بائیڈن کا کرونا حکمتِ عملی کا اعلان، ٹرمپ کا انتخابی شکست تسلیم کرنے سے انکار


جو بائیڈن حکومت سازی کی تیاری میں مصروف ہیں اور اپنی آئندہ کی ترجیحات سامنے لا رہے ہیں۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ملک کے 46ویں نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں کام شروع کر دیا ہے جب کہ موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں شکست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

جو بائیڈن جہاں ایک جانب حکومت سازی کی تیاری میں مصروف ہیں اور اپنی آئندہ کی ترجیحات سامنے لا رہے ہیں وہیں صدر ٹرمپ انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ذکر کر رہے ہیں اور نتائج تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

جو بائیڈن نے پیر کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ماہرین پر مشتمل 13 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں ڈاکٹر ووک مرتھی، سابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کمشنر ڈاکٹر ڈیوڈ کیسلر اور ییل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر مارسیلا نونیز اسمتھ شامل ہیں۔

جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام اُن کی انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہو گا اور ماہرین اُنہیں عالمی وبا کی صورتِ حال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں کیا کچھ پہلی بار ہوا؟

نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کاملا ہیرس نے اتوار کو ایک ویب سائٹ بھی متعارف کی ہے جس میں وہ اپنی ترجیحات کا ذکر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سات نکاتی منصوبہ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تمام امریکیوں کے لیے کرونا ٹیسٹ کی سہولت مفت ہو گی اور ویکسین کی دستیابی کے بعد اس کی مساوی تقسیم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ انتخابی مہم کے دوران جو بائیڈن صدر ٹرمپ پر یہ الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے اُن کی حکمتِ عملی درست نہیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے پیر کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اگر جو بائیڈن ملک کے صدر ہوئے تو عوام کو مزید چار سال کے لیے کرونا کی ویکسین دستیاب نہیں ہوگی۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1325961672343875585

ان کے بقول اگر وہ نہ ہوتے تو فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا ادارہ کرونا ویکسین کی اتنی جلدی منظوری نہ دیتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیوروکریسی لاکھوں جانیں ضائع کر دے گی۔

ایک اور ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اور ڈیموکریٹس یہ نہیں چاہتے تھے کہ کرونا کی ویکسین ان کی موجودگی میں الیکشن سے قبل سامنے آئے تاہم یہ ویکسین الیکشن کے پانچ روز بعد آ گئی ہے۔ اُن کے بقول وہ ایسا کہتے رہے ہیں کہ الیکشن سے قبل ویکسین آ جائے گی۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1325962203346972678

واضح رہے کہ امریکہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک دو لاکھ 38 ہزار سے زائد اموات اور ایک کروڑ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

انتخابات سے قبل صدر ٹرمپ کو اس تنقید کا سامنا تھا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وہ سنجیدہ نہیں جب کہ صدر ٹرمپ کا اصرار تھا کہ عالمی ادارۂ صحت نے عالمی وبا کے سلسلے میں امریکہ کو درست معلومات فراہم نہیں کیں۔

ٹرمپ کا شکست تسلیم کرنے سے انکار

تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح برتری حاصل کی ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ جو بائیڈن کی کامیابی کا اعلان کر رہے ہیں تو دوسری جانب عالمی رہنماؤں کی جانب سے بھی جوبائیڈن کو مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کر رہے ہیں اور انتخابی شکست تسلیم کرنے سے مسلسل انکار کر رہے ہیں۔

پیر کی شب صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں اس خبر کو شیئر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ انتخابات میں ووٹنگ کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹارنی جنرل ولیم بر دیکھیں گے۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1325973224522473475

دوسری جانب صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم نے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف مختلف ریاستوں کی عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے۔

صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کا کہنا ہے کہ ابھی کسی ریاست نے بائیڈن کی کامیابی کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی۔ بہت سی ریاستوں میں لازمی دوبارہ گنتی ہو گی۔

صدر ٹرمپ نے کوئی شواہد پیش کیے بغیر یہ الزام لگایا ہے کہ ریاست پینسلوینیا میں اُن کی انتخابی مہم کے مبصرین کو ووٹوں کی گنتی کے مشاہدے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اُن کے بقول میڈیا نہیں بلکہ قانون کے مطابق کاسٹ کیے گئے ووٹ ہی فاتح کا تعین کریں گے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa