بیرون پاکستان میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات


سئیول، ساوتھ کوریا
پچیس دسمبر اقوام عالم میں نہایت اہمیت کا حامل دن ہے۔ اس دن پوری دنیا کی مسیحی برادری حضرت عیسی علیہ السلام کی پیدائش کا دن مذہبی جوش و عقیدت سے مناتی ہے اور اسی دن ہم پاکستانی بحیثیت قوم کے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بھی نہایت خوشی سے مناتے ہیں۔ قارئین کرام آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد محمد میاں نواز شریف کا جنم دن بھی 25 دسمبر ہی ہے۔ لہذا مسلم لیگ نون ایک قومی سیاسی پارٹی ہونے کے ناطے ملک بھر میں بانی پاکستان قائد اعظم اور پارٹی کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی اکٹھی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے۔امسال بھی پاکستان مسلم لیگ نون کی طرف سے پچیس دسمبر کا دن پاکستان میں اور پاکستان سے باہر دوسرے ممالک میں جہاں جہاں مسلم لیگ نون کے کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی موجود ہیں وہاں بڑی دھوم دھام اور شان سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں 25 دسمبر سے ایک ہفتہ قبل مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز کے صدر اسحاق ڈار نے دنیا بھر میں مسلم لیگ نون اوورسیز کی تنظیمات کو بھی قائد جمہوریت PMLn کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات کو ایک شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ نون اوورسیز کی تنظیموں کو چاہیئے کہ وہ قائد محترم محمد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات مناتے ہوئے ان کی اچھی صحت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خوشحالی و سلامتی کے لیئے بھی دعائیں کی جائیں۔

مسلم لیگ نون اوورسیز قائد نواز شریف کا ہر اول دستہ ہے۔ اوورسیز کارکنان قائد کی محبت میں پارٹی کی خدمت اور اپنے قائد کے سیاسی افکار کی ترویج کے لیئے ہمہ وقت مصروف عمل رہتے ہیں۔ اوورسیز مسلم لیگی کارکنان پارٹی و ملک کی بے لوث خدمت کرتے ہیں اور اس عمل میں ان کے نزدیک صرف ایک ہی چیز مدنظر ہوتی ہے کہ جن جن ممالک میں ہم رہ رہے ہیں جان سے عزیز تر اپنا ملک پاکستان بھی ویسا ہی پر امن، خوشحال اور مستحکم ہو۔ وطن کے لیئے یہی درد اور محبت مسلم لیگی اوورسیز کارکنان کو میاں نواز شریف کے دل کے قریب رکھتی ہے۔

جب سے سینیٹر اسحاق ڈار مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز کے صدر بنے ہیں تب سے دنیا بھر میں پارٹی کے اوورسیز چیپٹرز اعلی طریقے سے فعال ہیں۔ اسحاق ڈار صاحب کی راہ نمائی میں اوورسیز تنظیمات یک جان ہو کر صرف اور صرف پارٹی اور قائد جمہوریت دلوں کی دھڑکن مسلم لیگ نون کے تاحیات سربراہ محمد میاں نواز شریف کی محبت و احترام میں ہر محاذ پر سینہ سپر ہیں۔ اسحاق ڈار صاحب کی معاونت کے لیئے بیرسٹر امجد ملک بطور چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز مصروف عمل اور پارٹی معاملات میں ہمہ وقت سرگرم رہتے ہیں۔ چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ نون اوورسیز بیرسٹر امجد ملک انسانی حقوق کے ایک معروف قانون دان ہیں اور پاکستان اوورسیز فاونڈیشن کے چئیرمین بھی رہ چکے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کرنے کی خوبی کی بنا پر مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف نے بیرسٹر امجد ملک صاحب کو مسلم لیگ نون کے انٹرنیشنل آفئیرز کا چیف کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔

میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں مرکزی تقریب مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز کے مرکزی سیکرٹریٹ لندن میں منعقد ہوئی اور مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز کے صدر سینیٹر اسحاق ڈار صاحب نے میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پہ مسلم لیگی کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جن میں مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز کے چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک، صدر مسلم لیگ نون برطانیہ زبیر گل اور سینئیر نائب صدر خواتین ونگ سلک لودھی خاں کے علاوہ مسلم لیگ نون برطانیہ کی تمام سینئیر قیادت اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اسپین میں قائد محترم محمد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی مرکزی تقریب بارسلونا شہر میں منعقد کی گئی۔ مسلم لیگ نون اسپین کے صدر حاجی راجہ اسد نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ سے دعا گو ہیں کہ اللہ قائد محترم کو اچھی صحت عطا فرما تا کہ وہ جلد سے جلد پاکستان کے چوتھی بار وزیر اعظم بن کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ صدر راجہ حاجی اسد نے مزید کہا کہ تمام کارکنان محبت و بھائی چارے کی مثال قائم کرتے ہوئے قائد کے بیانیے پہ ڈٹ جائیں۔

مسلم لیگ نون اسپین کا ذکر ہو تو شہزادہ عثمان طاہر کو فراموش کرنا ممکن نہیں رہتا۔ شہزادہ عثمان طاہر صدر مسلم لیگ نون یوتھ ونگ اسپین ہیں اور گذشتہ دس سال سے زائد اسپین میں پارٹی علم اور قائد نواز شریف کا نعرہ بلند کیئے ہوئے ہیں۔ شہزادہ عثمان طاہر سوشل میڈیا ٹی وی کے نام سے اپنا ایک یو ٹیوب چینل بھی چلاتے ہیں۔ یہ سوشل میڈیا ٹی وی بہت مختصر عرصے میں اپنا ایک نام پیدا کر چکا ہے۔ شہزادہ عثمان طاہر 24/7 پروگرام کرتے ہیں اور پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے ٹی وی پروگرامز کے لیئے گفتگو میں لیتے ہیں جن میں ممبر پارلیمنٹ، سابق وزراء، نامور جرنلسٹس اور مختلف شعبوں کے ماہر لوگ شامل ہیں۔ اس نوجوان مسلم لیگی نے یورپ خصوصا اسپین میں مسلم لیگ نون کو انتہائی جانفشانی سے فعال کیا ہے۔

فرانس میں مرکزی تقریب کا انعقاد رنگ و نور کے شہر پیرس میں کیا گیا، تقریب کی میزبانی صدر یوتھ ونگ یورپ رانا محمود علی خان اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ نون فرانس شیخ وسیم اکرم نے کی۔ تقریب میں فرانس کے مخلتف شہروں سے کارکنان نے رانا محمود علی خان کی دعوت پہ خصوصی طور پر اپنے قائد کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ صدر یوتھ ونگ یورپ رانا محمود علی خان نے اس موقع پہ اپنی تقریر میں کہا کہ نواز شریف کو ماضی میں بھی مٹانے کی کوشش کی گی لیکن آج وہ تمام لوگ خود ماضی برد ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ نواز شریف جلد اپنی عوام کے درمیان ہونگے۔

یورپ کے دیگر ممالک میں بھی قائد محمد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں اٹلی سے مسلم لیگ نون کے سینئیر راہنما قمر ریاض خان نے ایک بڑی تقریب کا بندوبست کیا اور کارکنان کی کثیر تعداد کو سالگرہ کی تقریب پہ مدعو کیا۔ قمر ریاض خان جو مسلم لیگ نون اٹلی کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ یورپ ریجن کے کوآرڈینیٹر بھی ہیں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے نواز شریف کو ایک بار پھر سرخرو کر دیا ہے۔ نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بن کر ملک کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع کرے گا جہاں سے اسے بے دخل کر کے پاکستانی عوام سے ظلم کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی ٹیم خصوصا راجہ محمد علی عمران جو یورپ ریجن کے کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا اور جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ برائے یورپ بھی ہیں کی خدمات کو سراہا۔

اس کے علاوہ یورپ کے متعدد ممالک میں قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ سویڈن میں مرکزی تقریب کی میزبانی صدر مسلم لیگ نون سویڈن شیخ سیعد، ناروے میں مسلم لیگ نون کے صدر شاہد تنویر بٹ، ہالینڈ میں مسلم لیگ نون ہالینڈ کے صدر پیر طاہر اقرار شاہ، آسٹریا سے چوہدری علی شرافت، یونان میں چوہدری اعجاز احمد صدر مسلم لیگ نون یونان، جرمنی میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ نون جرمنی جو یورپین ریجن میں مسلم لیگ نون یوتھ کے چیف آرگنائزر بھی ہیں۔ اسی طرح ایک بڑی تقریب کا اہتمام ڈنمارک میں آصف رضا چیرمین یوتھ ونگ یورپ نے کیا اور قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب بہت عالی شان طریقے سے منائی گی جس کا انعقاد نیو یارک سٹی میں کیا گیا۔ تقریب کی صدارت احمد خان نے کی جبکہ سالگرہ کی اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر مسلم لیگ نون یو ایس اے روحیل ڈار تھے۔ جنرل سیکرٹری مسلم لیگ نون یو ایس اے رانا سیعد نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کو احسن انداز میں ترتیب دیا۔ مسلم لیگ نون یوتھ ونگ متحدہ امریکہ کے صدر راجہ رزاق نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ مقررین نے دو ٹوک الفاظ میں اس بات کا اعلان کیا کہ مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف جلد پاکستان میں ہونگے۔ صدر مسلم لیگ نون متحدہ امریکہ روحیل ڈار نے مسلم لیگ نون اور اوورسیز پاکستانیوں کے تعلق پر سیر حاصل گفتگو کی اور کہا کہ یہ قائد نواز شریف کا ہی وژن ہے کہ اوورسیز کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ وطن عزیز کی خدمت میں انگیج کیا جائے۔ تقریب کے اختتام پہ خوبصورت کیک کاٹ کر میاں نواز شریف کی صحت و درازی عمر اور پاکستان کے استحکام کی دعائیں کی گئیں۔

کینیڈا میں قائد نواز شریف کی سالگرہ کی مرکزی تقریب ٹورنٹو شہر میں منعقد کی گئی۔ مسلم لیگ نون کینیڈا کے سینئیر نائب صدر سہیل وڑائچ، نائب صدر چوہدری عرفان گجر اور جنرل سیکرٹری اکمل شہزاد باجوہ نے میزبانی کرتے ہوئے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ پیر عدنان بودلہ کی قائد نواز شریف بارے محبت و احترام بھری گفتگو حاضرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے کارکنان کی کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔ اس تقریب میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ نون اوورسیز چوہدری نور الحسن تنویر صاحب جو ممبر پارلیمنٹ بھی ہیں اور چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز بیرسٹر امجد ملک صاحب نے شرکاء سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کیا اور قائد میاں نواز شریف اور صدر مسلم لیگ نون اوورسیز سینیٹر اسحاق ڈار صاحب کا پیغام شرکاء تک پہنچایا۔ صدر مسلم لیگ نون کینیڈا نجیب بٹ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ وہ وہاں تشریف لائے اور تقریب کے منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔ کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں صوبائی صدر صاحبزادہ آفتاب احمد اور ان کی ٹیم نے اپنے محبوب قائد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر اس تقریب کا حصہ بنے۔

یورپ کی طرح خلیجی ممالک میں بھی مسلم لیگ نون کے اوورسیز چیپٹرز نے جوش و خروش سے قائد نواز شریف کی سالگرہ منائی۔ اس سلسلے میں ایک مرکزی تقریب متحدہ عرب امارات میں منعقد کی گئی جس میں مرکزی قائدین اور مختلف ریجنز کے صدور نے بھرپور شرکت کی۔ مسلم لیگ نون یو اے ای کے چیرمین محمد غوث قادری، مرکزی صدر غلام مصطفی مغل، جنرل سیکرٹری چوہدری ظفر اقبال اور صدر خواتین ونگ فرزانہ کوثر نے خصوصی شرکت کی۔ یو اے ای میں مسلم لیگ نون کے سوشل میڈیا سربراہ رانا محمد نعیم اور ان کی ٹیم نے تقریب کو کامیاب بنانے میں دن رات ان تھک محنت کی۔

سعودی عرب میں سالگرہ کی مرکزی تقریب مسلم لیگ نون ریاض ریجن کی طرف سے منعقد کی گئی۔ تقریب کی میزبانی سینئیر لیگی قیادت سردار شیعب، مرزا منیب بیگ، چوہدری طارق ورک اور ان کی ٹیم نے کی۔ اس موقع پہ مقررین نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان میں ہر طرح کی سختیوں کو جھیلا ہے اور ہمیشہ اپنے اصولی موقف پہ کھڑے رہے ہیں۔ سعودی عرب میں ہی مسلم لیگ نون کے کارکنان کی جانب سے ایک اور پروقار تقریب میں میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ سینئیر مسلم لیگی راہنما شیخ سیعد اور چوہدری محمود الحق ڈوگر نے خصوصی شرکت کی۔

بحرین میں سالگرہ کی تقریب مسلم لیگ نون بحرین کے جنرل سیکرٹری ندیم حفیظ کی قیادت میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی کامیابی کے لیئے بحرین میں مسلم لیگ نون کے انفارمیشن سیکرٹری شکیل احمد تنولی کی کاوشوں اور خدمت کی ستائش ضروری ہے۔ بحرین کی تنظیم خلیجی ممالک کی تنظیمات میں ایک سرگرم ٹیم ہے جو ہمہ وقت قائد کی محبت میں پارٹی کی بہتری کے لیئے مصروف عمل رہتی ہے۔ اس تقریب میں چوہدری نور الحسن تنویر جنرل سیکرٹری مسلم لیگ نون اوورسیز اور چیف کوآرڈینیٹر مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز بیرسٹر امجد ملک صاحب نے آن لائن خطاب کیا اور تقریب کے شرکاء کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسی طرح کویت میں سالگرہ کی تقریب کی میزبانی کویت میں مسلم لیگ نون کے صدر میاں ارشد اور جنرل سیکرٹری حسنین گل نے کی۔ کویت سٹی میں ایک سادہ تقریب میں پروقار انداز میں میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

مسلم لیگ نون جاپان کے زیر انتظام تقریب کا اہتمام جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کیا۔ مسلم لیگ نون جاپان کے سیکرٹری جنرل شمس علی بٹ اور صدر یوتھ ونگ جاپان ملک ارشد علی اعوان ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پہ ملک نور اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ میاں نواز شریف صاحب کو جلد صحت یاب کرے تا کہ جلد سے جلد ملک کی باگ ڈور سنبھال سکیں اور پاکستان ترقی کی راہ پہ دوبارہ گامزن ہو سکے۔

ساوتھ کوریا میں قائد مسلم لیگ نون کی سالگرہ کی تقریبات بڑی دھوم دھام اور شایان شان طریقے سے منائی گئیں۔ مرکزی تقریب جنوبی کوریا کے شہر تھیگو سٹی میں مسلم لیگ نون کے سینئیر راہنما راجہ عامر اقبال کی قیادت میں منعقد ہوئی۔ راجہ عامر اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساوتھ کوریا میں ہماری ٹیم جانفشانی سے فعال ہے جو نوجوانوں میں قائد میاں نواز شریف کے سیاسی فلسفے کو اجاگر کرنے میں ہمہ وقت مصروف ہے۔ اس مرکزی پروگرام کے علاوہ جنوبی کوریا میں آٹھ مختلف شہروں، انچھن، ہواسانگ، سئیول ایتوان، ینگجو سٹی اور کھئیونگی گوانگجو سٹی میں قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کے کیک کاٹنے کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ سینئیر لیگی لیڈر مہر محمد سرور نے قائد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک اپنے گھر اپنی فیملی کے ہمراہ کاٹا۔

مسلم لیگ نون ساوتھ کوریا کے آرگنائزر ڈاکٹر میاں صابر حسین نے انچھن شہر میں قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد کے بیانیے ووٹ کو عزت دو پہ پہرہ دینا اب ہماری سیاسی زندگی کا نصب العین بن چکا ہے۔ قائد نے جیلیں اور جلاوطنیاں کاٹی ہیں لیکن اصولوں پہ کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لایا گیا موجودہ ہائبرڈ نظام ملکی معیشت و سلامتی کے لیئے مسلسل خطرہ بنتا جا رہا ہے جس سے جلد چھٹکارا بہت ضروری ہے۔ ڈاکٹر میاں صابر حسین نے ساوتھ کوریا میں مسلم لیگ نون کی سینئیر قیادت مہر محمد سرور، مدثر علی چیمہ، میاں صغیر احمد، شفیق خان، چوہدری اصغر کلوں، میاں اصغر بانگی، ندیم شیر، طارق ندیم ڈوگر، لالہ زبیر، تنویر عباسی اور تمام لیگی کارکنان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنے محبوب قائد میاں نواز شریف کی محبت اور مسلم لیگ نون کی کسی بھی سیاسی سرگرمی کے لیئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔

مسلم لیگ نون اوورسیز کے تمام کارکنان و قائدین قائد میاں نواز شریف کی سالگرہ کے حوالے سے یہ تقریبات منعقد کرنے پر داد کے بجا طور پر مستحق ہیں۔ خصوصی طور پر کوآرڈینیٹر مسلم لیگ نون انٹرنیشنل آفئیرز بیرسٹر امجد ملک صاحب کی شفقت و راہ نمائی کا ذکر کرنا لازم سمجھتا ہوں جو اپنی گوناں گو مصروفیت کے باوجود اوورسیز پارٹی معملات میں مدد کرنے کے لیئے ہر وقت دستیاب ہوتے ہیں۔ 25 دسمبر مسلم لیگ نون اوورسیز کے جنرل سیکرٹری ممبر پارلیمنٹ محترم چوہدری نور الحسن تنویر کا یوم پیدائش بھی ہے ہم مسلم لیگ نون اوورسیز کی تمام تنظیمات کی طرف سے انہیں بھی دل کی گہرائیوں سے سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ پاکستان مسلم لیگ نون کی قیادت کو وطن عزیز کی خدمت کرنے کا مزید عزم و حوصلہ عطا فرمائے۔

Facebook Comments HS