سلام آخر


حساس شاعر ان بے ربط باتوں کی اٹھان بٹھان ہی سے سمجھ گیا کہ یہ چاروں قاصد کوئی نیا چاند چڑھانے آئے ہیں۔ اس لئے اس نے انہیں وقت ضائع کرنے کی بجائے اصل مدعے پر آنے کی ترغیب دی۔ تینوں سادات نے فوجی کی طرف دیکھا کہ وہ بات اٹھائے لیکن وہ ”ناداں گر گیا سجدے میں جب وقت قیام آیا“ کی جیتی جاگتی تصویر بنا سر جھکائے یا علی مشکل کشا کی تسبیح پڑھنے میں مشغول تھا۔ فدا شاہ نے دل ہی دل میں فوجی پر صلواة بھیج کر اپنی ہمت جٹائی اور سارا معاملہ ثقلین شاہ کے سامنے رکھتے ہوئے اسے بتایا کہ ان چاروں نے زوار صادق حسین شاہ کی زبان اور بزرگی کو مدنظر رکھ کر یہی فیصلہ کیا ہے کہ اس محرم کراچی کا مہمان ذاکر ہی ساری مجلسیں پڑھے گا۔ جلالی سید کے چہرے کا رنگ کربلا کی خاک جیسا سرخ ہو گیا۔ اس خوف سے کہ ان بزرگوں کے شان میں اس کے منہ سے کچھ الٹا سید ہا نہ نکل جائے وہ اپنی جگہ سے اٹھا اور اپنے اندر غصے کا طوفان لئے باہر نکل گیا۔

اپنی زمینوں کی طرف تیز تیز قدم اٹھاتے ثقلین شاہ کے دماغ میں وہی خیالات آ رہے تھے جو کسی بھی جوان اور اپنے فن میں یکتا فنکار کو ایسی صورت حال میں آ سکتے ہیں۔ اسے یوں لگ رہا تھا جیسے ان چاروں بزرگوں نے اس کے جسم کو چاروں کونوں سے پکڑ کر بھرے چوک میں بے بس کر کے گرایا ہے۔ کوفیوں اور حضرت مسلم بن عقیل کو یاد کرتے اندر کی آگ میں سلگتے اپنے کھیتوں کی پگڈنڈیوں پر چلتے شاعر کا پیر کچھ ایسا پھسلا کہ جسم کے ساتھ ساتھ دستار بھی زمین پر آ گئی۔ اس سے پہلے کہ وہ دستار سنبھالتا اچانک اس کے کانوں میں آنے والی ہنسی ٹھٹھے کی آوازوں نے اس کے سارے خیالات کو توڑا اور اس نے چہرہ اپنے آم کے باغ کی طرف موڑا جہاں سے یہ آوازیں آ رہی تھیں۔ اگلے لمحے ہی اسے اندازہ ہو گیا کہ سید کے باغ میں غاصبوں نے دن کی روشنی میں شب خون مار دیا ہے۔ وہ بجلی کی تیزی سے اپنے باغ کی طرف دوڑا۔ اب اس کے کانوں میں ”بھاگو دوڑو بھاگو“ کی آوازیں آ رہی تھیں۔ جو یقیناً ان بچوں کی تھیں جو اسے باغ کی طرف آتا دیکھ کر وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے تھے۔ اس سے پہلے کہ وہ موقع واردات پر پہنچتا سارے بچے فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔ زمین پر گری لاتعداد کیریاں اس بات کی گواہ تھیں کہ باغ میں دل کھول کے ادھم مچایا گیا ہے۔ اچانک ایک درخت سے کسی ٹہنی کے کڑکنے کی آواز کے ساتھ ہی شاہ جی کی نظریں اوپر کو اٹھیں جہاں ایک چور خود کو پتوں میں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہا تھا۔ شاہ جی کی غضب ناک آنکھوں کو دیکھتے ہی چور کا پاؤں رپٹا اور اس کا جسم ٹہنیوں سے الجھتا اٹکتا پکے آم کی طرح نیچے گرا۔ کھلے بالوں نے چغلی کھائی کہ وہ چور نہیں چورنی ہے۔ ایک لمحے تک چورنی لمبے کالے سیاہ بالوں میں اپنا چہرہ چھپائے ایسے شل بیٹھی رہی جیسے اس کی روح نکل چکی ہو۔ دوسرے لمحے وہ کسی چھلاوے کی طرح اچھلی اور بھاگنے کی کوشش کی لیکن پاؤں کی موچ نے بھاگنے نہ دیا۔ شاہ جی نے چورنی کو گدی سے پکڑ کر اس کا چہرہ اپنی طرف موڑا۔ وہ سیالاں والا کی حدود سے باہر بسے بھنگیوں کی بستی سے آئی اٹھارہ انیس سال کی ایک بھنگن تھی۔ جس کی قمیض ٹہنیوں میں الجھ کے اتنی چاک ہو چکی تھی کہ اس کے سینے کا ایک خم بے پردہ ہو رہا تھا اور کان کی لو سے نکلنے والی خون کی ایک پتلی سی لکیر گھونگھے کی رفتار سے چلتی گردن سے پھسلتی بے پرد علاقے کی طرف آ رہی تھی۔ لڑکی کی آنکھوں میں خوف تھا اور شاہ جی کی آنکھیں اسی خونی لکیر پر تھیں۔

اپنی کوٹھڑی میں داخل ہوتے ہی شاہ جی نے دروازے کی زنجیر ماری اور کونے میں لگے علم کے نیچے گر کر سسکنے لگا۔ اس کا ہاتھ علم کو چھونے ہی والا تھا کہ اسے اپنی ناپاکی یاد آ گئی۔ اس نے بڑی مشکل سے اپنا ناپاک وجود سمیٹا اور غسل خانے میں داخل ہو گیا۔ شام تک وہ غسل خانے میں بیٹھا اپنے سارے وجود کو صابن سے رگڑتا رہا۔ لیکن روح پہ لگے داغ صابن سے کہاں نکلتے ہیں۔ شاہ جی کی برسوں کی ریاضت ایک کمزور لمحے نے نگل لی تھی۔ ہمیشہ باوضو ہو کے مولا کی مدحت لکھنے والا ایک ایسی حدت کی لپیٹ میں آ چکا تھا جس نے اس کے باطن کو دہکتی انگیٹھی بنا دیا تھا۔

اس نے اپنے ڈیرے سے نکلنا چھوڑ دیا۔ اس کا زیادہ وقت اپنی کوٹھڑی کی قید میں گزرتا تھا۔ ساری ساری رات باوضو ہو کر اس خیال سے جاگتا رہتا کہ کہیں نیند کی حالت میں وضو نہ ٹوٹ جائے۔ تھک کے اونگھ آ بھی جاتی تو آنکھ کھلتے ہی رونے لگتا۔ پہروں قلم پکڑے بیٹھا رہتا لیکن نہ آمد ہوتی نہ ہاتھ کاغذ تک پہنچ پاتا۔ کسی بے بس کی گردن میں پڑنے والا ہاتھ مولا حسین کے نوحے تک پہنچتا بھی تو کیسے؟ دنوں دنوں میں اس کے گالوں کی لالی اور آنکھوں کے ڈورے اور چہرے کا نور غائب ہو گیا۔ جسم کی جگہ ایک ڈھانچہ رہ گیا تھا اس ڈھانچے کی نظریں گھنٹوں علم پر جمی رہتی تھی۔

سب کا خیال تھا کہ وہ انتظامی کمیٹی کے فیصلے پر بطور احتجاج باہر نہیں آ رہا۔ اس کے بڑے بھائی سبطین شاہ کا بھی یہی کہنا تھا۔ بھائی کی یہ حالت دیکھ کر انہوں نے زوار صادق حسین شاہ کے پاس جانے کا ارادہ کیا تاکہ جو بات چھوٹا بھائی احتراماً نہیں کہہ سکا وہ بڑا بھائی کہہ کر کوئی راستہ نکال سکے۔ صادق شاہ کے گھر جاتے ہوئے راستے میں امام باڑے سے نکلتے صوبے دار امام بخش نے انہیں خبر دی کہ علامہ نجفی نے بوجہ علالت سیالاں والا آنے سے معذرت کر لی ہے۔ سبطین شاہ نے الحمد پڑھ کر امام باڑے میں قدم رکھ دیا تاکہ پہلے شکرانے کے دو نفل ادا کر لیں پھر ثقلین شاہ کو یہ خوشخبری سنائیں گے۔

ثقلین شاہ کی کوٹھڑی کے دروازے پر دستک ہو رہی تھی۔ وہ بڑی مشکل سے اپنی جگہ سے اٹھا اور دروازے کی زنجیر ہلکی کی۔ پٹ کھلتے ہی اس کی بے نور آنکھیں شرم سے جھک گئیں۔ سامنے وہی بھنگن کھڑی تھی جس کی آنکھوں میں آج ایک آنسو بھی نہیں تھا۔ بلکہ وہ غضبناکی تھی جو کبھی ثقلین شاہ کی آنکھوں کا خاصہ ہوا کرتی تھی۔ اس کی گردن میں وہی سیاہ دستار حمائل تھی جو اس دن پگڈنڈی سے گرتے ہوئے ثقلین شاہ کے سر سے اتر گئی تھی۔

”دعا کرانے آئی ہوں شاہ جی۔ دعا کرو۔ بیٹی نہ ہو۔ بیٹی ہوئی تو بھنگیوں کے کام آئے گی۔“
اس کے بعد نہ شاہ جی کی آنکھیں اٹھیں نہ دعا کے لئے ہاتھ۔ اٹھا تو اسی شام اس کا جنازہ۔


صفحات: 1 2 3

مصطفیٰ آفریدی

ناپا میں ایک سال پڑھنے کے بعد ٹیلی ویژن کے لیے ڈرامے لکھنا شروع کیے جو آج تک لکھ رہا ہوں جس سے مجھے پیسے ملتے ہیں۔ اور کبھی کبھی افسانے لکھتا ہوں، جس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔

mustafa-afridi has 23 posts and counting.See all posts by mustafa-afridi