ناصر شیخ کی عثمان بزدار کیخلاف سازش


ناصر محمود شیخ سے ستائیس برسوں سے پیار، محبت اور احترام کا رشتہ ہے، جنوبی پنجاب کے پرانے محلے دار، دوست، کلاس فیلوز باقاعدگی سے ہر سال آموں کی پیٹیاں بھیج کر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں، ناصر شیخ بھی آم بجھواتے ہیں مگر ایک سال کا وقفہ ڈال کر بھیجتے ہیں، ان کے اس فلسفے کی اب تک سمجھ نہیں آئی، ان کے چھوٹے بھائی طاہر شیخ 92۔ 94 ءمیں یونیورسٹی میں ساتھ تھے، وہ بھی بڑے بھائی کے نقش قدم کر چلتے ہیں، اس کی ایک وجہ یہی ہو سکتی ہے کہ ایک سال بعد ان میں شیخ والی رگ آڑے آجاتی ہے اور وہ ایک سال آم بھیجنے کا ناغہ کرلیتے ہیں حالانکہ سید کا حصہ ہر سال ہوتا ہے

گزشتہ سال ناصر شیخ نے طاہر شیخ کے ذریعے آم بھجوا دیے تھے مگر اس سال ان کی طرف سے ابھی تک خاموشی ہے، اللہ تعالی ان شیخوں کے دلوں میں رحم ڈالے کہ سید کا حصہ مارنا بہت بڑی زیادتی ہے، امید ہے کہ رواں ماہ ان کی طرف سے حصہ مل جائے گا، آم کا گلہ تو سرسری کر دیا، ناصر شیخ بھائی ہمیشہ سے ہی میرے آئیڈیل رہے ہیں، ثقافتی اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، بلیوں، چیلوں کی اکثر گوشت کی دعوت کرتے رہتے ہیں، ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے عوام کو آگاہی دیتے ہیں، شوبز میں بطور پروموٹر بہت نام کمایا، پاکستان کا شاید ہی کوئی فنکار ہو جو ناصر شیخ کو نہ جانتا ہو

اب جبکہ ناصر شیخ بھائی بوڑھے ہو رہے ہیں تب سے وہ سیاست میں بھی پنگے لینے لگ گئے ہیں، ایک بڑے اخبار میں کالم بھی لکھتے ہیں، ملتان سے اتنی محبت میں نے ملتانیوں میں نہیں دیکھی جتنی وہ کرتے ہیں، ملتان شہر کے مسائل، ترقی کے حوالے سے ہمیشہ متحرک رہتے ہیں، ہنس مکھ تو ہیں ہی ساتھ ہی کمال کی حس مزاح رکھتے ہیں، جس محفل میں بھی ہوں اس کی جان ہوتے ہیں، بہت خوبصورت جگت لگاتے ہیں، ہنستے، مسکراتے چہرے کے ساتھ خوشیاں بکھیرتے ہیں مگر جب وہ سنجیدہ بات کرتے ہیں تو سکول کے الجبرا کے ماسٹر کی طرح۔ لگتے ہیں

آج کل پنجاب میں ضمنی الیکشن کا دور چل رہا ہے، جلسے جلوس ہو رہے ہیں، ملتان میں اہم مقابلہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی اور شاہ محمود قریشی کو 2018 ءکے الیکشن میں ہرانے والے سلمان نعیم کے درمیان ہو رہا ہے، ناصر بھائی نے آج فیس بک پر سابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی تصویر کے ساتھ پوسٹ لگائی جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، پنجاب کی تاریخ کے کامیاب ترین وزیراعلی عثمان بزدار کسی حلقہ، کسی امیدوار کے شانہ بشانہ کسی کیمرہ میں نظر نہیں آرہے، انہیں پی ٹی آئی کے ہر جلسہ اپنی کارکردگی بتانے کے لئے آنا چاہیے تھا، اس کے ساتھ ستم یہ کیا کہ دوستوں کی رائے بھی مانگ لی، بس پھر کیا تھا، تبصروں کا تانتا بندھ گیا

لوگوں نے معصوم عثمان بزدار کے بارے میں ایسے ایسے کلمات کہے کہ مجھے یقین ہو گیا کہ اگر پنجاب میں کوئی مقبول رہنما ہے تو وہ عثمان بزدار ہے اگر عمران خان نے عثمان بزدار کو فری ہینڈ دیا ہوتا تو وہ نون لیگ جنوبی پنجاب میں تو کیا لاہور میں بھی ختم کر دیتا، ناصر شیخ بھائی کو عثمان بزدار سے نجانے کیا ویر ہے، ایک شریف آدمی باتیں کرنے کی بجائے کام کرنے کو ترجیح دیتا ہے تو اعتراض کیسا، ناصر بھائی کو شاید علم نہیں کہ سردار سائیں نے چند روز قبل عمران خان کے ڈی جی خان میں جلسہ کے دوران اپنا عظیم الشان خطاب کیا تھا

جلسہ میں سردار عثمان بزدار نے انتہائی مختصر اور جامع خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساڑھے تین سال میں جتنا کام پنجاب میں کیا اتنا 71 برسوں میں کسی نے نہیں کیا، یہ چائنہ والے تو الو کے پٹھے ہیں جنہوں نے شہباز شریف کو سپیڈو کا خطاب دیدیا، چین والوں کی عثمان بزدار اور ان کے کام پر شاید نظر ہی نہیں پڑی ورنہ جس سپیڈ سے سردار سائیں نے 71 برسوں کا سفر ساڑھے تین سالوں میں طے کیا ہے تو چین والوں نے عثمان بزدار کا نام BB رکھ دینا تھا، یعنی بزدار بلٹ۔ 71 سالوں کا سفر ساڑھے تین سالوں میں کرے۔

چین والوں کو اس جوہر نایاب کا بروقت علم ہوجاتا تو آج چین کے ہر چوک میں عثمان بزدار کے بڑے بڑے فلیکس لگے ہوتے، چینی عوام BB کو اپنا لیڈر بنا لیتے اور چین لے جاتے، جلسہ میں عثمان بزدار نے ایک گلہ بھی کیا کہ سائیں میں نے ساڑھے تین سالوں میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی، اب میرے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے اور مقدمے پہ مقدمے بنائے جا رہے ہیں، نون لیگ کو شاید اندازہ ہو گیا ہے کہ عثمان بزدار مستقبل میں ان کے لئے عمران خان سے بڑا خطرہ بن جائے گا اس لئے اس کا ابھی سے بندوبست کیا جا رہا ہے

ناصر بھائی کو اس مظلوم پر ذرا بھی ترس نہیں آیا جس کو پنجاب حکومت انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، وہ چاہتے ہیں سابق وزیراعلی پی ٹی آئی کے پنجاب کے ہر امیدوار کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں اور اپنی تاریخی کامیابیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں، ناصر بھائی کو یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ جو ساڑھے تین سال بھرپور وسائل ہونے کے باوجود اپنے کارناموں کے بارے میں عوام کو آگاہ نہ کر سکا وہ اب ضمنی الیکشن میں کیا آگاہ کرے گا، سائیں درویش آدمی ہیں، ان کو دنیاوی باتوں سے کوئی لگاؤ نہیں

مجھے ناصر بھائی سے بہت پیار ہے، مگر جب سے وہ سیاست میں دلچسپی لینے لگے ہیں تب سے وہ بھی سیاسی ہو گئے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے عثمان بزدار کے ضمنی الیکشن کے جلسوں سے خطاب کا مطالبہ کر کے تحریک انصاف کے خلاف گہری سازش کی ہے، ممکن ہے کہ شاہ محمود قریشی مستقبل میں ناصر بھائی کے خلاف دولت گیٹ چوک پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں کہ میرے خلاف سازش ناصر شیخ نے تیار کی تھی

ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں چند روز قبل شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ مجھے 2018 ءمیں پنجاب اسمبلی کا الیکشن پی ٹی آئی نے سازش کر کے ہروایا تھا، میرے ساتھیوں نے ہی میرے خلاف سازش کی تھی، میرے ہارنے پر پنجاب کا وزیراعلی عثمان بزدار کو لگا دیا گیا اگر میں صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیت جاتا تو وزیراعلی بن جانا تھا پھر پنجاب اور پی ٹی آئی کی یہ حالت نہ ہوتی جو آج ہے، وزیر خارجہ بننے کے بعد بھی شاہ محمود، عثمان بزدار سے ہمیشہ نالاں ہی رہتے تھے

ایک دفعہ شاہ محمود قریشی ملتان کے ارکان اسمبلی کے ساتھ عثمان بزدار سے ملنے آئے تو ترقیاتی کام نہ ہونے پر اس طرح وزیراعلی پر برسے کہ اس طرح کوئی اپنے ذاتی ملازم پر بھی نہیں برستا، ان کے چلانے کی آوازیں کمرے سے باہر آ رہی تھیں، اس ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے ایوان وزیراعلی کا پانی، پیا نہ چائے، اب ناصر بھائی یہ چاہتے ہیں کہ عثمان بزدار زین قریشی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں، اپنے کارناموں سے عوام کو آگاہ کریں جس سے زین قریشی واضح برتری سے جیت جائے اور پھر زین قریشی اپنے باپ کے سامنے کھڑا ہو جائے کہ ابا میری جیت میں آپ کا کوئی کردار نہیں، یہ تو عثمان بزدار کی کرم نوازی ہے، اس طرح قریشی خاندان، گجرات کے چودھری کے خاندان کی طرح ٹوٹ جائے

عثمان بزدار پہاڑوں کا رہنے والا ہے، پنجاب چلانے کے لئے وہ صرف دعا کرتا تھا اور اللہ اس فقیر کی دعا پوری کر دیتا تھا، ایسے فقیر کو جلسوں میں جانے کی کیا ضرورت ہے، وہ دعا کرے گا اور تحریک انصاف پنجاب میں تمام ضمنی الیکشن جیت جائے، مجھے امید ہے کہ 17 جولائی کو ناصر بھائی کی عثمان بزدار کو بدنام کرنے کی سازش بری طرح ناکام ہو جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments