فیصل آباد میں لڑکی کو گھر سے اغوا کر کے جوتے چٹوانے اور سیکس ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کا مقدمہ


تصاویر بشکریہ سی پی او عمر سعید ملک کا ٹویٹر اکاؤنٹ

گزشتہ دنوں سول میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک لڑکی کو چند لوگ جوتے چاٹنے پر مجبور کرتے دکھائی دیے۔ لڑکی کے بال اور بھنویں بھی کاٹے گئے۔ ویڈیو پر شدید عوامی ردعمل آیا۔ فیصل آباد پولیس نے بی ڈی ایس فائنل ائیر کی طالبہ لڑکی خدیجہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقدمے کی درخواست الزام علیہان نمبر ایک شیخ دانش علی، دو شیخ انا دختر شیخ دانش علی، تین فیضان، چار شعیب، پانچ خان محمد، چھے ماہم کے خلاف دی گئی ہے۔ درخواست اور درج شدہ ایف آئی آر کے مطابق شیخ دانش اور انا شیخ باپ بیٹی بتائے گئے ہیں، ماہم ان کی ملازمہ اور بقیہ ان کے گارڈ۔ مقدمے کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سائلہ بی ڈی ایس فائنل ایئر کی سٹوڈنٹ ہے اور اپنی بوڑھی والدہ کے ساتھ مقیم ہے۔ اس کا ایک بھائی آسٹریلیا اور دوسرا انگلینڈ میں رہائش پذیر ہے۔ انا شیخ متاثرہ لڑکی خدیجہ کی سکول میں جونئیر کلاس فیلو تھی اور ان کی دوستی تھی اور ان کا کبھِ کبھار گھر آنا جانا تھا۔ سہیلی کے باپ شیخ دانش نے خدیجہ میں دلچسپی لینا شروع کی اور رشتے کا پیغام بھیجوایا۔ سائلہ خدیجہ نے انکار کیا تو انا شیخ نے ٹیلی فون پر خدیجہ کو شادی کے لیے مجبور کرنا شروع کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ خدیجہ نے خوفزدہ ہو کر قطع تعلق کر لیا۔

مورخہ 9 اگست کو خدیجہ کا بھائی حسن انگلینڈ سے آیا ہوا تھا اور اس کے دو دوست بھی گھر میں موجود تھے۔ ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں گھسے اور مار پیٹ شروع کر دی۔ شیخ دانش اور شیخ انا نے خدیجہ کے بیڈ روم میں گھس کر اس کے دو موبائل فون، اور سیف میں موجود رقم اور زیورات چھین لیے اور اس کی تضحیک کرتے رہے۔

اس کے بعد وہ خدیجہ اور اس کے بھائی کو اپنے ویگو ڈالے میں اغوا کر کے اپنے گھر لے گئے، ان سے مار پیٹ کی اور خدیجہ کو جوتے چاٹنے پر مجبور کیا۔ شیخ انا اور ماہم نے شیخ دانش کے کہنے پر خدیجہ کے سر کے بال اور دائیں طرف سے بھنویں مونڈ دیں اور ان سب کاموں کی ویڈیو بنا کر اس کو وائرل کیا۔

اس کے بعد شیخ دانش خدیجہ کو ایک کمرے میں لے گیا اور اس کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی جس سے وہ نیم برہنہ ہو گئی۔ شیخ دانش اس کے ساتھ اورل سیکس کرتا رہا اور ویڈیو بناتا رہا۔ اس کے بعد اس نے خدیجہ کو شادی کرنے کا کہا اور دھمکی دی کہ انکار کی صورت میں وہ اسے مزید ذلیل و رسوا کرے گا۔ اس نے خدیجہ کو کہا کہ اپنے گھر والوں کو بتا دو کہ میری ویڈیوز شیخ دانش کے پاس ہیں اور اگر اسے دس لاکھ روپے نہ دیے گئے تو وہ اسے دوبارہ اغوا کر لیں گے۔ اس کے بعد ملزمان نے موبائل زیورات اور نقدی اپنے پاس رکھ کر بہن بھائی کو چھوڑ دیا۔

سٹی پولیس افسر عمر سعید ملک نے اس پر فوراً ایکشن لیتے ہوئے چھے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور اس کیس کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ “فیصل آباد پولیس نے دو گھنٹے کے اندر اندر تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا جو ایک خاتون پر تشدد میں ملوث تھے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور ہم خواتین کے حقوق کے لیے کھڑے ہیں”۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو کڑی سزا دلوائی جائے گی۔

مرکزی ملزم شیخ دانش کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ وہ ایک بااثر شخص ہیں اور بیسٹ ایکسپورٹ نامی کمپنی کے مالک ہیں۔ بیس ایکسپورٹ لمیٹڈ کے لنکڈ ان پروفائل اور ویب سائٹ کے مطابق ایک ہی چھت کے نیچے ان کی 600 سے زیادہ لومز ہیں اور ان کے پاس 300 سے زیادہ سٹچنگ مشینیں ہیں۔

میڈیا کے مطابق شیخ دانش نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ میں نے تشدد نہیں کیا، جب میری بیوی کو میرے شادی کے ارادے کے بارے میں علم ہوا تو اس نے یہ تشدد کیا۔

 

“فیصل آباد پولیس نے خاتون پر تشدد اور تذلیل کرنے والے خاتون ملزمہ سمیت چھ ملزمان کو کل ہی گرفتار کر لیا تھا۔ سی پی او فیصل آباد نے اس کیس کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم تعینات کی ہے۔ اس افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو کڑی سزا دلوائی جائیگی۔” پنجاب پولیس آفیشل


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments