ذوالفقار علی بھٹو اور 4۔ 5 جولائی کی تیرگی


اس میں کیا شک کہ چار اور پانچ جولائی 1977 ء کی درمیانی شب ہماری سیاسی تاریخ میں ایک تاریک ترین شب کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ جمہوری روشن دور کے بعد جبر، سیاسی اور سماجی گھٹن کا ایک طویل دور ملک اور قوم پر مسلط رہا، جس کے اثرات بد نے آج بھی ملک و قوم کو متاثر کر رکھا ہے۔

جون 1966 ء میں پہلے فوجی آمر ایوب خان نے ذوالفقار علی بھٹو کو وزارت خارجہ سے برطرف کیا تو عام خیال یہی تھا کہ ان کا سیاسی سفر ختم ہو گیا ہے۔ بھٹو بے پناہ غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک تھے اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو نہایت ذہانت اور جرات سے ایوب خان کے خلاف استعمال کرتے ہوئے اقتدار کو دوبارہ پا لیا۔ ان کی وفات کو چالیس سال گزرنے کے بعد بھی پاکستان کی سیاست پر بھٹو اثرات موجود ہیں۔ اگرچہ پاکستان کی سیاست میں ان کے کردار اور مقام کے بارے میں بہت کچھ کہا اور لکھا گیا ہے لیکن اس کا اعتراف ان کے شدید مخالف بھی کرتے ہیں کہ بھٹو نے مفلس، محتاج اور مظلوم عوام میں اپنے حقوق کا شعور پیدا کیا اور انھیں حقوق کے حصول کی جدوجہد پر تیار بھی کیا۔

یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی زندگی میں بھی اور وفات کے بعد بھی عوام کے دلوں پر راج کرتے چلے آرہے ہیں۔ 1966 ء سے 1971 ء کا عرصہ عوام اور بھٹو کے تعلق کے عروج کا زمانہ تھا۔ انہوں نے عالمی سطح پر نظریاتی بلاکس کی تشکیل کو پاکستان کے داخلی مسائل کے ساتھ منسلک کر کے ملک کے جاگیرداروں، سرمایہ داروں، وڈیروں اور مذہبی اجارہ داروں کے تسلط کو توڑنے کی بھرپور کوشش کی اور ایک حد تک اس میں کامیاب بھی ہوئے۔ لیکن بعد میں وہ انہی وڈیروں اور جاگیرداروں کو ساتھ ملانے پر مجبور ہو گئے۔ ان میں یقیناً بشری کمزوریاں بھی تھیں، ان کے سیاسی اور انتظامی فیصلوں پر مختلف آراء بھی ہو سکتی ہیں لیکن مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد انہوں نے جس تدبر، فراست اور جذبے

سے ملک اور عوام کو سنبھالا اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ وہ جن سیاسی اور معاشی نظریات کے علم بردار تھے، انہوں نے ان کی خوب تشہیر کی اور اپنی سیاست اور حکومت کی اساس انھیں نظریات پر رکھی۔

ذوالفقار علی بھٹو یہ سمجھتے تھے کہ بانی پاکستان کی وفات کے بعد پاکستان اس راستے سے بھٹک گیا جس پر بانی پاکستان اسے چلانا چاہتے تھے۔ بانی پاکستان کے بعد سول ملٹری بیوروکریسی نے سرمایہ داروں، جاگیر داروں او ر وڈیروں کے ساتھ مل کر ملک کے وسائل پر قبضہ کیا اور خوب لوٹا۔ 14 اپریل 1972 ء کو قومی اسمبلی میں اپنی تقریر میں بھی بھٹو نے سول ملٹری بیوروکریسی اور سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کے گٹھ جوڑ پر خوب بات کی۔ اسی تقریر میں انہوں نے اگست 1943 ء میں دلی میں قائد اعظم کی آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس کے صدارتی خطبے میں کی جانے قائداعظم کی تقریر کا حوالہ بھی دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”پاکستان سرمایہ داروں کے لیے نہیں بلکہ غریبوں کے لیے بنایا جا رہا ہے۔ غریبوں کا استحصال کرنا ان کے خون میں شامل ہو چکا

ہے، وہ اسلام کا سبق بھول گئے ہیں، لالچ اور خود غرضی ان پر حاوی ہو چکی ہے۔ میں نے کچھ گاؤں دیکھے جن میں لاکھوں لوگ ہیں جنہیں ابھی بھی ایک وقت کی روٹی ملتی ہے۔ کیا یہی تہذیب ہے؟ کیا یہی پاکستان کا مقصد ہے؟ کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ لاکھوں کا اس طرح استحصال کیا گیا ہے کہ وہ ایک وقت کی روٹی بھی نہیں کہا سکتے۔ اگر پاکستان کا یہ مطلب ہے تو پھر مجھے پاکستان نہیں بنانا چاہیے۔ اگر سرمایہ دار اور جاگیر دار سمجھ دار ہیں تو پھر انھیں بدلتے وقت کے تقاضوں کے ساتھ بدلنا ہو گا، اگر وہ نہ بدلے تو خدا ان کی مدد کرے، ہم ان کی مدد نہیں کریں گے ”۔

بھٹو کے نظریاتی طور پر یہ سمجھتے تھے کہ پاکستان کے قیام کا مقصد ہندؤں کے استحصال سے نجات حاصل کرنا نہیں تھا بلکہ ایک ایسے خطے کا قیام تھا جہاں طاقتور اور امیر مظلوم اور غریب کا استحصال نہ کرسکے اور اسلامی اصولوں پر سماجی انصاف کا نظام قائم ہو۔ لیکن افسوس کے بھٹو ان خوبصورت اور شاہکار نظریات کی عملی شکل برپا کرنے میں ناکام رہے۔

معروف بھارتی صحافی آنجہانی کلدیپ نائر نے 1972 ء میں بھٹو صاحب کا انٹرویو کیا تھا جسے کا ذکر انہوں نے مختلف شخصیات کے خاکوں پر مشتمل اپنی اس کتاب میں کیا جو ان کے موت کے بعد شائع ہوئی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو پر تحریر کیے خاکے کی ابتدا ء میں کلدیپ نائر لکھتے ہیں کہ اس خاکے میں وہ بھٹو کی شخصیت اور سیاسی فکر پر وہ کچھ بتائیں گے جو اس سے پہلے منظر عام پر نہیں آیا یا اس سے پہلے نہیں لکھ گیا۔

اس انٹرویو میں بھٹو صاحب نے اعتراف کیا کہ ہندوستان سے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے والے جملے کو زبان کی پھسلن کہا جانا چاہیے۔ بھٹو صاحب کو یقین تھا کہ اگر کشمیریوں کو یہ یقین ہو جائے کہ پاکستان کی پشت پناہی اور مدد کرے گا تو وہ بھارت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ بھٹو صاحب سے جب یہ پوچھا گیا کہ 1965 ء کی جنگ کا ذمہ دار ایوب خان انہیں قرار دیتے تھے تو انہوں نے اس سے الزام کی تردید نہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاریخ سے سیکھنے پر یقین رکھتے ہیں اور وہ کچھ نہیں دہرائیں گے جو ماضی میں ہو چکا ہے۔

بھٹو صاحب کے ان نظریات کے پس منظر میں یہاں کلدیپ نائر پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم نواز شریف اور گجرال کی گفتگو کا جملہ وہ نقل کرتے ہیں جس میں نواز شریف گجرال سے کہتے ہیں کہ آپ ہمیں کشمیر نہیں دیں گے اور نہ ہی ہم آپ سے لیں سکیں گے۔ بھٹو عالمی سیاست اور تاریخ کا گہرا شعور رکھتے تھے اور وہ کشمیر کا حل ٹرسٹے کی طرح کا چاہتے تھے۔ ٹرسٹے جنگ عظیم دوئم کے بعد سے اٹلی اور یوگو سلاویہ کے درمیان متنازعہ علاقہ چلا آ رہا تھا جسے 1954 ء میں دونوں ممالک نے ایک معاہدے کے ذریعے اس متنازعہ علاقے کو باہمی رضا مندی سے تقسیم کر لیا۔ بھٹو اس فارمولے پر کشمیر کا حل چاہتے تھے جس پر شملہ میں اندراگاندھی اور بھٹو صاحب کے درمیان بات بھی ہوئی تھی مگر بعد میں یہ بیل منڈھے نہ چڑھ سکی۔

1979 ء میں جب کلدیپ نائر ایک بار پھر پاکستان آئے تو اس وقت بھٹو صاحب کو پھانسی کی سزا سنائی جا چکی تھی۔ کلدیپ نائر نے ایک انٹرویو میں چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر جنرل ضیا الحق سے پوچھا کہ بھٹو صاحب کی سزا کی تخفیف کے بارے میں عالمی برادری کا دباؤ تو ان پر ہو گا؟ جس کے جواب میں ضیا الحق نے کہا کہ اس حوالے سے ان پر کسی بھی ملک کا دباؤ نہیں ہے حتیٰ کہ واشنگٹن اور ریاض کا بھی نہیں۔ کلدیپ نائر اسی وقت سمجھ گئے تھے کہ ضیاء بھٹو کو پھانسی دینے کا حتمی فیصلہ کر چکے ہیں۔

کلدیپ نائر نے اس کا اظہار یحییٰ بختیار سے بھی کیا جو زمانی طالب علمی میں لاء کالج لاہور میں ان سے سینئر تھے۔ یحییٰ بختیار نے ان کا پیغام بھٹو صاحب کو بھی پہنچایا تو بھٹو صاحب نے کہا کہ نائر کو غلط فہمی ہوئی ہے۔ بھٹو صاحب کو یقین تھا کہ عالمی دباؤ کے نتیجے میں انہیں پھانسی نہیں دی جا سکے گی۔ لیکن ان کا خیال غلط ثابت ہوا اور عالمی چودھری کی منشاء پر ہی انھیں 4 اپریل 1979 ء کو پھانسی دے دی گئی۔ بھٹو صاحب نے جن طبقات کی لوٹ کھسوٹ کے خلاف عوام میں شعور بیدار کیا تھا وہ لوٹ کھسوٹ اور چور بازاری آج بھی جاری ہے۔

جن استحصالی ممالک کی اجارہ داری کے خلاف وہ ڈٹ کھڑے ہوئے تھے ان کی چودھراہٹ آج بھی اسی طرح دنیا کی سیاست و معیشت کو جکڑے ہوئے ہے۔ پاکستان کے مجبور اور غریب عوام آج بھی استحصالی عناصر کی چیرہ دستیوں کا اسی طرح شکار ہیں۔ آج پاکستان کی سیاست پھر بھٹو کی منتظر ہے جو ظلم اور جبر کے نظام کے خلاف عوام کو متحد کرسکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments