انڈین ارب پتی مکیش امبانی برطانیہ کی بوٹس کمپنی خریدنے کے خواہشمند

پیٹر ہوسکنز اور اینابینا لیناگ - بزنس ریپورٹر


Shoppers pass by a Boots pharmacy in London.
لندن شہر کے تقریباً ہر علاقے میں بوٹس کی دکان مل جاتی ہے
انڈیا سے تعلق رکھنے والے ارب پتی مکیش امبانی برطانیہ کے خواتین کے میک اپ اور ادوایات فروخت کرنے والی بوٹس کے نام سے دکانوں کو خریدنے کے لیے بولی لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔۔

مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر اور چیئرمین ہیں۔

ممبئی میں قائم ریلائنس گروپ امریکی فرم اپولو گلوبل مینجمنٹ کے ساتھ بولی لگانے پر کام کر رہی ہے۔

اس سال کے شروع میں، والگرینز بوٹس الائنس نے بوٹس کے کاروبار کا جائزہ لینے کا اعلان کیا اور مبینہ طور پر کمپنی کو فروخت کے لیے پیش کیا۔

اس معاہدے سے بوٹس کو انڈیا، جنوب مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ تک پھیلنے کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں کاروبار میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔

منصوبے کے تحت، ریلائنس اور اپولو بوٹس میں حصص کے مالک ہوں گے، حالانکہ یہ واضح نہیں تھا کہ آیا وہ کاروبار میں برابر کے شراکت دار ہوں گے۔

فائنینشل ٹائمز کے مطابق جس نے پہلی بار یہ خبر دی تھی بوٹس جس کے برطانیہ میں 2,200 سے زیادہ فارمیسی، صحت اور بیوٹی سٹور ہیں جن کی مالیت کا تخمینہ تقریباً چھ سے ساڑھے سات ارب پاؤنڈ کے درمیان ہے۔

والگرینز بوٹس الائنس نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جبکہ ریلائنس نے فوری طور پر تبصرہ کے لیے بی بی سی کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

مکیش امبانی کون ہیں؟

Mukesh Ambani.

مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں۔

مکیش امبانی دنیا کے آٹھویں امیر ترین شخص ہیں۔

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق، 65 سالہ مکیش ایشیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں، جن کی دولت کا تخمینہ سو ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

ان کے آنجہانی والد دھیرو بھائی امبانی نے ٹیکسٹائل کے ایک کاوربار کی بنیاد رکھی تھی جو بالآخر ریلائنس انڈسٹریز بن گیا۔

یہ اب انڈیا کے سب سے بڑے بزنس گروہوں میں سے ایک ہے۔ جس میں پیٹرو کیمیکل، تیل اور گیس، ٹیلی کام اور پرچون کے کاروبار شامل ہیں۔

مسٹر امبانی فی الحال ریلائنس انڈسٹریز کے 49 فیصد سے زیادہ کے مالک ہیں۔

امبانی خاندان کے پاس پہلے ہی برطانیہ میں لاکھوں پاؤنڈ مالیت کے اثاثے ہیں۔

2019 میں، ریلائنس برانڈز لمیٹڈ نے، جو مسٹر امبانی کی ملکیت ہے، کھلونے فروخت کرنے والی کمپنی ہیملیز کو ایک نامعلوم رقم میں خریدا تھا۔

پچھلے سال، ریلائنس انڈسٹریز نے تاریخی برطانوی کنٹری کلب سٹوک پارک کو پانچ کروڑ ستر لاکھ پاؤنڈ میں خریدا۔

یہ بھی پڑھیے

شکریہ بڑے بھائی!

مکیش امبانی نے کھلونوں کی سب سے پرانی دکان خرید لی

انیل امبانی: ’وکیلوں کی فیس زیورات فروخت کرکے ادا کر رہا ہوں‘

امبانی کی شادی میں امیتابھ اور عامر نے کھانا کیوں بانٹا؟

173 سالہ بوٹس کے کاروبار کے مستقبل کے بارے میں کئی مہینوں سے چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔

جنوری میں، اس کے امریکہ میں مقیم مالک، والگرینز بوٹس الائنس نے کہا کہ ’بوٹس کے مستقبل اور تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے صحیح فیصلہ آنے کے بعد، مزید اعلانات مناسب وقت پر کیے جائیں گے۔‘

برطانیہ کے سپر مارکیٹ گروپ Asda کے مالکان – بھائی محسن اور زبیر عیسیٰ اور نجی ایکویٹی فرم ٹی ڈی آر کیپیٹل نے بھی اطلاعات کے مطابق بوٹس کے لیے ابتدائی بولی لگائی ہے۔

امبانی کے منصوبے

مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کو پرچون کے شعبے میں ایک دیو کے طور پر پیش کرکے ریٹیل سپیس میں موجودگی کو بڑھا رہے ہیں۔

اس ضمن میں ان کے عزائم لگژری فیشن سے لے کر الیکٹرانکس اور گھریلو روز مرہ اشیا تک شامل ہیں۔

کمپنی پورے انڈیا میں 12,000 اسٹورز کے ساتھ انڈیا کا سب سے تیزی سے بڑھتا ہوا اور سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار چلاتی ہے۔

مسٹر امبانی نے بھی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے، والمارٹ کی ملکیت والی فلپ کارٹ اور ایمیزون کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے اپنے ای کامرس آپریشنز کو وسعت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صرف ستمبر 2020 میں، ریلائنس ریٹیل نے تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی۔

اور اس کے عزائم صرف انڈیا تک ہی محدود نہیں رہے کیونکہ ان کی نظر دنیا بھر میں کاروبار پر ہے، جیسے کھلونوں کی مشہور دکان ہیملز ہے – جسے انھوں نے 2019 میں خریدا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریلائنس جس چیز کی کمی محسوس کر رہی ہے، وہ فارمیسی اور فلاح و بہبود کے کاروبار کا ایک حصہ ہے اور یہی وہ چیز ہے جسے وہ بوٹس کے ساتھ ٹائی اپ کے ذریعے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ہندوستان نے حال ہی میں آن لائن فارمیسی میں اضافہ دیکھا ہے اور یہ ممکنہ ڈیل ریلائنس کو اس شعبے میں تیزی سے داخل ہونے کے قابل بنائے گی۔

لیکن چونکہ والمارٹ اور ایمیزون جیسے بڑے آن لائن کاروبار سب کچھ فروخت کرتے ہیں، زیادہ مخصوص رینج پیش کرنے والے کاروباروں نے بڑے پیمانے پر ہندوستانی مارکیٹ میں قدم جمانے کے لیے جدوجہد کی ہے۔

یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ ریلائنس بیرون ملک فارمیسی اور فلاح و بہبود کے کاروبار میں کس پوزیشن میں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32510 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments