برا تو نہیں مانا آپ نے؟


آپ کی لڑکی گوری ہے، لمبی ہے، مگر ہمارے لڑکے سے تھوڑی زیادہ لمبی ہے۔ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں لوگ باتیں کرتے ہیں۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

ماشا اللہ بہت پڑھی لکھی ہے۔ مگر ہمارا بیٹا کہتا ہے زیادہ زیادہ پڑھی لکھی لڑکیوں کا دماغ خراب ہو جاتا ہے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

ماشا اللہ بہت اچھا کماتی ہے آپ کی بیٹی۔ مگر ہمارا تجربہ ہے جو لڑکیاں لڑکے سے زیادہ کماتی ہیں وہ چڑھ کے رہتی ہیں۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

پڑھتے پڑھتے آج کل عمریں زیادہ ہو ہی جاتی ہیں۔ پھر نوکری ملنا کون سا آسان ہے۔ آپ نے کچھ زیادہ ہی دیر نہیں کر دی رشتہ دیکھنے میں۔ بال اصل میں سیاہ ہیں نا۔ آج کل ڈائی اتنے اچھے ہیں پتا ہی نہیں چلتا۔ ویسے ہی پوچھ رہی تھی۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

بولتی بالکل نہیں۔ اب ایسی بھی کیا خاموشی۔ کہیں گونگی تو نہیں یا دانت بڑے ہیں۔ معاف کیجئے گا وقت ہی ایسا ہے بہت دھوکا دہی ہے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

جہیز کا ہمیں بالکل بھی لالچ نہیں پر ماں باپ کے ارمانوں کا قتل تھوڑا ہی کریں گے۔ آپ جو بھی اپنی خوشی سے دے دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ ویسے ہم نے سب پرانا سامان اٹھوا دیا ہے۔ اور ہمارا لڑکا بیچارا بھی موٹر سائیکل پر آفس جاتا ہے۔ شادی کے بعد جائے گا تو لوگ مذاق اڑائیں گے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

ہمارا خاندان کافی بڑا ہے۔ میرے بڑے بیٹے کے سسرال والوں نے گھر بھر کے علاوہ سب رشتہ داروں کے کپڑے دیے تھے اور دعوت بھی اونچے ہوٹل میں کی تھی۔ اب خاندان برادری میں ناک تو نہیں کاٹنی چاہیے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

میری بڑی بہو کے سب بچے شہر کے سب سے اچھے ہسپتال میں ہوئے تھے۔ میں نے تو تین ماہ پہلے ہی اسے میکے بھیج دیا تھا۔ لڑکیاں میکے میں زیادہ خوش رہتی ہیں ناں اور بچے کی صحت پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

بس جیسے ہی کام کرنے قابل ہو جائے تو فوراً سسرال واپس آ جائے۔ آخر ہمیں بھی تو پوتے سے کھیلنے کا شوق ہے۔ میری بیٹیاں ابھی کالج میں پڑھتی ہیں۔ گھر داری کا ٹائم ہی نہیں اور میری بوڑھی ہڈیوں میں کہاں اتنا دم ہے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

ہمارے ہاں رواج ہے بیٹیاں ہوں تو جہیز ماموں بنا کر دیتے ہیں۔ آخر میکے والوں کا بھی شوق ہوتا ہے اور آپ کا بیٹا بھی ویل سیٹلڈ ہے۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

میرے میاں ہیں نا ان کو پوتوں سے کھیلنے کا بہت شوق ہے۔ بڑی بہو کی بھی تین لڑکیاں ہیں۔ مگر اس کے ماں باپ بہت امیر ہیں۔ اسی لئے میں چپ ہوں۔ ورنہ کب کی دوسری شادی کرا چکی ہوتی۔ بس میری خواہش ہے اب کے پہلا لڑکا ہی ہو۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے؟

مگر یہ سب تو تب کی باتیں ہیں جب رشتہ ہو جائے گا۔

آپ کی لڑکی کو تو چشمہ لگا ہے۔ میری بھی مت ماری گئی ہے آج کل رشتے دیکھ دیکھ کے۔ اچھا ہمیں کہیں اور بھی جانا ہے تھوڑی جلدی ہے۔ آج رات استخارہ کر کے کل جواب دوں گی۔ سمجھ گئے نا برا تو نہیں مانا آپ نے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).