شوبز ڈائری: بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا ٹرولنگ کرنے والوں کو کیا مشورہ اور سلمان نے کس پر کیا ’ویک اینڈ کا وار‘


سوارا بھاسکر
بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عورتوں کے خلاف ’غلیظ اور ہراساں کرنے‘ والی ٹرولنگ پدرانہ ذہنیت اور عورتوں کے خلاف نفرت آمیز‘ سوچ کی عکاس ہے۔

سوارا بھاسکر سوشل میڈیا پر کس قدر ٹرول ہوتی ہیں یہ سب جانتے ہیں۔ کیونکہ وہ ان شخصیات میں سے ایک ہیں جو حساس موضوعات پر بے خوف اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں۔

رواں ہفتے روزنامہ مڈ ڈے کے ساتھ ایک ویڈیو انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ نفرت آمیز کمنٹس اور مسلسل ٹرولِنگ کو وہ کیسے ہینڈل کرتی ہیں تو جواب میں سوارا نے بڑے ہی شوخ انداز میں کہا کہ میں اپنے ٹرولرز کو ایک بات بتانا چاہتی ہوں کہ ’بھائی لوگ آپ لوگ بہت محنت کرتے ہو لیکن میں آپ کے کمنٹ نہیں پڑھتی تو آپ لگے رہو۔‘

انھوں نے کہا کہ ’عورتوں کو چپ کرانے کا سب سے آسان طریقہ ہے کہ انھیں شرمسار کر دیا جائے، جو سب سے پرانا اور گھٹیا طریقہ ہے اور شرم کا جو تصور عورتوں کے لیے معاشرے میں پاؤں کی بیڑیاں بنے اس شرم کو بھول جانا چاہیے۔‘

یہ بھی پڑھیے

کنگنا: میں جیل جانے کی منتظر ہوں

ریا چکرورتی کے جیل میں شب و روز اور ان کی والدہ کے دل میں خودکشی کے خیالات

شاہ رخ کی بیٹی کو ’بدصورت‘ کیوں کہا جاتا تھا؟

سوارا کا کہنا تھا کہ ’وہ جانتی ہیں کہ ٹرولنگ پر پیسہ خرچ کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد انصاف کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو دبانا ہوتا ہے اور جب آپ بے خوف ہو کر معاشرے یا سیاست میں غلط چیزوں کے خلاف آواز بلند کرتے ہو تو آپ کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جاتی ہے جس کا مطلب ہے کہ سامنے والا آپ کی آواز سے خوفزدہ ہے۔‘

بالی وڈ اداکارہ سوارا کا خیال ہے کہ آج کے دور میں جو عورتیں مظالم اور حق کے لیے آواز اٹھاتی ہیں انھیں خاموش نہیں رہنا چاہیے کیونکہ ان کی یہ آواز ایسی دیگر خواتین کو حوصلہ اور طاقت بخشتی ہے جو خاموش رہتی ہیں۔

سلمان خان

سلمان خان کا اقربا پروری کی بحث پر ’ویک اینڈ کا وار‘

جہاں تک خاموشی کا تعلق ہے تو بالی وڈ کے سلو بھائی یعنی سلمان خان ان شحصیات میں سے ہیں جو ’کرنٹ افیئرز‘ یعنی حالاتِ حاضرہ پر اپنا تبصرہ اپنے تک ہی رکھتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں خاموشی میں ہی عافیت سمجھتے ہیں۔

کافی عرصے سے بالی وڈ میں مبینہ ’اقربا پروری‘ کا جو جن بوتل سے باہر نکلا ہوا ہے اس کا تماشہ سبھی دیکھ رہے تھے مگر رواں ہفتے ٹی وی ریالٹی شو بِگ باس 14 کی ’ویک اینڈ کا وار‘ قسط میں میزبان سلمان خان کو تو جیسے ان تمام لوگوں کو منھ توڑ جواب دینے کا موقع مل گیا جو کافی عرصے سے بالی وڈ میں مبینہ اقربا پروری کے نام کی گھنٹی بجا بجا کر لوگوں کو جگانے کی کوشش کر رہے تھے۔

شو میں شریک ایک کنٹیسٹنٹ راہل ویدیہ نے جب اس بارے میں اپنی رائے دینے کی کوشش کی تو سلمان نے انھیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی باپ اپنا کاروبار یا جائیداد اپنی اولاد کو دے کر جاتا ہے کسی پڑوسی کے بچے کو نہیں، تو اگر کوئی فلمسٹار اپنے بیٹے یا بیٹی کے لیے فلم بناتا ہے تو اس میں غلط کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ہر ماں باپ اپنا تمام سرمایہ اور وراثت اپنی اولاد پر خرچ کرنا چاہتے ہیں اور آخر میں چلتا وہی ہے جسے عوام پسند کرتی ہے۔ اس حوالے سے سلمان نے کئی مثالیں بھی دیں اور ان لوگوں کی مثالیں بھی دیں جو انڈسٹری کے باہر سے آئے تھے اور بہت کامیاب رہے۔ اب سلمان یہ سبق راہل ویدیہ کو پڑھا رہے تھے یا کسی اور کو اس بارے میں کچھ حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا۔

ریتک روشن کی نظریں اب ہالی وڈ پر

ریتک روشن

کھ عرصے سے ایسی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ اب ریتک روشن بھی ہالی وڈ کا رخ کرنے والے ہیں اور اس کے لیے انھوں نے ایک امریکی ایجنسی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جو ہالی وڈ میں انھیں متعارف کروانے کا کام کرے گی۔

ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کی خبر کے مطابق ایک ایکشن تھرلر میں کردار کے لیے ہالی وڈ کے ایک بڑے پروڈکشن ہاؤس سے ریتک کی بات چل رہی ہے۔ روزنامہ مِڈ ڈے کے مطابق اداکار نے مبینہ طور پر اس کردار کے لیے اپنا آڈیشن ریکارڈ کروایا ہے اور سٹوڈیو کو بھیج دیا ہے۔

تاہم اس کردار کے حوالے سے ان کی بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ریتک سپر ہیرو فرنچائز ’کرش‘ کی اگلی قسط پر کام مکمل کرنے کے بعد جلد ہی ہالی وڈ کا رخ کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp