پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات
مملکت خداداد پاکستان 14 اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا۔ مملکت پاکستان کے عظیم بانی قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر رہنما بشمول علامہ ڈاکٹر محمد اقبال، سر سید احمد خان اور دیگر نامور شخصیات کی کوششوں کا نتیجہ یہ پاک سرزمین اور پاک وطن ہے۔ مملکت خداداد پاکستان کا معرض وجود میں آنا کسی معجزے کا نتیجہ نہیں، بلکہ لاکھوں کروڑوں افراد کی قربانیوں کا صلہ ہے۔ 14 اگست 1947 کو جہاں برصغیر کے کئی علاقوں کے مسلمان الگ وطن ملنے کی خوشیاں منانے میں مصروف تھے وہی پر کئی علاقوں کے مسلمان ہجرت کے معاملے پر غور و فکر میں مشغول تھے۔ دوران ہجرت لاکھوں مسلمان بے گھر ہوئے، لاکھوں خواتین کی عصمت دری کی گئی، اور بہت سے بے گناہ مسلمانوں کو قتل کر دیا گیا۔ اس ہجرت کے دوران بہت سے افراد لاپتہ ہوئے، جن میں سے بہت سے افراد آج تک نامعلوم ہیں۔
پاکستان کی آزادی بقول بانی پاکستان انگریزوں کی ایک نامکمل تقسیم ہے برصغیر پاک و ہند کی، آج بھی بہت سے مسلم اکثریتی علاقے اور ایسی آزاد ریاستیں، جنہوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا تھا، ہندوستان کے غیر قانونی تسلط میں ہیں۔ کشمیر، جونا گڑھ اور حیدر آباد دکن کی ریاستیں شامل ہیں۔
آزادی کی تقریبات
ملک بھر میں 1947 سے 2022 تک ہمیشہ کسی آفت کی صورت میں بھی یہ قوم اپنے آزادی کے دن کو ہمیشہ بھرپور جوش و جذبے سے مناتی ہے۔ چاہے وہ سقوط ڈھاکہ جیسا واقعہ ہو جس نے ملک کو کو دولخت کر دیا، چاہے 2005 کا تباہ کن زلزلہ ہو یا چاہے دہشتگردوں کی کارروائیاں، مملکت خداداد پاکستان کے شہریوں ہمیشہ آزادی کے دن کو بھرپور جوش و جذبے سے منایا اور یہ ثابت کیا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ سے ایک زندہ قوم ہے، پائندہ قوم ہے۔
آزادی کے دن کے موقع پر پورے ملک میں عید کا سا سماں ہوتا ہے ملک کی اہم عمارتوں میں چراغاں کیا جاتا ہے اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے۔ صبح کا آغاز مساجد میں دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے ہوتا ہے۔ سرکاری عمارتوں میں قومی آزادی کے دن کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
بچوں کی خوشی بھی اس دن پر قابل دید ہوتی ہے اگست کی شروعات سے ہی تیاریوں کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔ نئے بیجز کے خریداری کی جاتی ہے اور ملک پاکستان کا جھنڈا سینے پر لگا کر فخر سے چھاتی چوڑی کر کے گھوما جاتا ہے۔ گلی، محلوں اور گھروں کو جھنڈیوں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا جاتا ہے۔ غرض یہ کہ آزادی کے دن سبز رنگ کی بہار سی آئی ہوتی ہے تمام قوم فرقوں، گروہوں اور مذاہب سے بالاتر ہو کر آزادی کی خوشیاں مناتی ہے۔
آزادی کی تقریبات کے دوران کچھ انتشار پسند لوگ یہ اعتراض اٹھاتے ہیں کہ ان تقریبات پر عوام کا اتنا پیسہ اور وقت کیوں ضائع کیا جاتا ہے۔ ان لوگوں کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ مشہور قول ہے ”جو قومیں تاریخ کو بھلا دیتی ہیں، تاریخ ان قوموں کو بھلا دیتی ہے“ ۔ آزادی کا یہ دن ان تمام افراد کی یاد دلاتا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے جن لوگوں نے اس قوم اور وطن عزیز پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں دیں اور آزادی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔ آزادی کی تقریبات کے حوالے سے پاکستان، واحد ریاست نہیں جو اپنی آزادی جوش و خروش سے مناتی ہے تمام زندہ قومیں اپنے آزادی کے دن کی تقریبات کو جوش و خروش سے مناتی ہیں اور اس میں کوئی مضائقہ خیز بات نہیں۔
آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی اور ملکی حالات
14 اگست 2022 کو پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منائی جائے گی۔ اس حوالے سے وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کے تعاون سے قومی نغموں کے حوالے سے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ قومی نغموں کے مقابلے کے انعقاد کی بنیادی وجہ قوم میں شعور کو اجاگر کرنا، قیام پاکستان اور آزادی کے حوالے سے پیغامات کو پوری قوم تک آسانی سے پہنچانا ہے۔
موجودہ صورتحال میں پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہیں جہاں ملک میں سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی سے صورتحال ہے۔ وہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے رونما ہونے کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں لوگوں کو سیلاب کی وجہ سے تباہ حالی کا سامنا ہے۔ ان متاثرین کو اس وقت امداد کی انتہائی ضرورت ہے اور آزادی کا دن ان مرجھائے ہوئے چہروں پر خوشی لے کر آئے گا۔
پاک فوج ہمیشہ سے اپنی قوم کی متواتر اور بلا تفریق مدد کرنے میں مشغول رہی ہے۔ پاکستان فوج نے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے بلوچستان میں تاحال امدادی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں پاکستان فوج کے 6 افسران اور جوان اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ آزادی کی ان تقریبات میں پوری قوم اپنے تمام محافظوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ سیاسی نظریات کو الگ رکھتے ہوئے اپنی فوج سے محبت کی ہے۔ کیونکہ قوم اپنے اصل محافظوں کو جانتی ہے اور ان سے ہمیشہ محبت کرتی ہے۔
اللہ تعالی پاکستان اور پاکستانی قوم کو ہمیشہ دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور تمام دشمنوں کو نیست و نابود فرمائے۔
پاکستان زندہ باد۔
- گندھارا تہذیب کا قدیم ورثہ اور پاکستان - 17/10/2022
- سوات کا امن اور خارجی سازشیں - 14/10/2022
- عمرانی فتنہ اور سائفر کہانی - 02/10/2022
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).