شوبز ڈائری: ’نک جوناس سے تب ملی جب خود کو سمیٹنے کی کوشش کر رہی تھی‘


پرینکا چوپڑا

لاک ڈاؤن کے دوران بالی وڈ میں کسی نے گانے ریکارڈ کیے تو کسی نے سکرپٹ لکھی، کسی نے اپنی ویڈیوز ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر لگائیں تو کسی نے اپنے فارم ہاؤس پر چاول کی کاشت شروع کر دی۔

پردیسی گرل پرینکا چوپڑا نے Memoir Unfinished یعنی ’ادھوری یادداشت‘ لکھنے کا فیصلہ کیا۔

ان کی یاداشتوں پر مبنی یہ کتاب حال ہی میں جاری ہوئی ہے۔ پرینکا کا کہنا ہے کہ یہ ان کی کہانی ان ہی کی زبانی ہے جس میں ان کی خوشیاں بھی ہیں، غم بھی، ناکامیوں کا ذکر بھی اور جدوجہد کے ساتھ کامیابیوں کے سفر کا تذکرہ بھی۔

اس میں ان کی زندگی کے وہ لمحات، تجربات اور واقعات شامل ہیں جن کی وجہ سے ان کی یہ شخصیت بنی اور کس طرح بالی وڈ میں اُنھوں نے انچ انچ کر کے اپنی جگہ بنائی۔

اپنی اس کتاب میں پرینکا نے اپنے والد کی موت کے بعد کے اس دور کا بھی ذکر کیا جس میں وہ ڈپریشن کی شکار ہو گئی تھیں۔ اداکارہ سونالی بیندرے کے ساتھ ان کے پروگرام ’بک کلب‘ میں بات کرتے ہوئے پرینکا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر نِک جوناس سے اس وقت ملی تھیں جب وہ اپنی زندگی اور خود کا محاسبہ کر رہی تھیں اور اپنے پرانے رشتوں کے ختم ہونے کے بعد خود کو سمیٹنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

سشمیتا سین: ’بہترین تحفہ‘ 45ویں سالگرہ پر ملا ہے

’مودی کو ٹانگیں دکھانے‘ پر پرینکا پر تنقید

کیا سلمان خان پرینکا کو کبھی معاف کریں گے؟

’کرداروں کی آفر احسان کے طور پر دی گئی جو قبول نہیں تھا‘

پرینکا کی یہ نامکمل یادداشتیں ان کے امریکی ڈرامہ ’وہائٹ ٹائیگر‘ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بننے اور ایمازون کے ساتھ ایک معاہدے پر ختم ہوتی ہیں۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ آگے بھی لکھتی رہیں گی، نئی حدود کو پار کرتی رہیں گی، لیکن اپنی ان ادھوری یادداشتوں کو مکمل کرنے کے لیے نہیں بلکہ خود اپنے لیے۔

سلمان خان نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی بڑی رقم ٹھکرا دی

کہا جاتا ہے کہ سلمان خان کی فلم وانٹڈ کا یہ ڈائیلاگ ’ایک بار جو میں نے کمٹمنٹ کر دیا تو پھر میں خود کی بھی نہیں سنتا‘ ان کی حقیقی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔

سلمان خان

ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی اگلی فلم ’رادھے‘ کے لیے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے اُنھیں اتنی بڑی رقم کی پیشکش ہوئی تھی جس کے بارے میں اندازہ لگانا مشکل ہے تاکہ سلمان اس فلم کو تھیٹر میں ریلیز کرنے کا اپنا ارادہ تبدیل کر دیں۔

لیکن سلمان تو باکس آفس کے بادشاہ کہے جاتے ہیں، اُنھوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔ اتنا ہی نہیں سلمان نے اس فلم کی تھیٹر میں ریلیز کے کچھ ہفتوں بعد بھی اس کی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز سے انکار کر دیا۔

سلمان خان آج کل ٹی وی ریئلٹی شو بگ باس میں مصروف ہیں جہاں وہ شو میں شامل لوگوں کو کبھی ڈانٹتے اور کبھی ان کے ساتھ روتے نظر آتے ہیں۔ یہ بگ باس کا آخری ہفتہ ہے جس کے بعد سلمان فلم ’رادھے‘، ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ اور اس کے بعد ’کک ٹو‘ پر کام شروع کر دیں گے۔

ادھر ایمازون پرائم ویڈیو نے ایک نئی سیریز کا اعلان کیا ہے جس میں شاہد کپور مرکزی کردار میں ہوں گے۔ سیریز کا نام ابھی طے نہیں کیا گیا ہے۔ انوکھی اور سنسنی خیز کہی جانے والی اس ویب سیریز کے ہدایتکار راج نِدمیورو اور کرشنا ڈی کے ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر شاہد کپور کا یہ پہلا قدم ہو گا۔

سشمیتا سین انتہائی پیار کرنے والی ماں‘

سشمیتا سین

سشمیتا سین کی بیٹی رنی اپنی والدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ایکٹنگ میں ہی اپنا کریئر بنانا چاہتی ہیں اور کچھ عرصہ پہلے رنی کی ایک شارٹ فلم ’سٹہ بازی‘ میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا۔

حال ہی میں انسٹا پر ’آسک می اینی تھِنگ‘ یعنی مجھ سے کچھ بھی پوچھیں کے ایک سیشن کے دوران ان کے فالوورز نے ان سے کئی سوال پوچھے جیسا کہ کیا ان کا کوئی بوائے فرینڈ ہے، ان کی پہلی فلم کا تجربہ کیسا رہا اور ان کے ان کی والدہ سشمیتا کے ساتھ کیسے تعلقات ہیں۔

https://www.instagram.com/p/CHxpdg_g9kl/

رنی نے ہر سوال کا جواب انتہائی بردباری اور احتیاط سے دیا۔

سشمیتا کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں رنی کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی پیار کرنے والی ماں ہیں، ایک پُراعتماد، آزاد اور اپنی محنت سے اپنا ایک مقام بنانے والی شخصیت ہیں اور میں ہر روز ان سے کچھ نہ کچھ سیکھتی ہوں۔

ان کے ایک فالوور نے جب ان سے ان کی ’حقیقی ماں‘ کے بارے میں سوال کیا تو رنی کا کہنا تھا کہ ’میں اپنی ماں کے دل سے پیدا ہوئی ہوں اور یہی حقیقت ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp