امریکی گلوکارہ ریحانہ کا بھارتی کسانوں کے حق میں ٹوئٹ، بھارت کا شدید ردِ عمل
امریکہ کی نامور گلوکارہ ریحانہ نے بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں ایک بیان دیا ہے جس کے بعد نئی دہلی نے اس پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
گلوکارہ ریحانہ نے منگل کو بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق ایک خبر شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم اس بارے میں بات کیوں نہیں کر رہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ‘کسانوں کے احتجاج’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
why aren’t we talking about this?! #FarmersProtest https://t.co/obmIlXhK9S
— Rihanna (@rihanna) February 2, 2021
بھارتی کسانوں کے حق میں آواز بلند کرنے والی ریحانہ پہلی بین الاقوامی شخصیت نہیں۔ اس سے قبل پاکستانی گلوکار جواد احمد کسانوں کے حق میں ایک گانا گایا تھا جو بھارت میں خاصہ مقبول ہوا۔
ماحولیات کے لیے کام کرنے والی عالمی شہرت یافتہ سرگرم کارکن گریٹا تھنبرگ نے بھی بھارتی کسانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
گریٹا نے منگل کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ "ہم بھارت میں احتجاج کرنے والے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
بین الاقوامی شخصیات کی جانب کسان احتجاج کی حمایت میں آواز بلند کیے جانے پر بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے ردِ عمل میں کہا کہ اگر شوبز شخصیات یا دیگر سنسنی خیز سوشل میڈیا ہیش ٹیگ اور تبصروں کے فتنے کا سہارا لیں تو ایسا کرنا غلط اور نامناسب ہے۔
ترجمان انوراگ سری واستو نے بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کسانوں کے احتجاج پر تبصرہ کرنے سے قبل اس مسئلے سے متعلق حقائق کو جاننے کی ضرورت ہے۔
#IndiaTogether #IndiaAgainstPropaganda https://t.co/TfdgXfrmNt pic.twitter.com/gRmIaL5Guw
— Randhir Jaiswal (@MEAIndia) February 3, 2021
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جمہوری روایات اور سیاسی نظام کو سامنے رکھ کر کسانوں کے احتجاج کو دیکھنا چاہیے۔ حکومت اور متعلقہ گروپس کی کوششوں سے اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی کسان نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے منظور کردہ تین زرعی قوانین کے خلاف دو ماہ سے زائد عرصے سے سراپا احتجاج ہیں۔
کسانوں کا ماننا ہے کہ نئی قانون کے بعد انہیں فصلوں کی مناسب قیمت نہیں ملے گی اور زراعت کے شعبے پر کارپوریٹ سسٹم حاوی ہو جائے گا۔ کسانوں کا مطالبہ ہے کہ زرعی قوانین کو واپس لیا جائے۔
مطالبات کے حق میں گزشتہ ماہ کسانوں نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی میں ٹریکٹر ریلی نکالی تھی۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپوں کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔


