ایشیا کپ: ’انڈیا پاکستان کے کرکٹرز دوست ہو سکتے ہیں تو مداح کیوں نہیں؟‘


روایتی حریف انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں اتوار کو ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی اور یہ ہائی وولٹیج میچ جہاں کھلاڑیوں کے اعصاب کو آزمائے گا وہیں دونوں ممالک کے پرستاروں کے لیے بھی ایسے لمحات کے امکانات ہیں کہ جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہو۔

یہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایشیا کپ میں 15 بار مدِمقابل آ چکی ہیں جن میں انڈیا نے آٹھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور پاکستان کو پانچ میچز میں کامیابی ملی ہے جبکہ دو میچز بے نتیجہ ثابت ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر دونوں ٹیموں کے پرستاروں کے درمیان کسی بھی میچ سے پہلے ہی ٹاکرا شروع ہو جاتا ہے۔ اگرچہ ایک روزہ میچز میں پاکستان کا مجموعی طور پر غلبہ رہا ہے لیکن گذشتہ ایک دہائی میں انڈیا حاوی رہا ہے اور گذشتہ تین ایک روزہ میچز میں اسے ہی کامیابی ملی ہے جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جیت حاصل کر کے مباحثے کا رخ بدل دیا تھا۔

بہر حال انڈیا اور پاکستان کے کھلاڑیوں نے ماضی میں آپسی دوستی کی مثالیں پیش کی ہیں جس کے بعد حالیہ ایشیا کپ سے قبل سوشل میڈیا پر بھی اس طرح کی باتیں نظر آ رہی ہیں کہ جب حریف کرکٹر دوست ہو سکتے ہیں تو پھر دونوں ٹیموں کے مداح دوست کیوں نہیں ہو سکتے۔

سوشل میڈیا پر اس قسم کی کئی ویڈیوز وائرل ہیں جس میں انڈیا اور پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے سے دوستانہ انداز میں ملتے نظر آتے ہیں۔

یہی نہیں آج تک ٹی وی کے سپورٹس پریزینٹر نے انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما کی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستانی فینز ان سے ملنا چاہتے تھے تو روہت گراؤنڈ سے نکل کر ان سے ملنے گئے۔

https://twitter.com/vikrantgupta73/status/1563221940835581954

نوین ترپاٹھی نامی ایک صارف نے روہت کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا: ‘۔۔۔ امید کہ انڈیا اور پاکستان جلد ہی اپنے مسائل سلجھا لیں گے تاکہ ہمیں انڈیا اور پاکستان کے زیادہ میچز دیکھنے کو ملیں۔۔۔’

https://twitter.com/tripathi18nave4/status/1563376309689995265

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی اور وراٹ کوہلی اور پھر شاہین شاہ آفریدی اور انڈین سپنر یوجویندر چہل اور بیٹس مین رشبھ پنت کی مختصر ملاقات کی ویڈیوز ڈالی ہیں جس پر لوگ اپنے اپنے انداز میں تبصرے کر رہے ہیں۔

سمبا 100 نامی ایک صارف نے لکھا: ’یہ نفرتیں پھیلانے والوں کے لیے طمانچہ ہے۔ دیکھیں یہ آپس میں کس طرح مل رہے ہیں۔ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عزت کرتا ہوں اور بدلے میں پاکستانی مداحوں سے بھی یہی امید کرتا ہوں۔‘

سویڈن کی اپسلا یونیورسٹی میں پیس ایند کنفلکٹ کے پروفیسر اشوک سوائیں نے پی سی بی کی ایک ویڈیو جس میں بہت سے پاکستانی اور انڈین کھلاڑی آپس میں مل رہے ہیں کو شیئر کرتے ہوئے لکھا:

’اگر انڈیا اور پاکستان کے کرکٹرز دوست ہو سکتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ لطف اندوز ہو سکتے ہیں تو ان کے مداح کم از کم ایک دوسرے کے ساتھ شائسہ تو ہو ہی سکتے ہیں۔‘

https://twitter.com/ashoswai/status/1563132541174890497

ان کے اس ٹویٹ کو 10 ہزار سے زیادہ لوگوں نے پسند کیا ہے جبکہ ڈیڑھ ہزار سے زیادہ صارفین نے ری ٹویٹ کیا ہے۔

ماضی میں عمران خان اور سنیل گاوسکر کی دوستی اور ظہیر عباس اور انڈین کرکٹرز کے دوستانہ مراسم رہے ہیں۔ اس کے بعد انڈیا میں وسیم اکرم، وقار یونس، شاہد آفریدی جیسے کھلاڑیوں کے بہت سے مداح نظر آئے ہیں جبکہ بعض کھلاڑیوں کے درمیان نوک جھونک بھی رہی ہے جن میں گوتم گمبھیر اور شاہد آفریدی کے درمیان بیان بازیاں شامل ہیں۔

بہر حال لاس اینجلس ٹائمز کے فوٹوگرافر عرفان خان نے لکھا کہ ’کھیل ایسی تمام رکاوٹیں ہٹا دیتا ہے اور دلوں کو جوڑ دیتا ہے۔‘

سپورٹس کمینٹیٹر عاطف نواز نے روہت شرما کے ساتھ اپنی تصویر ٹویٹ کی ہے اور لکھا ہے روہت شرما نے انھیں رواں سال بہت وقت دیا اور ‘وہ انڈین کرکٹ کے عظیم سفیر ہیں۔‘

بہت سے صارفین نے انڈیا اور پاکستان کی دوستی کے درمیان سیاست اور میڈیا کی روش کو حائل قرار دیا ہے لیکن مجموعی طور پر ان کا کہنا ہے کہ دونوں جانب کے لوگ ملنسار ہیں۔

بابر اور روہت

شاہین شاہ آفریدی کے لیے نیک خواہشات

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاؤں کی انجری کے سبب ایشیا کپ نہیں کھیل سکیں گے۔

ایک ویڈیو میں وہ زخمی ٹانگوں پر بریسز لگائے میدان کے باہر بیٹھے ہیں۔ ان کے ہاتھ میں موبائل فون ہے اور وہ ہاتھ اٹھا کر ایک کھلاڑی کا استقبال کرتے ہیں۔

یہ انڈین سپنر یوجویندر چہل ہیں۔ چہل ان کے قریب آتے ہیں تو شاہین گھٹنے کے تسمے پہنے ہوئے، سہارا لے کر اٹھتے ہیں اور دونوں مصافحہ کرتے ہیں۔

پھر دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کی خیریت پوچھتے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں میں بظاہر کافی گرمجوشی ہے۔ چہل نے ان سے ان کی چوٹ کے بارے میں پوچھا۔

شاہین بتاتے ہیں کہ انجری کیسے ہوئی اور انھیں ٹھیک ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔ پھر وہ کہتے ہیں کہ وہ آنے والے ورلڈ کپ میں کھیل سکیں گے۔

پھر شاہین چہل کی خیریت پوچھتے ہیں۔ دونوں کھلاڑی ایک بار پھر ہاتھ اور کندھے ہلا کر ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور چہل رخصت ہوتے ہیں۔

کوہلی سے ملاقات

شاہین خود کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں کہ اسی دوران انڈیا کے سٹار کھلاڑی وراٹ کوہلی کچھ فاصلے پر نظر آتے ہیں۔

کوہلی نے اپنے کان میں بلوٹوتھ ایئر بڈز لگا رکھا ہے۔ وہ آگے بڑھ کر شاہین سے مصافحہ کرتے ہیں اور پھر بات کرتے ہوئے اپنے دائیں کان کا ایئر بڈ نکالتے ہیں۔

دونوں کھلاڑی ایک دوسرے سے اتنا مسکرا کر بات کر رہے ہیں کہ ویڈیو میں میوزک بلند ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم کے پیغام پر کوہلی کی دعائیں

پاکستان انڈیا کرکٹ مقابلوں کا جنون جس میں صحافی بھی مبتلا ہو جاتے ہیں

ایشیا کپ: ‘فیصلہ پاکستان کا مڈل آرڈر ہی کرے گا’

فاسٹ میوزک میں یہ تو نہیں معلوم کہ کوہلی اور شاہین کے درمیان کیا ہوا لیکن اس اشارے سے معلوم ہوتا ہے کہ کوہلی ان کی انجری کے بارے میں پوچھ رہے ہیں۔

دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔ سپورٹس مین شپ کی بہترین مثال پیش کی جا رہی ہے۔ پھر کوہلی ہاتھ ہلاتے ہوئے ‘ٹیک کیئر’ کہتے ہیں اور آگے بڑھ جاتے ہیں۔

رشبھ پنت سے ملاقات

ویڈیو میں فلیش چمکتا ہے اور پھر شاہین شاہ آفریدی انڈیا کے ابھرتے ہوئے جارحانہ بلے باز اور وکٹ کیپر رشبھ پنت کے سامنے نظر آ رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑی مصافحہ کرتے ہیں۔

پھر شاہین کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے ‘یار میں سوچ رہا ہوں کہ تمہاری طرح بیٹنگ شروع کر دوں۔ ایک ہاتھ سے چھکے ماروں۔‘

اس پر پنت کہتے ہیں: ‘تیز گیند باز کو کوشش کرنی پڑتی ہے، سر!’

پھر پنت نے ان کی صحت یابی کے بارے میں پوچھا۔ شاہین کا کہنا ہے کہ ابھی پانچ ہفتے لگیں گے۔

پھر وہ پنت کو میچ کے لیے گڈ لک کہتے ہیں اور یہ بھی کہ وہ میچ دیکھنے آئیں گے۔ پھر دونوں کھلاڑی ہاتھ ملا کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔

تھوڑی دور چلنے کے بعد شاہین کی ملاقات انڈین ٹیم کے نائب کپتان کے ایل راہول سے ہوتی ہے۔ وہ انھیں اپنی انجری کے بارے میں بھی بتاتے ہیں اور یہ بھی کہ وہ ورلڈ کپ میں کھیل سکیں گے۔

اس پر بہت سے صارفین نے لکھا ہے کہ رشبھ کے ساتھ باتیں انھیں زیادہ مزیدار لگيں۔

بہر حال انڈیا اور پاکستان کے صارفین میں جہاں مقابلہ نظر آتا ہے وہیں ان میں شکوہ شکایت بھی دیکھے جا سکتے ہیں لیکن ایک خواہش دونوں جانب موجود ہے کہ کرکٹ کے زیادہ میچز ہونے چاہیے۔

اس سے قبل سنہ 2018 کے ایشیا کپ میں انڈیا اور پاکستان کے دو مداحوں محمد بشیر اور سدھیر کمار کی دوستی کی کہانی سامنے آئی تھی جنھیں جگہ جگہ اپنی اپنی ٹیم کی سپورٹ میں میدان میں دیکھا جاتا رہا ہے۔ ممحد بشیر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ انھوں نے کس طرح سدھیر کے ٹکٹ کا خرچ اٹھایا تھا۔

ان دونوں کی ملاقات سنہ 2011 کے ورلڈ کپ میں ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32491 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments