”انکل سرگم کی مہکتی“ کلیاں


ہم خوش قسمت تھے کہ ہمارے بچپن میں طنز و مزاح کا مطلب کسی کا پھسل جانا، کسی کو گرا دینا، پھکڑ پن، زو معنی جملے، تھپڑ اور پرانک نہیں تھا بلکہ ہنستے لفظ، پیاری باتیں، مسکراتے جملے اور پروقار لہجے ہوا کرتا تھا۔

کلیاں ”اداس ہیں۔ طنز و مزاح کا ایک باب اور ختم ہوا۔ اللہ تعالیٰ فاروق قیصر صاحب المعروف ہمارے انکل سرگم کو جنت الفردوس میں مسکراتا رکھیں جیسے انہوں نے ہمارے بچپن میں بہت ساری مسکراہٹیں بکھیر کر اسے خوبصورت بنایا، آمین۔

میں نے کچھ سال پہلے ان کی کتاب ”میرے پیارے اللہ میاں“ پہ تبصرہ لکھا تھا وہ یہاں شیئر کر رہی ہوں۔
(میرے پیارے اللہ میاں ( فاروق قیصر)۔

فاروق قیصر بالمعروف انکل سرگم طنزومزاح کی دنیا میں ایک جانا پہچانا نام ہے۔ ”میرے پیارے اللہ میاں“ ان کی طنز و مزاح اور سنجیدہ نظموں، قطعات، پیروڈیز اور گیتوں کے مجموعے پہ مبنی کتاب ہے۔ کتاب کے تعارف کا صفحہ عموماً نظر انداز کر دیا جاتا ہے لیکن اس کتاب کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ قاری کو پہلے صفحے سے ہی مسکرانے پہ مجبور کر دیتی ہے۔ مثلاً کتاب کے یہ چند تعارفی جملے :

کتاب چھاپنے کا رسک لینے والا ناشر: تخلیقات، لاہور
کتاب حاصل کرنے کا پتہ: تمام چھوٹے بڑے قومی بک اسٹال اور مقامی ردی والے۔
تمام جملہ حقوق محفوظ ’البتہ تمام جملے اور الفاظ چوروں سے غیر محفوظ۔
ایک اچھی کتاب کا گھر میں ہونا ایک شہری کے مہذب اور ایک دیہاتی کے مودب ہونے کی نشانی ہے ”
(انکل سرگم)

کتاب کے انتساب میں بھی کئی رنگ ہیں۔ مثلاً ”دلدار پرویز بھٹی کے نام، جو ہمیشہ مجھے کہتے رہے“ فاروق قیصر تم نے کتاب چھپوانے میں دیر کردی ”۔“ دلدار ”میں نے دیر نہیں کی تم نے جلدی کردی۔

اور ان بچوں کے نام جو مجھے پڑھتے پڑھتے اور دیکھتے دیکھتے بڑے بن گئے۔
اور کرپشن، نا انصافی اور منافقت کے نام جس کے ردعمل سے میں لکھنے کے قابل ہوا۔
اور محبت کرنے والے اس قاری کے نام جس کے ہاتھ میں یہ کتاب ہے۔
کتاب کا عنوان دراصل فاروق قیصر صاحب کے قطعات کی ایک سیریز ہے جیسے :
میرے پیارے اللہ میاں
لیڈر کتنے نیک ہیں
ہم کو دیں وہ صبر کا پھل
خود وہ کھاتے کیک ہیں!

جہاں ان کی سنجیدہ نظمیں پڑھنے والوں کے دلوں کو بوجھل کر دیتی ہیں وہیں ان کی پیروڈیز بے ساختہ مسکراہٹ ہیں مثلاً ”ناک منہ میں غبار بھرتا ہوں۔ جب تیرے شہر سے گزرتا ہوں“

مجموعی طور پہ یہ کتاب طنزومزاح، درد اور مسکراہٹوں سے سجے رنگوں کا امتزاج ہے۔

 

 

oznorWO

 

oznorWO

 

hdrpl


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments