مفتی صاحب کو نشہ پلا کر عزت خاک میں ملا دی گئی


مفتی عزیز الرحمان کے سیکس سکینڈل کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ ہمیں تو الزام لگانے والے پر یقین نہیں آیا۔ کیا یہ قابل یقین بات ہے کہ ایک داڑھی مونچھ والا لڑکا یوں ایک ستر برس کے بزرگ کے ساتھ زبردستی عین غین ہو جائے اور کہے کہ مجھ سے زبردستی ہوئی ہے اور اب جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اس لیے خودکشی کرنے لگا ہوں۔ شکر ہے کہ مفتی صاحب نے وضاحتی بیان جاری کر دیا ورنہ کل سے ان کے مدافعین الٹی سیدھی باتیں کر رہے تھے کہ عمر رسیدہ مفتی صاحب شرعی طور پر معذور ہیں اور ایسا کام کر ہی نہیں سکتے۔ اب بھلا بندہ ان سے پوچھے کہ ویاگرا منٹوں میں شرعی معذوری دور کر دیتی ہے، یہ بھی بھلا کوئی دفاع ہے؟

بہرحال مفتی صاحب کا بیان اہم ہے جس سے کئی خدشات دور ہو گئے لیکن بدقسمتی سے کئی نئے خدشات پیدا بھی ہو گئے۔ مفتی صاحب بتاتے ہیں کہ مدرسے کے متنظمین اور وفاق المدارس کے سربراہ قاری حنیف جالندھری وغیرہ کے علم میں یہ ویڈیو بہت عرصے سے تھیں لیکن انہوں نے مفتی صاحب کی پاکدامنی پر مکمل اعتماد کر کے ان ویڈیوز کو رد کر دیا۔ یعنی آنکھوں دیکھ کو نہ مانا مفتی صاحب کی بات کو مان لیا۔ نیز مفتی عزیز کی مزید ویڈیوز بھی موجود ہو سکتی ہیں اور مفتی صاحب کی آواز میں فیک ٹیلیفون کالز بھی ہیں۔

اچھا اب اس کا پس منظر کیا ہے؟ مفتی صاحب بتاتے ہیں کہ ”اس سارے گیم کا خلاصہ یہ تھا کہ مجھے مدرسے سے نکالا جائے اور مضبوط ہونے کی وجہ سے وفاق المدارس پاکستان کو بدنام کیا جائے اور مدرسہ کو نئے بورڈ سے ملحق کیا جائے“

یہ ویڈیو کتنی پرانی ہے اور بنانے کی وجہ کیا ہے؟ مفتی صاحب نے اپنا تحریری بیان پڑھتے ہوئے اس بارے میں یہ فرمایا ہے۔

”یہ ویڈیو ڈھائی سال پرانی ہے۔“

”جہاں تک میرا اندازہ ہے یہ ویڈیوز مجھ سے تقریباً دو سال پہلے بنائی گئی ہیں کیونکہ ڈیڑھ سال پہلے میرے بیٹوں کی اس سے کرکٹ کے میدان میں شدید لڑائی ہوئی تھی“

یعنی یہ صابر شاہ نہایت بدطینت طالب علم تھا جس نے ڈیڑھ برس پہلے ہونے والی لڑائی کی وجہ سے ڈھائی برس پہلے یہ ویڈیو بنا لی، اور مفتی صاحب کو نشے پر لگا دیا جس سے وہ ہوش و حواس کھو بیٹھے۔ ایسا متعدد بار ہوا اور کمال یہ ہے کہ مدرسے میں کسی کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی کہ مفتی صاحب ڈھائی سال سے نشے میں مبتلا ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ مدرسے کی انتظامیہ کی نا اہلی ہے، مفتی صاحب تو بے قصور ہیں۔

نشے میں ہونے اور اپنی پاکدامنی پر پختہ یقین ہونے کی وجہ سے مفتی صاحب کو ان ویڈیوز کی موجودگی پر یقین ہی نہیں آیا حالانکہ بار بار یہ ویڈیوز ان کے بچوں اور متعلقین کو دکھائی جاتی رہی تھیں۔ اچھا اگر مفتی صاحب ڈھائی سال سے اتنا نشہ کر رہے تھے کہ انہیں اس بات کا پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ طالب علم کے متعدد مرتبہ ساتھ سیکس کرتے رہے ہیں، تو انہیں یہ بات کیسے پتہ ہے کہ یہ ویڈیو ڈھائی سال پہلے بنی تھی جبکہ ابھی مہینہ پہلے تک تو انہیں اپنی پاک دامنی پر پورا یقین تھا۔

مفتی صاحب نے بتایا ”آج ویڈیو کے منظر عام پر آنے پر میرے آنے کے فوراً بعد اسد اللہ فاروق نے میرے مدرسے کے اخراج کا لیٹر جو تین جون کو جاری کیا گیا ہے، آج فوراً منظر عام پر لے آئے ہیں۔“ یاد رہے کہ مفتی صاحب کے نام اس خط میں لکھا ہے کہ ”انتظامیہ کے متفقہ فیصلے کے بعد آپ کو آج مورخہ تین جون 2021 کو ادارے سے فارغ کیا جاتا ہے۔ آپ یہاں سے اپنا سامان اٹھا کر چلے جائیں اور آج سے ادارہ آپ کے کسی قول و فعل اور آپ کے اس عمل سے مکمل برات کا اعلان کرتا [ہے ]“

جبکہ مفتی صاحب فرماتے ہیں کہ انہوں نے مورخہ پندرہ جون تک جامعہ میں اسباق پڑھائے ہیں۔ یعنی تین جون کو مدرسے سے سامان اٹھا کرفوراً نکلنے کا حکم دیا گیا اور وہ پندرہ جون تک اسباق پڑھاتے رہے۔ لگتا ہے کہ صابر شاہ نے پوری انتظامیہ کو ہی نشے پر لگایا ہوا تھا۔

مفتی صاحب ایک دلیل یہ پیش کرتے ہیں

”اگر میں اپنے ہوش و حواس میں ہوتا تو کس طرح یہ لڑکا خود سے میرے سامنے اپنے موبائل سے ویڈیو بناتا ہے اور مجھے پتہ ہی نہیں چلتا۔ دراصل اس ویڈیو میں ایک بات بالکل عیاں ہے کہ اس لڑکے پر اس فعل کے دوران کوئی جبر نہیں ہے اور آزادانہ اپنے ویڈیو خود بنا رہا ہے۔ اگر اس لڑکے پر جبر ہوا ہوتا تو اس وقت کیوں نہ چیختا اور ڈھائی سال بعد یہ مجھے بدنام کرنے اور اس مدرسے سے مجھے نکلوانے کے لیے یہ ویڈیو منظر عام پر لائے ہیں۔“

لیکن ویڈیو میں دکھائی دیتا ہے کہ مفتی عزیز الرحمان سرور میں تو ہیں لیکن کسی اور قسم کی مدہوشی میں نہیں پڑے بلکہ خوب ہوشیاری دکھاتے نظر آتے ہیں۔

ویسے ویڈیو اینگل سے لگتا ہے کہ فون ایک فاصلے پر چھپا کر کپڑوں کی الماری میں رکھا گیا ہے لیکن ظاہر ہے کہ ہم وفاق المدارس کی مانند مفتی صاحب کی گواہی کو معتبر مانتے ہیں۔ مفتی صاحب بھی درست ہوں گے کہ لڑکا انہیں دکھا کر ہی ویڈیو بنا رہا تھا لیکن چونکہ وہ نشہ کر چکے تھے اس لیے انہیں علم نہیں ہوا۔

اچھا ادھر ایک پہلو مزید بھی قابل غور ہے۔ مفتی عزیز الرحمان بتا رہے ہیں کہ صابر شاہ ان کے مخالف قاری سید رسول افغانی کے گھر آزادانہ جاتا تھا۔ مفتی عزیز صاحب نے اپنے گھر سے تو انہوں نے اسے دور رکھا ہوا تھا۔ پھر یہ ویڈیو کہاں بنی ہے؟ کیا مفتی عزیز صاحب کو نشے میں قاری سید رسول کے گھر لے جایا گیا تھا؟ یا پھر صابر شاہ کا مفتی عزیز کے پاس بھی آزادانہ آنا جانا تھا؟

اب پتہ نہیں کہ یہ مدرسے پر قبضے کی جنگ ہے، وفاق کے بورڈوں کا تنازع ہے یا پھر وہ شے ہے جسے علت مشائخ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بہرحال قابل غور بات یہ ہے کہ مدرسہ منظور الاسلامیہ کے منتظمین نے تو ویڈیو دیکھتے ہی اس پر یقین کر لیا، مفتی صاحب کو فارغ کر دیا، لیکن پولیس میں رپورٹ نہیں کروائی۔ وفاق المدارس کی خاموشی بھی تعجب خیز ہے کہ انہوں نے ویڈیو پر یقین کرنے اور اس کی پروفیشنل تحقیق کرنے کی بجائے مفتی عزیز کی پاکدامنی پر یقین کیا۔ اس صورت میں تو صابر شاہ کی بات ہی ماننی پڑے گی کہ اس نے سب کو بتایا لیکن کسی نے اسے نہیں بچایا۔ اس بات کی تصدیق مدرسے کا ناظم خلیل اللہ ابراہیم بھی کر چکا ہے۔

جب سب اکابرین اور طلبہ مفتی عزیز کے ساتھ کھڑے تھے تو لڑکے نے اس فعل کے دوران چیخ کر کیا کر لینا تھا؟

مفتی صاحب پتہ نہیں سوشل میڈیا پر ہیں یا نہیں، ورنہ ہم ان کی پاک دامنی پر یقین کر کے یہ بھی مان لیتے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا اور صابر شاہ نے اس پر الٹی سیدھی چیزیں اور میسیج مفتی صاحب کو بدنام کرنے کے لیے پوسٹ کر دیے۔ بہرحال یہ علما کا امتحان ہے کہ وہ طلبہ کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں یا مفتی عزیز الرحمان کے۔ اس واقعے میں ابھی تک تو وہ مفتی عزیز کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔

اسی بارے میں: مجھے نشہ پلایا گیا تھا، ویڈیو ڈھائی سال پرانی ہے، اور ویڈیوز اور فیک کال بھی موجود ہیں، مفتی عزیز الرحمان

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments