گیم شو کے دوران فیصل قریشی ٹک ٹاکرز سے ناراض: ’لڑکی ہو یا لڑکا آئندہ بدتمیزی برداشت نہیں کریں گے‘

منزہ انوار - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


زندگی میں، میں نے جو پہلا ٹی وی شو دیکھا وہ طارق عزیز کا نیلام گھر تھا۔۔۔ مجھے آج بھی یاد ہے کیسے ہم سب گھر والے جمعے کی شب اس شو کو مل کر دیکھتے تھے۔ میری یادیں کچھ دھندلی ضرور ہیں مگر اتنا یاد ہے کہ سب بڑوں کو ہمیشہ طارق عزیز کی تعریف ہی کرتے سنا۔۔۔ نہ ہی کبھی کسی مہمان سے ایسی کوئی حرکت سرزد ہوتے دیکھی جسے دیکھ کر گھر والوں نے ٹی وی بند کرکے ہم بچوں کو چلتا کیا ہو کہ یہ تمھارے دیکھنے کی چیز نہیں۔۔ اس سے جتنی تمیز آگے ہے وہ بھی جائے گی۔

وہ شاید کوئی اور ہی زمانہ تھا جب شوز کے میزبانوں سے لے کر مہمان تک سبھی مہذب رویوں کی عکاسی کرتے تھے۔ پھر پڑھائی کے غموں سے فرصت نہیں ملی اور کسی شو کے ساتھ نیلام گھر کی طرح دل لگانے کا موقع نہیں مل سکا۔

کئی سال بعد جب کچھ سمجھ بوجھ آئی تو ایک نجی چینل پر ایک اور لائیو شو دیکھا۔۔ بس تب ہی کانوں کو ہاتھ لگائے کہ بھئی لائیو شو میں آج کل جو کچھ ہو رہا ہے وہ دیکھنے کی برداشت ہم میں نہیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ بدلتا جا رہا اور ایسا لگتا ہے کہ بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ ہم اخلاق اور تمیز کا دامن ہاتھ سے مزید پیچھے چھوڑتے آ رہے ہیں۔

آج کل پاکستان کے نجی چینلز پر چلنے والا کوئی ٹاک شو ہو یا گیم شو۔۔۔۔ آئے روز کسی نہ کسی شو کے میزبان یا مہمان کا طرزِ عمل یا ان کا کہنا گیا کوئی جملہ، سوشلِ میڈیا پر زیرِ بحث رہتا ہے۔

گذشتہ رات سے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی کے شو کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ شو حصہ لینے والے ٹک ٹاکرز پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے، شو چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

شاید اسی وجہ سے اس وقت پاکستانی سوشل میڈیا پر #FaisalQureshi ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

فیصل قریشی کے گیم شو میں کیا ہوا؟

فیصل آج کل ایک نجی چینل بول پر نشر ہونے والے گیم شو ’خوش رہو پاکستان‘ میں بطورِ میزبان اپنے فرائض سرانجام دیتے نظر آتے ہیں۔۔ اس گیم شو میں سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز سےتعلق رکھنے والے نوجوان شرکت کرتے ہیں۔

اسی شو کی ایک حالیہ قسط میں وہ سب ٹک ٹاکرز کے ساتھ مل کر اسامہ اور مکی کے لیے سالگرہ کا گیت گانے میں مصروف تھے کہ مسکان وحید نامی ٹک ٹاکر نے جس کے ساتھی (اسامہ) کی سالگرہ تھی، انھیں لائیو شو کے دوران پے در پے تھپڑ مارنے شروع کردیے۔

دیکھنے والوں پر کیا گزری وہ آپ سوشل میڈیا ردِعمل سے خود ہی اندازہ لگا لیجیے گا لیکن موقع پر موجود فیصل کو مسکان کی اس حرکت پر بہت غصہ آیا۔

بس یہ دیکھنا تھا، فیصل شدید غصے میں مسکان کو ڈانٹنے لگے کہ ’کیا کر رہی ہو یار، شو آن ائیر جا رہا ہے۔۔ آپ نے گیم کو اتنا مذاق بنایا ہوا ہے کہ آپ اس کو آن ائیر چپیڑیں مار رہیں۔‘

اس کے ساتھ ہی وہ شو کے کیو کارڈ پھینکتے ہیں اور یہ کہتے ہوئے شو چھوڑ کر چلے جاتے ہیں کہ ’کیا بدتمیز لوگ ہیں یار‘۔

شو چھوڑ کر سٹیج سے چلے جانے کے بعد بھی انھیں غصے میں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’کوئی احساس نہیں ہے، اگر شو میں مہمان آجائے تو اس پر چڑھ جاتے ہیں اور ابھی سالگرہ کی مبارک باد دے رہے ہیں تو وہ اس کو گردن پر چپیڑیں مار رہی ہیں۔‘

انھوں نے شو کی انتظامیہ سے سوال کیا کہ ’کہاں سے لائے ہو یہ بدتمیز، جاہل لوگ؟‘

البتہ مسکان کے اسامہ کو تھپڑ مارنے سے پہلے جو چیز فیصل دیکھ نہیں پائے وہ ان کی بائیں جانب کھڑے ٹک ٹاکر مکی کو ساتھی لڑکوں کی جانب سے پڑنے والے تھپڑ اور مکے تھے۔

فیصل قریشی کیا کہتے ہیں؟

https://twitter.com/FaiziHere10/status/1411559000362061824

سوشل میڈیا پر جہاں کئی افراد فیصل قریشی کی تعریف کر رہے ہیں کہ بالآخر انھیں احساس ہو گیا کہ انھوں نے کیسے بدتمیز لوگ گیم شو میں شامل کر رکھے ہیں۔ وہیں کچھ افراد اسے سکرپٹڈ اوور کوئی پبلسٹی سٹنٹ کہتے نظر آ رہے ہیں۔۔۔ کچھ صارفین اس شو میں ماضی میں ہونے والے واقعات کے تناظر میں لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کو ڈانٹ پڑنے پر بھی ایسے سوالات پوچھتے نظر آتے ہیں کہ شاید ’فیصل کو لڑکیوں سے کوئی مسئلہ ہے۔‘

بی بی سی نے انھی سب سوالات کے جوابات جاننے کے لیے فیصل قریشی سے بات کی۔

ہیں تو سب بچے ہی، بس کبھی کبھار ’اوور بورڈ‘ چلے جاتے ہیں

فیصل قریشی کا کہنا تھا ’ہیں تو سب بچے ہی اور انھیں اندازہ نہیں ہے کہ جب شو آن ائیر ہوتا ہے تو کچھ قواعد و ضوابط ہیں جن پر عمل کرنا لازم ہوتا ہے، بس کبھی کبھار وہ ’اوور بورڈ‘ چلے جاتے ہیں اور کل بھی ایسا ہی ہوا۔‘

فیصل نے بتایا کہ پہلے یوں ہوا کہ ’ہمارے کچھ مارکیٹنگ سے وابستہ کلائنٹس آئے ہوئے تھے اور جب میں ان سے بات کررہا تھا تو یہ مسلسل آوازیں لگا رہے تھے اور بعد میں جب دونوں بچوں کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کی باری آئی تو اسے مارنا شروع کر دیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ٹی وی پر آن آئیر کسی کے ساتھ جسمانی طور پر مار پیٹ کی اجازت نہیں ہے اور وہ بھی آپ چپیڑیں مار رہے ہیں۔۔۔ وہ بتاتے ہیں کہ انھوں نے ایک دو بار روکنے کی کوشش کی لیکن بس یہ ہو گیا اور ’مجھے بھی ایک دم بہت غصہ آ گیا۔‘

فیصل کہتے ہیں کہ ’چاہے لڑکا ہو یا لڑکی، مجھے یہ بات سخت ناپسند ہے کہ آپ کسی کے ساتھ ایسا سلوک کریں۔‘

’کرکٹ کے میدانوں میں بھی تو ہمارے بڑے بڑے کھلاڑی آپس میں لڑ پڑتے ہیں‘

کچھ افراد فیصل پر تنقید کرتے ہوئے ایسے تبصرے بھی کر رہے ہیں کہ ’ایک دن وہ جنھیں بدتمیز اور جاہل کہتے ہیں اور دیکھیے گا کل انھی کے ساتھ پروگرام کرتے نظر آئیں گے۔‘

اس حوالے سے فیصل کا کہنا ہے کہ ’کرکٹ کے میدانوں میں بھی تو بلے پڑ جاتے ہیں۔۔۔ ہمارے بڑے بڑے کھلاڑی آپس میں لڑ پڑتے ہیں۔۔۔ ایک دوسرے کو بلے اور گیند سے مار رہے ہوتے ہیں، انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلین کبھی انگلینڈ کے کھلاڑیوں سے بدتمیزی کر رہے ہیں تو کبھی انڈین پاکستانیوں سے لڑ پڑتے ہیں۔‘

حال ہی میں پی ایس ایل کے دوران ایسی ہی حرکت کی مثال دیتے ہوئے وہ سوال کرتے ہیں کہ ’اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ آپ کرکٹ کا کھیل بند کر دیں؟‘

وہ کہتے ہیں کہ ’ہمارے ملک میں ٹک ٹاک پر آئے روز پابندی لگ جاتی ہے، یہ بچے کہاں جائیں گے؟ ہم انھیں تربیت دے کر، انھیں گروم کرکے ان کے ساتھ گیمز کھیلتے ہیں، مستیاں چل رہی ہوتی ہیں، ساتھ ساتھ ہم کوشش کرتے ہیں کہ اچھی باتیں بھی لوگوں تک پہنچائیں۔۔ ان بچوں کی آپس میں دوستیاں اور لڑائیاں بھی ہوتی ہیں لیکن پورے ڈیڑھ سال میں ایک چھوٹے سے واقعے کی بنیاد پر اتنی تنقید جائز نہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وارننگ چلی گئی ہے اور اگر آئندہ کوئی ایسے بدتمیزی کرے گا تو اسے شو سے نکال دیا جائے گا۔ پہلے بھی ہم نے لوگوں کو شو سے نکل کر ان کا متبادل لایا ہے اور چاہے لڑکی ہو یا لڑکا آئندہ بھی ہم بدتمیزی برداشت نہیں کریں گے۔

تاہم کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سرکس نہیں گیم شو ہے اور میرا ماننا ہے کہ چیزیں بہتر ہو سکتی ہیں اور آئندہ ہم 100 فیصد کوشش کریں گے کہ ایسے واقعات نہ ہوں ’کوئی بیمار ہو تو اسے چھوڑ کر نہیں چلے جاتے بلکہ اس کا علاج کیا جاتا ہے۔‘

https://twitter.com/AyeshaMaheen4/status/1411542432752209921

سوشل میڈیا پر فیصل کے گیم شو کے کچھ ایسے کلپ بھی چل رہے ہیں جن میں انھیں لڑکیوں کو ڈانٹتے دیکھا جا سکتا ہے (ایسی ہی ایک ویڈیو میں انھیں فضیلہ کو ڈانٹتے دیکھا جا سکتا ہے) اور مذکورہ ویڈیو میں بھی انھیں مکی کو تھپڑ مارنے والے لڑکے نظر نہیں آئے (کیونکہ ان کا رخ دوسری جانب تھا) لیکن اس تناظر میں کئی افراد یہ پوچھ رہے ہیں کہ فیصل بھائی آپ کو صرف لڑکیوں کو ڈانٹنے کا شوق ہے؟ یا لڑکیوں سے کوئی مسئلہ ہے؟

اس سوال کے جواب میں فیصل کہتے ہیں کہ ’لڑکوں کو بہت زیادہ ڈانٹ پڑتی ہے اور انھیں تو میں نے اتنا کھینچ کر اور انسان بنا کر رکھا ہوا ہے کہ وہ کسی لڑکی سے بدتمیزی نہیں کر سکتے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ چند دن پہلے ایک ایسا واقعہ ہوا کہ ایک لڑکا، لڑکی کے ساتھ ہلکی سی بدتمیزی کر رہا تھا ’میں نے اسے کہا کہ بالکل کسی لڑکی سے اونچی آواز میں بھی بات نہیں کرنا کیونکہ میں اس کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’سوچیے اگر کسی لڑکے نے کسی لڑکی کے ساتھ اس طرح کی بدتمیزی کی ہوتی تو آج کیا حال ہوتا؟‘

فیصل کہتے ہیں کہ میں نے اپنے شو میں کوئی صنفی امتیاز نہیں رکھا ہوا کہ یہ گیم لڑکی نہیں کھیل سکتی یا یہ صرف لڑکے کھیل سکتے ہیں۔

https://twitter.com/EngineerLarki/status/1411309529967570949

کچھ افراد اس واقعے کو پبلسٹی سٹنٹ یا سکرپٹڈ بھی کہتے نظر آ رہے ہیں۔ فیصل کہتے ہیں کہ ’یہ سکرپٹڈ یا پبلسٹی سٹنڈ بالکل بھی نہیں تھا لیکن بس ایسا ناخوشگوار واقعہ ہو گیا۔‘

انھوں نے بتایا کہ شو کے بعد مسکان نے آ کر ان سے سوری کیا اور انھوں نے اس کے سر پر ہاتھ رکھا اور سمجھایا کہ ’بیٹا تھوڑا خیال رکھا کرو کیونکہ آن آئیر شو جا رہا ہوتا ہے۔‘

فیصل بتاتے ہیں کہ مسکان کے علاوہ باقی سب نے بھی ان سے سوری کیا کیونکہ ’وہ سب میری بہت عزت کرتے ہیں اور میں بھی ان کے ساتھ ویسے ہی مستیاں کرتا ہوں جیسے وہ کر رہے ہوتے ہیں بس کبھی کبھار ایسا کچھ نہ کچھ ہو جاتا ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp