میرا بیٹا ابھی آتا ہی ہو گا


سردی بڑھ گئی ہے
اندھیرا چھا چکا ہے
دروازے کی گھنٹی بجی ہے
یہ اس وقت کون آ گیا؟
شاید بیٹا آ گیا؟
کہہ کر گیا تھا کہ کھانے کے وقت تک آ جائے گا۔
ہم نے بھی اس کے انتظار میں نہیں کھایا
لیکن اس کے پاس تو چابی ہے وہ کیوں گھنٹی بجائے گاَ؟
دروازے پر یونیفارم پہنے یہ دو لوگ؟
یہ کون ہیں ؟
یہاں کیوں ہیں؟
کیا چاہیے آپ لوگوں کو؟
ہاں ہاں یہ میرے بیٹے ہی کا گھر ہے
وہ اس وقت گھر پر نہیں ہے۔
آتا ہی ہوگا۔
اندر آنا چاہتے ہو لیکن کیوں؟
یہ کیا کہہ رہے ہو؟
نہیں تمہیں غلط فہمی ہوئی ہے۔
تم غلط گھر میں آئے ہیں۔
تم غلط بات کر رہے ہو
کس بچے کی بات کر رہے ہو؟
نہیں وہ میرا نہیں ہو سکتا
وہ تو ابھی آتا ہی ہوگا
جس بچے کی بات کر رہے ہو اس کی ماں کو جا کر بتاؤ
دیکھو تم لوگ یہاں سے چلے جاو
جاو اپنا کام کرو
دیکھو مجھے پریشان مت کرو۔
یہ کیسی باتیں کر رہے ہو؟
وقت ضائع مت کرو
جا کر اس بچے کی ماں کو ڈھونڈو
وہ پریشان ہو رہی ہوگی
میرا بیٹا ابھی آتا ہی ہوگا
نہیں مجھے بیٹھنا نہیں۔
نہیں تم بھی یہاں نہں بیٹھ سکتے۔
کرسمس کی چھٹیاں ہیں
سب بچے آئے ہوئے ہیں
تینوں بھایٗوں نے کھانے کے بعد فلم کا پروگرام بنا رکھا ہے۔
دیکھو اس کے بھائی بھی آ گئے
اس کا باپ بھی
تم نے سب کو پریشان کر دیا
اب جاو ہمیں تنگ مت کرو
کہا نا جا کر اس بچے کی ماں کو تلاش کرو۔
میرا بیٹا ابھی آتا ہی ہوگا
یہ کیا ہے تمہارے ہاتھ میں؟
میرے بیٹے کا والٹ تمہارے پاس کہاں سے آیا؟
اور یہ اس کا فون بھی تمہارے پاس ہے؟
کیوں؟ کہاں سے ملا یہ؟
نہیں نہیں ایسا مت کہو
میرا بیٹا تو ابھی آتا ہی ہوگا
بس وہ آتا ہی ہوگا


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).