عاطف بلبلہ: پانی کا بلبلہ
  • منی بیگم: آوارگی میں حد سے گزر جانا چاہیے
  • ملکہ پکھراج اور طاہرہ سید: ابھی تو میں جوان ہوں
  • حبیب ولی محمد: یہ نہ تھی ہماری قسمت
  • بینجامن سسٹرز: گاڑی کو چلانا بابو
  • نازیہ حسن: ڈِسکو دیوانے
  • ٹینا ثانی: بہار آئی
  • وائٹل سائنز: دل دل پاکستان
  • حسن جہانگیر: ہوا ہوا
  • علن فقیر اور محمد علی شیکی: اللہ اللہ کر بھیا
  • سٹرنگز: سر کیے یہ پہاڑ
  • سجاد علی: بے بیا
  • علی حیدر: پرانی جینز
  • نجم شیراز: ان سے نین ملا کے دیکھو
  • شازیہ خشک: دانے پہ دانہ
  • ابرار الحق: بلّو
  • عامر ذکی: میرا پیار
  • عدنان سمیع خان: ڈھولکی
  • جنید جمشید: تمہارا اور میرا نام
  • جنون: سئیو نِی‎
  • شازیہ منظور: آ جا سوہنیا
  • حدیقہ کیانی: بوہے باریاں
  • فریحہ پرویز: پتنگ باز سجنا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp