صدر ٹرمپ اسپتال میں 72 گھنٹے زیر علاج رہنے کے بعد وائٹ ہاؤس منتقل


صدر ٹرمپ والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں 72 گھنٹے تک زیر علاج رہے۔

کرونا وائرس کے شکار امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور انہیں اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ واشنگٹن کے فوجی اسپتال میں 72 گھنٹے تک زیر علاج رہنے کے بعد جمعے کو وائٹ ہاؤس پہنچے تو وہاں موجود افراد نے ان کا استقبال کیا۔

اس سے قبل والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر سے ڈسچارج ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب روانگی سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہر شخص کے مشکور ہیں۔

وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صدر ٹرمپ نے میڈیا کے کیمروں کو دیکھ کر اپنے دونوں انگوٹھے فضا میں بلند کیے اور انہوں نے ماسک بھی اتار دیا۔

صدر ٹرمپ اسپتال سے ڈسچارج ہوئے تو انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا۔ وائٹ ہاؤس پہنچے کے فوری بعد انہوں نے ماسک اتار کر الگ رکھ دیا۔

اس موقع پر وائس آف امریکہ کے نمائندے نے سوال کیا کہ آپ کی طبیعت کیسی ہے؟ جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھی کہا کہ کرونا وائرس سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی اسے اپنے اوپر حاوی ہونے دیں۔ ان کے بقول وہ اس وقت خود کو 20 برس کم عمر محسوس کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے کرونا وبا کے علاج کے لیے زبردست ادویات بنا لی ہیں اور حکومت کو اس وبا سے متعلق بہتر ادراک ہے۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1313186529058136070

دوسری جانب صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ری پبلکن امیدوار 15 اکتوبر کو ہونے والے دوسرے صدارتی مباحثے میں شرکت کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ادھر صدر ٹرمپ کے معالج ڈاکٹر شان کونلی نے پیر کی شام میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی حالت بہتر ہے اور وہ گھر واپس جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں طبی سہولیات موجود ہیں اور ڈاکٹرز ہر وقت ان کی نگرانی کے لیے دستیاب ہوں گے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ اسی روز صدر ٹرمپ کو بخار کی شدت میں اضافے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

صدر ٹرمپ ایسے وقت میں کرونا کا شکار ہوئے ہیں جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے تھے۔

عالمی وبا کا شکار ہونے سے دو روز قبل ہی صدر ٹرمپ نے ریاست اوہائیو میں پہلے صدارتی مباحثے میں شرکت کی تھی جس کے بعد بدھ کو انہوں نے منی سوٹا میں انتخابی ریلی سے خطاب بھی کیا تھا۔ ​

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa