رونالڈو کی کوکا کولا پر پانی کو ترجیح: ’معمولی سی حرکت‘ اور کوکا کولا کو چار ارب ڈالر کا نقصان


رونالڈو
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک پر آئے روز یہ الزامات لگائے جاتے ہیں کہ کرپٹو کرنسی کے حوالے سے اُن کی ایک ٹویٹ عالمی مارکیٹ میں بٹ کوائن کی قدر میں بے تحاشہ اضافے اور بعض اوقات ناقابل یقین گراوٹ کا باعث بنتی ہے۔

جب ایلون مسک بٹ کوائن کی حمایت پر مبنی ٹویٹ کرتے ہیں تو بٹ کوائن دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتا دکھائی دیتا ہے مگر چند ہی روز بعد جب مسک بٹ کوائن میں سرمایہ نہ لگانے کی بات کرتے ہیں تو منٹوں کے اندر اندر یہ کرنسی اپنی قدر کھو بیٹھتی ہے۔

گذشتہ دو روز سے کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا دنیا کے امیر ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو بھی ہے اور سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین یہ دعویٰ کرتے نظر آ رہے ہیں کہ ان کی ’ایک حرکت‘ سے کوکا کولا کے مارکیٹ شیئر 1.6 فیصد تک گر گئے ہیں۔

دنیا میں بیشتر ممالک میں رائج سرمایہ دارانہ نظام میں معروف برانڈز کی تشہیر کرتے کھلاڑی تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے لیکن رونالڈو پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ ان کی ایک حرکت سے کوکا کولا کے شیئرز میں وقتی گراوٹ کے باعث کمپنی کو چار ارب ڈالر کا مبینہ نقصان پہنچ گیا ہے۔

رونالڈو

کرسٹیانو رونالڈو آج کل اٹلی میں کھیلے جانے والے یوروکپ میں اپنی قومی ٹیم پرتگال کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

تو واقعہ کچھ یوں پیش آیا کہ منگل کو ہنگری کے خلاف ایک گروپ میچ سے قبل انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں آتے ہی اپنے سامنے رکھی کوکا کولا کی دو بوتلوں کو اٹھا کر ایک طرف رکھ دیا۔

پھر انھوں نے پانی کی بوتل اٹھائی اور اسے لہرایا اور پرتگالی زبان میں لفظ ’ایگوا‘ کہا جس کے معنی ہیں ’پانی‘، یعنی بظاہر وہ سافٹ ڈرنک پر پانی کو ترجیح دینے کا اشارہ دے رہے تھے۔

یہ پریس کانفرنس پیر کے روز ہوئی تھی۔ یہ ویڈیو سامنے آتے ہی دنیا بھر میں شائقین اس پر طرح طرح کے تبصروں میں مصروف تھے مگر جلد ہی صورتحال اس وقت بدل گئی جب معیشت پر رپورٹ کرنے والے جریدوں نے کوکا کولا کے شیئرز میں گراوٹ کی خبر دی۔

کوکا کولا کے شیئرز میں کمی کی وجوہات جو بھی ہوں مگر صارفین اس کو دنیا کے امیر ترین فٹبالر کی حرکت سے جوڑتے نظر آئے۔

کھیلوں کے موقر جریدے ‘دا ایتھلیٹک’ کے مطابق پیر کی صبح کو کوکا کولا کمپنی کے مارکیٹ میں فی حصص قیمت 56.1 ڈالر تھی مگر لگ بھگ اس وقت جب رونالڈو کی پریس کانفرنس ختم ہوئے تھوڑی دیر ہوئی تھی فی حصص قیمت 1.6 فیصد کم ہو کر 55.2 ڈالر تک گر گئی اور مارکیٹ کی قدر کے اعتبار سے یہ رقم چار ارب ڈالر بنتی ہے، یعنی کوکا کولا کی مجموعی مالیت 242 ارب ڈالر سے گھٹ کر 238 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

البتہ دن کے اختتام تک فی حصص مالیت دوبارہ سے 55.29 ڈالر تک جا پہنچی۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ آیا رونالڈو کے اس اقدام سے کوکا کولا کے شیئرز میں گراوٹ کا کوئی براہ راست تعلق ہے۔

کوکا کولا نے اگرچہ رونالڈو کی اس حرکت پر ردعمل ضرور دیا ہے تاہم شیئرز گرنے کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

گراف

فائل فوٹو

کوکا کولا نے کیا ردِعمل دیا؟

رونالڈو کی جانب سے کوکا کولا کی بوتلوں کو ایک طرف رکھنے کے بعد کوکا کولا کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ‘ہر کسی کو اپنی پسند کا مشروب کے انتخاب کی اجازت ہے اور ہر کسی کی پسند کا ذائقہ اور ضرورت مختلف ہوتی ہے۔‘

‘ہم ہر کھلاڑی کو پریس کانفرنس سے قبل ایک پانی کی بوتل، کوکا کولا اور کوک زیرو پیش کرتے ہیں۔’ تاہم کمپنی کی جانب سے شیئرز گرنے کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

کوکا کولا یورو کپ کی آفیشل سپانسر ہونے کے ساتھ ساتھ رونالڈو کے موجودہ کلب یووینٹس کی سپانسر بھی ہے۔

رونالڈو کی صحت بخش غذا کی ترویج

سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بیلن ڈی اور پانچ مرتبہ جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو اس سے قبل بھی صحت بخش غذا کی ترویج کرتے آئے ہیں۔

وہ 36 برس کے ہیں لیکن ان کی فٹنس لاجواب ہے جس کے باعث وہ آج بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک گردانے جاتے ہیں۔ وہ اپنی ورزش کے معمول اور روزانہ کی غذا کے حوالے سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے تصاویر پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔

رونالڈو اس سے قبل بھی بالواسطہ طور پر کوکا کولا نہ پینے کی ترغیب دے چکے ہیں۔ انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ کبھی کبھی اپنے بیٹے سے اس وجہ سے ناراض ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ کوکا کولا اور فانٹا یعنی سافٹ ڈرنکس پیتا ہے۔

اپنی روزانہ کی غذا کا معمول شیئر کرتے ہوئے رونالڈو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے بتا چکے ہیں کہ وہ دن میں چھ مرتبہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں کھانا کھاتے ہیں اور اس غذا کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ اس میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’میری غذا میں پھلوں اور سبزیوں کی بہتات ہوتی ہے اور میں میٹھی چیزوں سے اجتناب کرتا ہوں اور اس دوران پانی پینا بہت ضروری ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

دنیائے فٹبال کے شہنشاہ ’پیلے‘ جنھیں برازیل نے ’قومی خزانہ‘ قرار دیا

یورو 2020 فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی کے بیہوش ہونے پر میچ روک دیا گیا

میراڈونا کی دولت کتنی تھی اور اب اس کا وارث کون ہوگا؟

17 سالہ نوجوان جنھیں گھر بیٹھے فٹبال ’دیکھنے‘ کے پیسے ملتے ہیں

رونالڈو نئے ایلون مسک بن گئے

رونالڈو کی اس حرکت کے بعد جب کوکا کولا کے شیئرز کی قیمت گرنے کی خبر آئی تو ایک صارف نے لکھا کہ رونالڈو اب نئے ایلون مسک بن چکے ہیں۔

اس حوالے سے اکثر صارفین رونالڈو کی جانب سے پانی کو کوکا کولا پر فوقیت دینے کے اقدام کی تعریف کرتے دکھائی دیے تاہم کچھ صارفین نے انھیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

صارف نکی راہمیز لکھتے ہیں کہ ’میرے نزدیک یہ ایک پیشہ وارانہ حرکت نہیں ہے، کوکا کولا کی وہاں موجودگی اس کے سپانسر کی حیثیت سے ہے، اس سے رونالڈو کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سپانسر کی جانب سے دیا گئے پیسے سے وہ بھی کماتے ہیں۔۔۔ ‘

ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ‘کیا کوئی غریب کوکا کولا کے بارے میں نہیں سوچے گا۔‘ اس پر راہمیز نے جواب دیا کہ ‘کوکا کولا لاکھوں افراد کو نوکریاں بھی دیتی ہے۔ صحت مند غذا کی ترغیب دینے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کوکا کولا بُری چیز ہے۔‘

تاہم صارفین یہ بھی کہتے دکھائی دیے کہ یہ رونالڈو کی مرضی ہے کہ وہ کس برانڈ کی تشہیر کرنا چاہیں اور کس کی نہیں۔

انیمل بپا نامی ایک صارف نے لکھا کہ ‘یہ اقدام ہمیں بتاتا ہے کہ رونالڈو بچوں کے لیے رول ماڈل بننا چاہتے ہیں۔’

رام نامی صارف نے لکھا کہ ‘آیا یہ مخصوص مقصد کی غرض سے کیا گیا یا یہ محض اتفاق تھا۔ لیکن یہ جو بھی تھا یہ ایک عظیم فٹبالر کا عظیم اقدام ثابت ہوا۔‘

اس طرح کا ایک اور واقعہ اگلے ہی میچ میں فرانس اور جرمنی کے مقابلے سے قبل پیش آیا جب فرانس کی نمائندگی کرنے والے پال پوگبا نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے رکھی بیئر کی بوتل اٹھا کر نیچے رکھ دی۔ خیال رہے کہ پال پوگبا مسلمان کھلاڑی ہیں۔

پال پوگبا کی جانب سے بیئر کی بوتل ہٹانے پر ایک صارف نے کہا کہ ’پول پوگبا کا پیغام ہے، حلال زندگی جیو اور کرسٹیانو رونالڈو کہتے ہیں کہ صحت مند زندگی جیو۔‘

اس تعریف اور تنقید سے قطع نظر ہنگری کے خلاف میچ میں دفاعی چیمپیئن پرتگال کو تین کے مقابلے صفر گولز سے فتح حاصل ہوئی۔

اس فتح کی خاص بات رونالڈو کے دو گول تھے جس کے بعد وہ یورو کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ ادھر فرانس نے جرمنی کو ایک صفر سے شکست دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32189 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp