دیواری اشتہارات: شہر کی دیواروں کو گنجا کر دو

ان دنوں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا بہت چرچا ہے لیکن کیا آپ نے وال مارکیٹنگ کا ہنر آزمایا ہے۔ ہمارے ایک ملنے والے میڈیکل کے امتحانات میں پے درپے ناکامیوں کے بعد بہت افسردہ تھے۔ ایک دن یونہی آوارہ گردی کرتے ہوئے شہر کی ایک دیوار پر نظر پڑی جہاں جنسی طاقت بڑھانے کی بہت سی ادویات کے سلوگن تھے۔ ان سلوگنز کو پڑھتے پڑھتے اس ناکام نوجوان کے ذہن میں ایک خیال نے سر اٹھایا اور اگلے چند دن میں اس نے جنسی ادویات کا ایک کلینک ہی کھول لیا اور آج وہ اپنے ڈاکٹر دوستوں سے زیادہ کما رہا ہے۔
کہتے ہیں شہر کے لوگوں کا مزاج جاننا ہو تو شہر کی دیواروں کو بھی دیکھ لیا کریں سو ہمارے ہمارے شہر کے لوگوں کو مشورے دینے کا بہت شوق ہے اس لئے ہم دیواروں کا سہارا لیتے ہیں۔ کوئی گنجا ہے تو دیواروں پر گنجے پن کے علاج کے لئے ایک سے بڑھ کر ایک شیمپو کی تشہیر ہو رہی ہو گی بلکہ بعض جگہ تو ایک کے ساتھ ایک شیمپو فری مل رہا ہو گا مطلب اگر گھر میں دو گنجے ہیں تو ایک کے مفت میں بال آ جائیں گے۔ اگر آپ کا رنگ گورا نہیں ہے تو بھی دیواروں کا رخ کریں ایسی ایسی نادر و نایاب کریمز ملیں گی جن کے فوائد پڑھ کر آپ حیران رہ جائیں گی کچھ میں تو منی بیک گارنٹی کا بھی آفر کی گئی ہو گی۔
ہماری ایک دوست ایسی ہی ایک کریم لگانے کے آج تک اس کے مالک کو ڈھونڈ رہی ہے جس نے اس کے چہرے کو دانوں سے آشنا کروا دیا اور وہ ابھی تک اپنے ان چہرے کے دانوں کا علاج کرواتی پھر رہی ہے لیکن گوری وہ ہو گئی ہے۔ ان دیواروں پر لکھے اشتہارات دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ شہر کے مردوں کو بس مردانہ کمزوری اور گنجے پن کے مسائل ہی درپیش ہیں اور خواتین صرف گورا ہونا چاہتی ہیں جبکہ محبت میں ناکامی دونوں اصناف کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے لئے بنگالی بابا کا نمبر بھی دیوار پر موجود ہے۔
حکومت نے دیواروں کو اشتہارات سے پاک کرنے کے لئے رنگوں سے کھیلنے والے طالب علموں کے سپرد یہ کام کر دیا کہ وہ اپنے اس ہنر کو دیواروں پر آزمائیں تاکہ اس اشتہار بازی سے نجات ملے۔ شہر کے بہت سے علاقوں میں یہ تجربہ کامیاب رہا لیکن اب بھی ایسے حکیموں اور عامل بابا کے نمبر ہمیں شہر کے گنجان آباد علاقوں کی دیواروں پر ہی ملتے ہیں۔ انہی دیواروں کے آس پاس ہی سارے دو نمبر کاموں کے اڈے موجود ہیں۔ کچھ دنوں پہلے ہمارے محلے میں ایک خاتون کی لاش قبرستان سے ملی تھی۔ سنا ہے اولاد کی خاطر کسی دیوار پر ایک عامل بابا کا نمبر دیکھ کر ان سے رابطہ کیا تھا۔ عامل کے کہنے پر ہی کسی قبر کے پاس کوئی چلہ کاٹتے ہوئے خوف سے مر گئی۔ تب سے میرا یہی دل کر رہا ہے کہ شہر کی ساری دیواروں کو گنجا کر دوں یا پھر ان پر ایک ہی جملہ لکھ دوں کہ
شہر کے سب جعلی لوگوں کو انہی دیواروں میں چنوا دو

